Inquilab Logo

جیو کی اجارہ داری برقرار ،۴؍ سال میں ۴۰؍ کروڑ صارفین وابستہ

Updated: August 01, 2020, 3:06 AM IST | New Delhi

بھارتی ایئرٹیل اور ووڈا فون۔آئیڈیا کو مات دے کر پہلے مقام پر اور اب اس کا اگلا ہدف۲۰۲۴ء تک اپنے صارفین کی تعداد ۵۰؍ کروڑ کرنا ہے۔

Mukesh Ambani Photo: INN
مکیش امبانی۔ تصویر: آئی این این

 ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی کے۲۰۲۴ء تک پچاس کروڑ صارفین کے ہدف کی سمت میں ایک قدم بڑھاتے ہوئے۲۱۔۲۰۲۰ء کی پہلی سہ ماہی میں عالمی وباکووڈ۱۹؍کی وجہ سے نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن کے باوجود جیو ایک کروڑ صارفین جوڑ کر۴۰؍ کروڑ کے قریب پہنچ گئی ہے ۔ اپریل جون سہ ماہی کے دوران خالص۹۹؍ لاکھ نئے صارفین جوڑے اور مجموعی صارفین۳۹؍ کروڑ۸۳؍ لاکھ تک پہنچ گئے۔ صرف ۴؍ سال قبل موبائل شعبے میں قدم رکھنے والی جیو اس شعبے کی بڑی کمپنیوں کو بھارتی ایرٹیل اور ووڈا ۔آئیڈیا کو مات دے کر پہلے مقام پر ہے اور اب اس کا اگلا ہدف۲۰۲۴ء تک اپنے صارفین کی تعداد ۵۰؍ کروڑ کرنا ہے۔
  جیو کا تخمینہ لگا یا جائے تو اس نے اوسطا یومیہ۳۰؍ لاکھ صارفین کو جوڑ کر ۴؍ سال سے کم عرصے میں ۴۰؍ کروڑ صارفین اپنے ساتھ جوڑے ۔ امبانی نے کمپنی کی اس کامیابی پر کہا ’’ ہندوستانی اسٹارٹ اپس اور دنیا کی معروف ٹکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کر کے جیو پلیٹ فارم اب ڈیجیٹل کاروبار کی اگلی ہائپر گروتھ کیلئے تیار ہے۔ ہماری ترقی کی حکمت عملی تمام۱۳۰؍کروڑ ہندوستانیوں کی ضروریات کو پور ا کرنے سے بنی ہے ۔ ہماری ساری توجہ ہندوستان کو ڈیجیٹل معاشرے میں تبدیل کرنے پر مرکوز ہے۔‘‘ مکیش امبانی نے گزشتہ۱۵؍جولائی کو ریلائنس کی ۴۳؍ ویں عام میٹنگ میں اعلان کیا تھا کہ کمپنی ہندوستانی مارکیٹ میں سستے اسمارٹ فون لائے گی اور اس کا مقصد۳۵؍ کروڑ جیو صارفین کو۴؍ جی اور۵؍ جی خدمات کے تحت لانا ہے۔ کمپنی کا ارادہ ہے کہ اگلے سال ملک میں ۵؍ جی خدمات شروع کر دی جائےاور اس کے لئے تمام تر تیاریاں تقریبا ًمکمل ہوچکی ہیں اور حکومت کی ہری جھنڈی کا انتظار ہے۔
  جہاں سستی اور بہتر خدمات دستیاب کرانے کے لئےسخت مسابقت کے دوران دیگر کمپنیوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ، ریلائنس جیو کے منافع میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات کو مالی برس۲۱۔۲۰۲۰ء کی پہلی سہ ماہی میں ریلائنس جیو کا خالص منافع اسی عرصے کے۸۹۱؍ کروڑ روپے کے مقا بلے میں ۱۸۲ء۸؍ فیصد اضافے سے بڑی چھلانگ لگا کر۲،۵۲۰؍ کروڑ روپے پہنچ گیا۔ یہی نہیں جیو کے منافع میں مسلسل گیارہویں سہ ماہی میں اضافہ ہوا ہے اور اس کی اہم وجہ نئے صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ اور قرض سے نجات کے بعد مالیات لاگت کم ہونا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ چند ماہ پہلے تک نمبر ایک پر رہی بھارتی ایئرٹیل کو اس دوران۱۵۹۳۳؍ کروڑ کا بڑا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔
  جیو کی زیرجائزہ سہ ماہی میں آپریٹنگ آمدنی ۱۲۳۸۳؍کروڑ روپے سے۳۳ء۷؍فیصد بڑھ کر۱۶۵۵۷؍ کروڑ روپے ہوگئی۔ اس عرصے کے دوران جیو کا سود ٹیکس کی ادائیگی اور قرض کی ادائیگی کے اخراجات۷۲۸۱؍کروڑ کی ریکارڈ سطح پر پہنچے جو پچھلے سال کے مقابلے میں ۵۵ء۴؍ فیصد سے زائد ہیں ۔ 
  واضح رہے کہ مکیش امبانی کی ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ ۱۳؍کھرب روپے سے زیادہ کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کے ساتھ ملک کی پہلی کمپنی بننے کے بعد اب عالمی سطح پر ۵۰؍ اہم ترین کمپنیوں میں شامل ہوگئی ہے۔اسٹاک مارکیٹ کے اعدادوشمار کے مطابق عالمی سطح پر تیل اور ٹیلی کام سیکٹر میں خدمات انجام دینے والی’ آر آئی ایل‘سب سے ویلیوڈ کمپنیوں کی فہرست میں ۴۸؍پائیدان نمبر پر پہنچ گئی ہے ۔
 اس فہرست میں سعودیکمپنی ’آرامکو‘ سر فہرست ہے جس کا کل مارکیٹ کیپ ۱ء۷؍لاکھ کروڑ ڈالر ہے ۔ اس کے بعد ایپل انک ، مائیکرو سافٹ ، ا میزون انک اور الفابیٹ جیسی ٹاپ کمپنیوں کے نام شامل ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK