Inquilab Logo

جو بائیڈن نے ڈونالڈ ٹرمپ کو عہدہ صدر کیلئے بوڑھا اور ذہنی طورپر نا اہل قراردیا

Updated: March 19, 2024, 10:53 AM IST | Agency | Washington

امریکی صدر نے کہا ’’ ٹرمپ روس کے آگے جھکتے ہیں لیکن میں نہیں جھکوں گا۔ ‘‘

US President Joe Biden. Photo: INN
امریکی صدر جو بائیڈن ۔ تصویر : آئی این این

امریکی صدر جو بائیڈن نے سالانہ میڈیا ڈنر تقریب میں ڈونالڈ ٹرمپ اور خود اپنی عمر پرخوشگوار ولہجہ میں تنقید کی اور اس کے بعد نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کیلئے اپنے حریف یعنی ڈونالڈ ٹرمپ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی خبر کے مطابق۸۱؍ سالہ ڈیموکریٹ لیڈر نے واشنگٹن گرڈیرون کلب میں طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایک امیدوار صدر بننے کیلئے بہت بوڑھا اور ذہنی طور پر نااہل ہے، دوسرا امیدوار میں ہوں۔ ڈیموکریٹ جو بائیڈن بطور صدر امریکی میڈیا اور سیاسی شخصیات کے سالانہ ’وہائٹ ٹائی گالا‘ میں اپنی پہلی تقریر کر رہے تھے۔ اس پروگرام سے ریپبلکن سابق صدر ٹرمپ نے ۲۰۱۸ء میں خطاب کیا تھا۔ 
 جو بائیڈن متعدد انتخابی سرویز میں پیچھے نظر آ رہے ہیں اور انہیں اپنی عمر کے بارے میں ووٹروں کے خدشات کا سامنا ہے، ان خدشات کو دور کرنے کیلئے انہوں نے۷۷؍سالہ ڈونالڈ ٹرمپ کی زبان پھسلنے کے واقعات کا حوالہ دیا۔ جو بائیڈن نے کانگریس میں ریپبلکن کی جانب سے ان کے بیٹے کے کاروباری معاملات پر مواخذہ کی تحقیقات شروع کرنے پر تنقید کی اور کہا کہ وہ مواخذہ میں ناکام رہیں گے۔ 
 امریکی صدر نے کہا کہ ’’جمہوریت اور آزادی واقعی حملے کی زد میں ہیں، روسی صدر یورپ کی جانب بڑھ رہے ہیں جبکہ میرا پیش رو اس کے آگے جھکتا ہے اور کہتا ہے جو مرضی کرو۔ ہم روس کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ ‘‘جو بائیڈن نے مزید کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ کے ۲۰۲۰ء کے انتخابات جیتنے کے جھوٹے دعوؤں اور۶؍جنوری۲۰۲۱ء ٹرمپ کے حامی فسادیوں کے کیپٹل حملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری جمہوریت کی رگوں میں زہر گھولا جا رہا تھا۔ انہوں نے ان صحافیوں کی بھی حمایت کرتے ہوئے جن پر ڈونالڈ ٹرمپ نے بارہا حملہ کیا، کہا کہ آپ عوام کے دشمن نہیں ہیں، آپ آزاد معاشرے کے ستون ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK