Inquilab Logo

کابل ایک بار پھر دھماکوں سے دہل اٹھا

Updated: November 29, 2020, 8:29 AM IST | Agency | Kabul

افغانستان کا دارلحکومت کابل رواں ماہ میں تیسری بار دھماکوں سے گونج اُٹھا، اس بار دو الگ الگ مقامات پر دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ایک نیوز ایجنسی کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے سنے گئے، دونوں دھماکے الگ الگ مقامات پر ہوئے تاہم یہ دونوں مقامات ایک دوسرے سے بالکل قریب ہونے کی وجہ سے دھماکوں کی آواز سے دونوں علاقوں میں بیک وقت خوف و ہراس پھیل گیا۔

Blast in Kabul
کابل میں ایک اور دھماکہ

 پہلے دھماکے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس سے کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور کار میں سوار چاروں افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا جہاں چاروں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔دوسرا دھماکہ ایک مرکزی شاہراہ پر ہوا جس میں ۳؍ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ دھماکوں کے بعد  یہاںبھگدڑ  مچ گئی جس میںکے باعث درجنوں افراد زخمی ہوگئے اور کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ علاقے کے دو بڑے اسپتالوں میں ۱۲؍ سے زائد راہگیروں کو زخمی حالت میں لایا گیا ہے۔کابل پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں دھماکے بارودی سرنگ کے تھے جسے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے اُڑایا گیا  تھاتاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ حملے کا ہدف کون لوگ تھے۔ تاحال کسی گروپ نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔واضح رہے کہ کابل میں رواں ماہ میں ہونے والا یہ تیسرا بڑا دھماکہ ہے۔ ادھر  دوحہ میں طالبان اور افغان حکومت کی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان  جاری مذاکرات میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی مداخلت کے باوجود تاحال کوئی پیش رفت  نہیں ہوسکی ہے اور کابل میں پُرتشدد واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے۔  واضح رہے کہ طالبان کے علاوہ افغانستا ن  میں داعش بھی سرگرم ہے ۔ اس سے پہلے کابل یونیورسٹی پر ہوئے حملے اور کابل شہر میں ڈرون حملوں کی ذمہ داری داعش ہی نے لی تھی۔ ماہرین کے مطابق داعش کا کام یہاں دھماکوں کے ذریعے  مذاکرات کو ناکام بنانا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK