Inquilab Logo

کلوا: اے سی لوکل ٹرینوں کیخلاف مسافروں کا ریل روکوآندولن

Updated: August 20, 2022, 8:56 AM IST | Mumbai

جمعہ ۱۹؍ اگست سے ۱۰؍عام لوکل ٹرین سروسیز کو اے سی ٹرین میں بدلاگیا ہے جس سے مسافرسخت ناراض ہیں ۔اسی لئے اے سی خدمات کی شروعات کے پہلے ہی دن جمعہ کی صبح کلوا ریلوے اسٹیشن پر مسافروں نے اے سی لوکل ٹرین خدمات کے خلاف احتجاج کیا۔

Angry passengers blocking AC train at Kilwa railway station.
کلوا ریلوے اسٹیشن پرناراض مسافر اے سی ٹرین کو روکتے ہوئے۔ (تصویر:سدیش دیسائی)

: جمعہ ۱۹؍ اگست سے  ۱۰؍عام لوکل ٹرین سروسیز کو اے سی ٹرین میں بدلاگیا ہے جس  سے مسافرسخت ناراض ہیں ۔اسی لئے اے سی خدمات کی شروعات کے پہلے ہی دن جمعہ کی صبح کلوا ریلوے اسٹیشن پر مسافروں نے اے سی لوکل ٹرین خدمات کے خلاف احتجاج کیا۔  مسافر اس قدر مشتعل ہو گئے کہ انہوں نے اے سی لوکل کو کچھ دیر کیلئے روک  دیا۔ آخر کار آر پی ایف اور جی آر پی کو بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔  مظاہرین کو ہٹانے  کے بعد لوکل ٹرین سروس بحال ہوئی۔  پولیس نے ۷؍ مظاہرین کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
  ریل روکوآندولن کرنے والے مظاہرین کا کہنا ہے کہ  پانچویں اور چھٹی ریلوےلائن شروع ہونے کے بعد بھی کلوا کے مسافروں کو کوئی راحت نہیںملی ہے  بلکہ آفس کے اوقات میں جس طرح تھانے سے ممبئی سی ایس ایم ٹی کیلئے لوکل ٹرین روانہ کی جاتی ہے، اسی طرح کلوا  سے ممبئی کیلئے کوئی ٹرین روانہ نہیں کی جاتی ہے۔ اسی لئے تھانے سے ممبئی سی ایس ایم ٹی کیلئے روانہ ہونے والی جو لوکل ٹرین کلوا کارشیڈ سے روانہ ہوتی ہے ،اس میں کئی مقامی مسافرسوار ہو جاتے تھے لیکن جمعہ سے اس لوکل ٹرین کو اے سی ٹرین میں تبدیل کر دیا گیاہے جس کے سبب کلوا کے مسافر اس میں کارشیڈ سے سوار ہونے سے محروم ہوگئے ہیں  ۔اسی لئے ریل روکواحتجاج کیاگیا۔
 ایک مسافر نے کہاکہ’’جو لوگ امیر اور مہنگا کرایہ ادا کرسکتے ہیں،ریلوے ان پر مہربان  ہےاور ان کیلئے لوکل ٹرین خدمات میں اضافہ کر رہا ہے لیکن جو لوگ غریب ہے اور  جنرل ٹکٹ اور پاس پر سفر کرتے ہیں ، ان پر وہ ظلم کر رہا ہے۔ اے سی لوکل  خدمات میں اضافے سے ایک عام ٹرین  کے مسافروں کی تعداد بڑھ جاتی ہے جس کی وجہ سے انہیں  دروازے پر لٹک کر سفر کرنا پڑتا ہےجس سے ان کا ٹرین سےگرجانے کاخطرہ رہتا ہے۔ اسی لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ کلوا سے ممبئی سی ایس ایم ٹی کیلئے نان اے سی ٹرین شروع کی جائے اور کلوا سے ممبئی کیلئے عام سیمی فاسٹ لوکل ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ۔
 واضح رہے کہ سینٹر ل ریلوے میںمین، ہاربر اور ٹرانس ہاربر لائن کی مجموعی ۱۸۱۰؍خدمات ہیں۔ انہی میں سے  ۱۰؍سروسیز کو ۱۹؍ اگست سے اے سی میں تبدیل کیا گیا ہےجس میں صبح کے وقت کلوا کارشیڈ  سے روانہ ہونے والی لوکل ٹرین سروس بھی شامل ہیں۔کلوا کے مسافروں  نے اس سے قبل بھی کلوا تا ممبئی  سیمی فاسٹ لوکل ٹرین سروسیز میں اضافہ کرنے اور کلوا سے ممبئی لوکل ٹرین شروع کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
 ۱۰؍ اے سی ٹرینوں کے روانگی کے اوقات
 تھانے- سی ایس ایم ٹی ۸؍بجکر ۲۰؍ منٹ ، سی ایس ایم ٹی - بدلا پور ۹؍بجکر ۹؍ منٹ ، بدلاپور- سی ایس ایم ٹی ۱۰؍بجکر ۴۲؍منٹ ۔سی ایس ایم ٹی - کلیان ۱۲؍بجکر ۲۵؍منٹ ، کلیان- سی ایس ایم ٹی ایک بجکر۳۶؍منٹ ،  سی ایس ایم ٹی -بدلا پور شام  ۵؍بجکر ۲۲؍منٹ ،  بدلاپور- سی ایس ایم ٹی ۶؍بجکر ۵۵؍ منٹ   اورسی ایس ایم ٹی- تھانے رات   ۸؍ بجکر ۳۰؍منٹ ۔  یہ تمام اے سی سروسیز تیز رفتار ہوں گی جبکہ سی ایس ایم ٹی اورتھانے کے درمیان سہ  پہر ۳؍بجکر ۲؍منٹ پر اور تھانے -سی ایس ایم ٹی ۴؍بجکر ۱۲؍منٹ پرروانہ ہونے والی دونوں سروسیز دھیمی  رفتار والی ہوں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK