Inquilab Logo

جسٹس مشرا نے عمر خالد کی درخواست ضمانت پرخود کو سماعت سے علاحدہ کرلیا

Updated: August 10, 2023, 9:22 AM IST | New Delhi

کوئی وجہ نہیں بتائی ، بنچ کے دوسرے جج جسٹس بوپنا نے کہا کہ معاملے کو کسی دیگر بنچ کے سامنے لسٹ کیا جائے ، سماعت ۱۷؍ اگست تک ملتوی

Former student leader of JNU Umar Khalid
جے این یو کے سابق طلبہ لیڈر عمر خالد

 سپریم کورٹ کے جج جسٹس پرشانت کمار مشرا نے  دہلی فسادات کی مبینہ سازش سے متعلق یو اے پی اے کیس میں جے این یو کے سابق طلبہ لیڈر عمر خالد کی درخواست ضمانت پر سماعت سے خود کو علاحدہ کر لیا۔ دہلی ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی عرضی جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس پرشانت کمار مشرا پر مشتمل بنچ کے سامنے سماعت کے  لئے پیش کی گئی جس پر جسٹس بوپنا نے ابتدا میں جسٹس مشرا کے انکار کی کوئی وجہ بتائے بغیر کہا کہ یہ معاملہ کسی اور بنچ کے سامنے  پیش کیا جائے۔ میرے ساتھی جسٹس مشرا کو اس معاملے سماعت کرنے میںدقت ہے۔حالانکہ جسٹس مشرا نے سماعت سے خود کو علاحدہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی جس کے بعد معاملے کی سماعت ۱۷؍ اگست تک ملتوی کردی گئی ۔اس سے قبل دہلی پولیس کی طرف سے پیش ہوئے ایڈوکیٹ رجت نائر نے بنچ کو بتایا کہ انہوں نے جوابی حلف نامہ داخل کیا ہے لیکن سپریم کورٹ رجسٹری نے اس پر اعتراض کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیانات کے کچھ حصے ہیں جو ہم نے نکالے ہیں اور وہ حصہ ہندی زبان میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمر خالد کا  بیان خود ہندی زبان میں ہے۔ نائر نے کہا کہ وہ اس کیس میں دائر چارج شیٹ کا متعلقہ حصہ بھی داخل کرنا چاہتے ہیں۔ 
 اس معاملے کی سماعت ۱۷؍اگست کو مقرر کرتے ہوئے بنچ نے کہا کہ جوابی حلف نامہ ریکارڈ پر لیا جائے۔بنچ نے کہا کہ بنچ کی اس ساخت میں معاملہ نہیں اٹھایا جا سکتا، لہٰذا اسے ۱۷؍ اگست کے  لئے لسٹ کردیں۔ یاد رہے کہ ۱۲؍جولائی کو دہلی پولیس نے عمرخالد کی عرضی پر جواب دینے کے  لئے وقت مانگا تھا۔ عمرخالد کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل نے تب کہا تھا کہ ضمانت کے معاملے میں کون سا جواب داخل کیا جانا ہے!  یہ صرف معاملے کوبلاوجہ طول دینے کی کوشش  ہے۔ میرے موکل دو سال اور ۱۰؍ماہ سے جیل میں قید ہیں۔ اس سے قبل عدالت عظمیٰ نے ۱۸؍مئی کو ضمانت سے انکار کرنے کے ہائی کورٹ کے حکم چیلنج کرنے والی عمر خالد کی درخواست پر دہلی پولیس سے جواب طلب کیا تھا۔ تب سے اب تک معاملہ پر سماعت نہیں ہو سکی ہے جبکہ دہلی ہائی کورٹ نے گزشتہ سال اکتوبر میں عمر خالد کی ضمانت کی درخواست مسترد کی تھی ۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK