راشن گھوٹالہ کیس میں ای ڈی کا دعویٰ،ایجنسی کے مطابق ان کمپنیوں کے ذریعے۱۲؍ کروڑ کا لین دین ہوا۔
EPAPER
Updated: November 19, 2023, 8:17 AM IST | Agency | Kolkata
راشن گھوٹالہ کیس میں ای ڈی کا دعویٰ،ایجنسی کے مطابق ان کمپنیوں کے ذریعے۱۲؍ کروڑ کا لین دین ہوا۔
ای ڈی کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ راشن گھوٹالے کی جانچ کے دوران اسے تفصیلات حاصل ہوئی ہیں کہ سابق وزیر خوراک اور وزیر جنگلات جیوتی پریہ ملک نے نہ صرف اپنی بیوی اور بیٹی بلکہ اپنی بھابھی اور ساس کا بھی راشن کرپشن کی رقم دوسرے شعبوں میں لگانے کیلئے استعمال کیا ہے۔ای ڈی نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ جیوتی پریہ ملک نے راشن تقسیم گھوٹالہ کیس میں غیر قانونی طریقوں سے حاصل کی گئی رقم کو جائز بنانے کیلئے ایک بوگس کمپنی کھولی تھی۔ جیوتی پریہ ملک کے قریبی اور مل کے مالک بقی الرحمان جسے ای ڈی نے گرفتار کیا تھا ، وہ بھی ان کمپنیوں سے وابستہ تھا۔
ای ڈی کے مطابق ان کمپنیوں کے ذریعے بدعنوانی کا پیسہ بنیادی طور پر دوسرے شعبوں میں لگایا گیا تھا یا شیئرز کا کاروبار کیا گیا تھا۔ تحقیقاتی ایجنسی کے ذرائع کے مطابق وزیر کی بیٹی اور اہلیہ ایسی تین کمپنیوں میں مختلف اوقات میں ڈائریکٹرز تھیں۔ ای ڈی ذرائع کے مطابق جیوتی پریہ کے بہنوئی اور ساس بھی ان تینوں کمپنیوں میں مختلف اوقات میں ڈائریکٹر رہ چکے ہیں۔
ای ڈی نے پہلے عدالت میں دعویٰ کیا تھا کہ جیوتی پریہ کے حکم پر ان کی بیوی اور بیٹی کو تین کمپنیوں کے ڈائریکٹر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ ای ڈی کا دعویٰ ہے کہ جیوتی پریہ نے پوچھ تاچھ کے دوران اس بات کا اعتراف کیا۔ تاہم، جیوتی پریہ نے ان تینوں کمپنیوں کو چلانے کا اعتراف نہیں کیا ہے۔ تاہم تحقیقاتی ایجنسی کے ذرائع کے مطابق جیوتی پریہ کی بیوی اور بیٹی نے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ وزیر کے کہنے پر ان کمپنیوں کے ڈائریکٹر بنے۔ای ڈی ذرائع کے مطابق، تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ان کمپنیوں کے ذریعہ تقریباً۱۲؍ کروڑ روپے کا غیر قانونی لین دین ہوا۔