بامبے ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل کی جانب سے سرکیولر جاری کیا گیا اورسبھی ججوں کو اس پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دی گئی۔
EPAPER
Updated: April 19, 2026, 11:15 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
بامبے ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل کی جانب سے سرکیولر جاری کیا گیا اورسبھی ججوں کو اس پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دی گئی۔
بامبے ہائی کورٹ نے سنیچر، ۱۸؍ اپریل کو تمام عدالتوں کیلئے ہدایت جاری کی ہے کہ جس دن کوئی حکم جاری کیا جاتا ہے اسی دن اس کی کاپی ’کیس انفارمیشن سسٹم‘ (سی آئی ایس) پر اپ لوڈ کردی جائیں تاکہ متعلقہ افراد کو اسی دن حکم کی کاپی مل سکے۔ عام طور پر نچلی عدالتوں کے فیصلے اور اکثر ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی کئی روز کے بعد اپ لوڈ کی جاتی ہے جس کہ وجہ متعلقہ افراد کو آگے کی قانونی کارروائی میں پریشانی ہوتی ہے۔
اس سرکیولر کا مقصد نظام عدلیہ میں مزید شفافیت لانا اور روزانہ کے کام کاج کو مزید موثر انداز سے انجام دینا بتایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: لبیک کی صداؤں کے ساتھ عازمین حج کا پہلا قافلہ سوئے حرم روانہ
بامبے ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل سوپنل سی کھاٹی کے ذریعہ جاری کردہ سرکیولر میں مہاراشٹر اور گوا میں واقع تمام عدالتوں کے ججوں اور متعلقہ عہدیداران کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے تمام احکام اور فیصلوں کی کاپیوں کو اسی دن سی آئی ایس سسٹم پر بھیج دیں جس دن یہ حکم جاری کئے گئے ہیں۔یہ سرکیولر تمام سیشن کورٹ کے پرنسپل جج کو بھیجے گئے ہیں اور انہیں اس سرکیولر کو دیگر ججوں تک پہنچانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
اس سرکیولر پر سختی سے عملدرآمد کی نگرانی کیلئے تمام ججوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ماہانہ سرٹیفکیٹ جمع کرائیں تاکہ تصدیق ہوسکے کہ انہوں نے حکم جاری کرنے والے دن ہی انہیں اپ لوڈ کردیا تھا۔ ججوں کو وارننگ دی گئی ہے کہ وہ جو سرٹیفکیٹ جمع کریں گے اس میں اور حقیقت حال میں کوئی تضاد پایا گیا تو انہیں معطل کردیا جائے گا۔انہیں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایک مرتبہ وہ کسی کیس پر فیصلہ سنا دیں تو اس کے بعد اس کی فائل اپنے پاس نہ رکھیں۔واضح رہے کہ اس سرکلر پر عملدرآمد سے عدالتی کام کاج میں تیزی آنے کی توقع ہے۔