Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: پرانی عمارت کا سلیب گرا،۶؍ افراد ہلاک

Updated: May 20, 2025, 11:27 PM IST | Mumbai

کلیان مشرق میں ایک ۴؍ منزلہ پرانی عمارت کا سلیب منہدم ہونے سے ۶؍افراد کی جان چلی گئی جس میں ایک معصوم بچی بھی شامل ہے جبکہ ۶ ؍افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

Six people were killed and six others injured in the tragic accident.
دلخراش حادثہ میں ۶؍افراد ہلاک ہوئے جبکہ ۶؍زخمی بھی ہوئے ہیں

کلیان مشرق  میں ایک ۴؍ منزلہ پرانی عمارت کا سلیب منہدم  ہونے سے ۶؍افراد کی جان چلی گئی  جس میں ایک معصوم بچی بھی شامل ہے جبکہ ۶ ؍افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ عمارت کے ایک فلیٹ میں درستگی کا کام شروع تھا۔ متاثرہ عمارت میں ۵۲؍ افراد رہائش پذیر تھے۔خبر لکھے جانے تک تھانے  ڈیزاسٹر  ریسپانس فورس ( ٹی ڈی آر ایف) کی ٹیم، کلیان فائربریگیڈ کا عملہ اور کولسے واڑی پولیس کے اہلکار راحت کے کاموں میں مصروف تھے۔ کلیان فائربریگیڈ کے مطابق ملبہ میں مزید لوگوں کے دبے ہونے کا امکان ہے۔
 منگل کی دوپہر ۲ بجکر ۵۵؍ منٹ پر کلیان مشرق کے چکنی پاڑہ میں سپت شرنگی نام کی ۴؍ منزلہ عمارت کے دوسرے منزلے کا سلیب گراؤنڈ فلور پر گر گیا۔اس حادثہ میں پامیلا ساہو(۵۸)، نامسووی شیلار(۲)،سنتا ساہو (۳۷)،سجاتا پاڑی( ۳۲)شیل گجر(۷۸) اور وینکٹ چوہان(۳۲) کی موت ہوگئی ہے جبکہ وینائک پاڑی(۴)،شارویل شیلار(۴)،ارونا گرنارائن، یش شرساگر(۱۳) اور شردا ساہو(۱۴) زخمی ہوگئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ۴؍ منزلہ عمارت کی دوسری منزل پر درستگی کا کام جاری تھا کہ اچانک سلیب منہدم ہونے سے زور دار آواز آئی جس سے اطراف کے لوگ خوف کے مارے گھر کےباہرنکل گئے۔اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم جائے وقوعہ پرپہنچ گئی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔اس دوران  ملبہ سے ۴؍سالہ  بچے کو بحفاظت باہرنکالا گیا۔ٹی ڈی آر ایف کے جوانوں نے ملبہ کے نیچے دبی ہوئے ۶ لاشیں نکالی اور زخمیوں کو  قریب کے اسپتال میں داخل کیا۔بتایا جارہا ہے کہ میونسپل انتظامیہ نے متاثرہ عمارت کو نوٹس جاری کیا تھا۔حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد میونسپل کمشنر ابھینو گوئل، مقامی رکن اسمبلی سلبھا گائیکواڑ، ایڈیشنل میونسپل کمشنر ہرشل گائیکواڑ اور دیگر میونسپل افسران سمیت کولسے واڑی پولیس اسٹیشن کے اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر پہنچے۔اس حادثہ سے شہر میں ایک بار پھر خطرناک اور انتہائی خطرناک عمارتوں کا مسئلہ اٹھ کھڑا ہوا ہے۔مانسون سے قبل شہری انتظامیہ خطرناک عمارتوں کو نوٹس دے کر بری الذمہ ہوجاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK