Inquilab Logo

کلیان: ایرولی-کٹائی بریج کے تعمیراتی کام میں تیزی

Updated: August 06, 2022, 8:56 AM IST | Mumbai

میٹروپولیٹن کمشنر کے مطابق ۵۳؍ تا ۷۵؍ فیصد کام مکمل ہوگیا ہے ، پروجیکٹ کی ڈیڈلائن دسمبر ہے، اس پل کی تعمیر سے کلیان- ڈومبیولی سے نوی ممبئی کےدرمیان فاصلہ ۷؍کلومیٹر کم ہوجائے گا اور موٹرسواروں کا وقت بھی بچے گا

The construction work of Katai Naka-Aeroli Bridge is being done vigorously. This will provide relief to the motorists in the future.
کٹائی ناکہ -ایرولی بریج کی تعمیر کا کام زوروشور سے کیا جارہا ہے ۔اس سے آئندہ گاڑی والوں کو راحت ملے گی۔ (تصویر: سمیرمارکنڈے)

یہاںسے قریب کٹائی ناکہ اور ایسٹرن ا یکسپریس ہائی وے سے سفر کرنے والے گاڑی والوں کیلئے یہ خوشخبری ہے کہ ایرولی-کٹائی ناکہ ایلیویٹڈ روڈ کے دوسرے مرحلے کا ۵۰؍ فیصد سے زیادہ کام مکمل ہوگیا ہے  ا ور بقیہ تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔  زمین کی سطح سے اوپر بنائے جانے والی اس سڑک کی تعمیر سے کلیان-ڈومبیولی اور نوی ممبئی کے درمیان کا فیصلہ ۷؍ کلومیٹر کم ہوجائے اور گاڑی والوں کا ۱۵؍ منٹ بچے گا جبکہ ابھی یہ فاصلہ طے کرنے کیلئے ۳۵؍ تا ۴۵؍ منٹ لگتے ہیں۔  اس بریج کا دوسرا حصہ تھانے- بیلاپور ہائی وے جوکٹائی ناکہ کے قریب ہے ، کو بعد میں جوڑا جائے گا۔ اس پورے پروجیکٹ کی تکمیل کی ڈیڈ لائن اسی سال دسمبر ہے۔
 اس بارے میں میٹروپولیٹن کمشنر ایس وی آر سرینیواس نے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’کٹائی ناکہ اور ایرولی کے درمیان ایلیویٹڈ روڈ کا کام تیزی سے جاری ہے اور ۵۳؍ تا ۷۵؍ فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ اس پروجیکٹ کی وجہ سےکلیان- ڈومبیولی اور نوی ممبئی کے درمیان کا فاصلہ ۷؍ کلومیٹر کم ہوجائے گا اور سفر کا وقت بھی ۱۵؍ منٹ  بچے گا۔ اس سے  ٹریفک جام کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔‘‘
 واضح رہے کہ فی الحال نوی ممبئی کے علاقے ایرولی اورکلیان کے قریب کٹائی ناکہ کے درمیان موجودہ سڑک سے سفر کرنے پر ۳۵؍ تا ۴۵؍ منٹ لگتا ہے  جبکہ مصروف اوقات میں اور زیادہ وقت صرف ہوتاہے۔
 ایرولی-کٹائی ناکہ بریج کے دوسرے مرحلے کا کام نومبر ۲۰۱۸ء میں شروع ہوا تھا جس پر ۲۷۵ء۹۰؍ کروڑ روپے کی لاگت ا آئی ہے اوراسے مکمل کرنے کی تاریخ امسال دسمبر طے کی گئی ہے۔  اس ایلیویٹڈ بریج کی لمبائی ۲۷۴۲ء۲۸؍ میٹر اور چوڑائی ۲۴ء۲۰؍  میٹر ہے۔اس پل کا ۶؍لین  والا مین وایاڈکٹ  (پل جیسا ڈھانچہ) ہوگا جس کے  ۲؍ علاحدہ وایاڈکٹ ریمپ ہوں گے  جن کی ۳؍ لین ہوںگی جن سےگاڑیاں اوپرنیچے آجاسکیں گی ۔ اسے موجودہ ایرولی-ملنڈ بریج پر ایرولی کی جانب جوڑا جائے گا۔کٹائی ناکہ کے قریب تھانے-بیلاپور شاہراہ پر مذکورہ پل کا دوسرا حصہ بعد میں ا س پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کے حصے سے جوڑدیا جائے گا۔ 
 یاد رہے کہ مذکورہ پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ ایم آئی ڈی سی انڈسٹریل ایریا سے گزرے گا اور ایک سرنگ کے ساتھ پارسک ہل کو  پار کرے گا اورممبرا کے قریب انٹرچینج کے ساتھ نیشنل ہائی وے -۴؍ کو عبور کرے گا۔

kalyan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK