Inquilab Logo Happiest Places to Work

جونپور: اٹالہ مسجد اور محمد حسن پی جی کالج کو بم سے اڑانے کی دھمکی

Updated: March 09, 2020, 2:22 PM IST | Haji Ziauddin | Jaunpur

یہاں شہر کوتوالی حلقہ میں اس وقت افرا تفری کا ماحول پید ا ہو گیا جب ایک نامعلوم شخص نے ڈائل ۱۱۲؍ پر پولیس کو فون کرکے بتایا کہ شاہی اٹالہ مسجد اور محمد حسن پی جی کالج کو بم سے اڑادیا جائے گا۔

atala mosque jaunpur - Pic : Inquilab
جونپور کی تاریخی شاہی اٹالہ مسجد ۔ تصویر : انقلاب

یہاں شہر کوتوالی حلقہ میں اس وقت افرا تفری کا ماحول پید ا ہو گیا جب ایک نامعلوم شخص نے ڈائل ۱۱۲؍ پر پولیس کو فون کرکے بتایا کہ شاہی اٹالہ مسجد اور محمد حسن پی جی کالج کو بم  سے اڑادیا جائے گا۔ فون پر دھمکی ملتے ہی  پولیس سرگرم ہوگئی ۔ اس نے فوری طور پر دونوں مقامات شاہی اٹالہ مسجد اور کالج میں کثیر تعداد میں فورس اور ڈاگ اسکواڈ ٹیم کے ساتھ پہنچ کر باریک بینی کے ساتھ تفتیشی مہم چلا  ئی اور دھمکی دینے والے شخص کی تلاش میں مصروف ہو گئی۔ موقع پر بم نہ ملنے سے پولیس نے راحت کی سانس لی  جبکہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آئی جی زون  بنارس اور پولیس سپرنٹنڈنٹ  نے پولیس فورس کے ساتھ دونوں مقامات کا معائنہ کر کے پولیس کو ضروری ہدایت دی ہے۔ احتیاط کے طور پر دونوں مقامات پر پولیس فورس  مامور کر دی گئی۔  اطلاع کے مطابق  جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب شر پسندوں نے ڈائل ۱۱۲؍ نمبر پر فون کر کے اطلاع دی کہ شاہی اٹالہ مسجد اور محمد حسن کالج کو بم  سے اڑا دیا جائے گا۔  فوری طور پر ضلع کے کنٹرول روم کو  اس کی اطلاع دی گئی۔  یہ خبر عام ہوتے  ہی اعلیٰ افسران حرکت میں آگئے۔ آئی جی زون مینا بھی ضلع کے تھانوں کے جائزہ کے لئے آئے ہوئے تھے۔ انہوںنے افسران کو اس معاملے میں سنجیدگی  کا مظاہرہ کرنےکا حکم دیا۔ فارنسک محکمہ ڈاگ اسکواڈ ٹیم اور پولیس فورس نے دونوں مقامات پر کالج کے تمام درجات، کمروں، باتھ روم، اسٹور روم ، گملوں  اورسامان وغیرہ کی تفتیش کی لیکن کچھ بھی مشتبہ نہیں مل سکا۔ موقع پر فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی پہنچ گئی تھی۔ 
  اس ضمن میں آئی جی زون نے بتایا کہ فون پر کسی نے شاہی اٹالہ مسجد اور محمد حسن کالج کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی ہے۔ پولیس نے سنجیدگی کا مظاہرہ کر تے ہوئے فارنسک ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ ٹیم کے ساتھ پہنچ کر باریک بینی سے تلاشی لی ہے لیکن بم وغیرہ نہیں ملا ہے۔ کسی نے غلط اطلاع دے کرپولیس کو گمراہ کیا ہے۔ پولیس سرولانس کے ذریعہ فون کر نے والے شخص کو تلاش کر رہی ہے۔ دھمکی کے بعد ایک  اور فون آیا تھا جس پر پولیس نے فون کیا تو مذکورہ شخص نے پولیس سے بد تمیزی کی اور بعد میں فون بند ہو گیا۔ جلد ہی ملزم پولیس کی گرفت میں ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK