۲؍جہازوں میں ۸۰۴؍ عازمین روانہ ہوئے، ایئرپورٹ پر عازمین کااستقبال کیا گیا،پہلے ہی دن نُسُک کارڈ کی تقسیم کے وقت بدنظمی سے عازمین کو پریشانی مگر حج کمیٹی نے اسے تجربہ قرار دیا ،۲۰؍مئی کو ممبئی سے آخری پرواز ہوگی۔
EPAPER
Updated: April 19, 2026, 10:47 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
۲؍جہازوں میں ۸۰۴؍ عازمین روانہ ہوئے، ایئرپورٹ پر عازمین کااستقبال کیا گیا،پہلے ہی دن نُسُک کارڈ کی تقسیم کے وقت بدنظمی سے عازمین کو پریشانی مگر حج کمیٹی نے اسے تجربہ قرار دیا ،۲۰؍مئی کو ممبئی سے آخری پرواز ہوگی۔
’لبیک اللہم لبیک‘ کی صداؤں کے ساتھ عازمین ِ حج کا پہلا قافلہ ۱۸؍ اپریل بروز سنیچر سرزمین مقدسہ روانہ ہوا۔ پہلے دن ۲ ؍ جہازوں میں ۸۰۴؍ عازمین روانہ ہوئے۔ پہلا جہازصبح ۶؍بجکر ۲۵؍ منٹ پر جبکہ دوسرا جہاز ۷؍ بجکر۲۵؍منٹ پر روانہ ہوا۔ممبئی ایئرپورٹ پر عازمین کااستقبال کیا گیا اور ان سے دعاؤں کی خصوصی درخواست کی گئی۔ا یئرپورٹ پر پارکنگ زون پی ۹؍ میں عازمین کے لئے شامیانہ لگایاگیا ہے،یہیں بہت سے عازمین احرام وغیرہ باندھتے اورآرام کرتے ہیں۔پہلے جہازمیں روانہ ہونے والے عازمین کوجمعہ کی شب میں ۱۱؍بجےکے بعد حج ہاؤس سےایئرپورٹ بذریعہ بس لایا گیا۔ اس بس کوسی ای اوشاہنواز سی اور دیگر افسران کے ذریعے ہری جھنڈی دکھائی گئی۔
یہ پہلا موقع ہے جب ممبئی سے بھی پہلے ہی مرحلے میں عازمین کی پروازیں شروع کی گئی ہیں ورنہ ہمیشہ اخیر مرحلے میں ممبئی سے عازمین روانہ کئےجاتے تھے۔پہلےمرحلے میں ۴؍مئی تک روانہ ہونے والے تمام عازمین مدینہ طیبہ جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں یعنی۵؍مئی سے روانہ ہونے والے عازمین جدہ جائیں گے۔اسی طرح عازمین حج کا آخری قافلہ ممبئی سے ۲۰؍مئی کو روانہ ہوگا، یہ ملکی سطح پربھی آخری پرواز ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی و مشرقی مضافات میں ۸؍ دنوں تک ۵؍ فیصد پانی کٹوتی
عازمین اوراہل خانہ کی آمد سے ایئرپورٹ کا منظر بدل گیا
عازمین ِ حج کی روانگی کا آغاز ہوتے ہی ایئرپورٹ کا منظر بدل گیا۔ احرام کی چادریں اوڑھے عازمین اور انہیں الوداع کہنے آئے اہل خانہ کی بڑی تعداد میں موجودگی کے سبب کافی خوشنما منظر تھا۔ حج بیت اللہ کی سعادت سے سرفراز ہونےوالوں سے اہل خانہ اور اعزہ دعاؤں کی درخواست کررہے تھے، کچھ ان کی پیشانی کو بوسہ دے رہے تھے تو بہت سے عازمین اوراہل خانہ کی آنکھیں فرط ِجذبات میں نم تھیں جبکہ کچھ بزرگ عازمین اپنوں کے سروں پردست شفقت پھیر رہے تھے۔ اس طرح آخری جہازروانہ ہوتے تک سہارانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایسا ہی منظررہے گا۔
نُسُک کارڈ کی تقسیم کے ساتھ بدنظمی مگراسے تجربہ قرار دیا گیا
پہلے جہازسے روانہ ہونے والے عازمین کو نُسُک کارڈ (سعودی عرب میں حج سے متعلق معلومات پرمبنی )کی تقسیم کے لئے بڑامسئلہ ہوا۔ عازمین کو رات میں ۱۱؍بجے نُسُک کارڈ دینے کی اطلاع دی گئی تھی مگر سعودی عملہ تاخیر سے پہنچا،دوسرے وہاں نیٹ ورک کا مسئلہ تھا۔پارکنگ زون پی ۹؍میں لایا گیا، یہاں کسی طر ح نیٹ ورک کا مسئلہ حل ہوا توقطار سے ایک ایک عازم کوکارڈ دے کر ان کا فوٹو لیا گیا اور کارڈ چالو کیا گیا۔ تاخیر ہوجانے کے سبب تقریباً تین بجے تک عازمین کا سامان وغیرہ نہیں پیک کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ایئرپورٹ عملہ باربار اصرار کررہا تھا کہ بہت تاخیر ہورہی ہے، فلائٹ روانہ ہونے میں دیر ہوسکتی ہے۔حالانکہ حج کمیٹی آف انڈیا کہنا ہے کہ نُسُک کارڈ کی ممبئی ایئرپورٹ پرتقسیم تجربے کے طور پر کی جارہی ہےکسی اور امبارکیشن پوائنٹ پریہ نظم نہیں کیا گیا ہے،دیگر مراکز سے جانے والے عازمین کوسعودی عرب پہنچنے پردیا جائے گا۔ اسی لئے پہلے دن کچھ مسئلہ درپیش ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سحرشیخ کا کارپوریٹر کا عہدہ خطرے میں، والد کا اوبی سی سرٹیفکیٹ فرضی !
عازمین کی خدمت کرنے والے گروپس سرگرم
لبیک نام کی تنظیم کے ذمہ دار حاجی محمدابراہیم عرف بھائی جان اوراسٹاف، حج پلگرمس سوشل ورکرس گروپ، سہارائے خادم الحجاج،خدمت حجاج کمیٹی اور آل انڈیا حج سوشل ورکرس کا عملہ عازمین کی خدمت میں سرگرداں نظرآیا۔یہ برسوں سے خدمات انجام دے رہے ہیں مگر گزشتہ چند برسوں سے ان کے ساتھ امتیازبرتا جارہا ہے اور انہیں ایئرپورٹ کے اندر جانے کےلئے پاس جاری نہیں کیاجارہا ہےجبکہ پہلے پابندی سے دیا جاتا تھا۔اس میں کچھ ایسے بھی خدمت کرنے والے ہیں جو ۵۰؍برس سے محض رضائےالٰہی کے لئےیہ کارِخیر انجام دے رہے ہیں۔ ان کی وجہ سے عازمین کوکافی مدد ملتی ہے۔