Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان : مشہور مراٹھی ڈرامہ کا ہاؤس فل شو شہر کے ٹریفک جام سے تاخیرکا شکار

Updated: August 03, 2026, 1:03 PM IST | Ejaz Abduilghani | Kalyan

اہم فنکار ٹریفک میں پھنسے۔شائقین کو طویل انتظارکرنا پڑا۔ ڈرامہ آدھا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا ۔ ڈرامہ ہال میں کینٹین نہ ہونے سے شائقین کو پریشانی۔

Drama House.Photo:INN
ڈرامہ ہاؤس۔ تصویر:آئی این این
شہر میں بڑھتے  ٹریفک جام کے مسئلے نے اب شہر کی ثقافتی سرگرمیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لینا شروع کر دیا ہے۔ اتوار کی شام اچاریہ اترے ناٹیہ مندر  میں پیش کئے جانے والے  مراٹھی کے مشہور ڈرامے’آل دی بیسٹ‘ کا ہاؤس فل شو شہر کی ابتر ٹریفک صورتحال کی نذر ہوگیا۔ اہم فنکاروں کے ٹریفک میں پھنس جانے کے باعث شو طے شدہ وقت سے پورے آدھا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا جس کی وجہ سے ڈرامہ دیکھنے آئے سیکڑوں شائقین کو طویل انتظار کی زحمت اٹھانی پڑی۔
 
 
شو کے اختتام پر فنکاروں نے خود اسٹیج سے شائقین سے معذرت کی اور ٹریفک کے اس سنگین مسئلے پر اپنی گہری تشویش اور برہمی کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کا دن ہونے کے باعث کلیان کی تمام اہم  سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں اور شدید جام دیکھنے کو ملا۔اسی ٹریفک جام میں مراٹھی ڈرامے کے فنکاروں کی گاڑیاں بھی گھنٹوں پھنسی رہیں جس کے نتیجے میں وہ مقررہ وقت پر ڈرامہ ہال نہ پہنچ سکے۔اگرچہ ڈرامے کو شائقین کی جانب سے بے حد پذیرائی ملی اور پورا ہال کھچا کھچ بھرا ہوا تھا لیکن چاریہ اترے ناٹیہ مندر کے احاطے یا اس کے پاس  کینٹین کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے انتظار کا یہ وقت شائقین کیلئے انتہائی تکلیف دہ ثابت ہوا۔پانی، چائے اور ہلکے پھلکے ناشتے کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے بالخصوص معمر شہریوں نیز چھوٹے بچوں کے ساتھ آنے والے خاندانوں اور دور دراز علاقوں سے سفر کرکے پہنچنے والے شائقین کو سخت پریشانی اٹھانی پڑی جس پر انہوں نے میونسپل انتظامیہ کی غفلت کے خلاف شدید ناراضگی ظاہرکی۔
 
 
اس واقعہ نے نہ صرف شہر کے ناقص ٹریفک نظام کا پول کھول دیا ہے بلکہ ڈرامہ ہال جیسے اہم ثقافتی مرکز میں بنیادی سہولیات کے عدم موجودگی پر بھی سنگین سوالات کھڑے کر دیئے ۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK