مسافروں کو شدید دشواریوں کا سامنا،لوکل ٹرینوں کے علاوہ ایکسپریس ٹرینیں بھی متاثرہوئیں۔
EPAPER
Updated: September 14, 2026, 11:11 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Bhiwandi
مسافروں کو شدید دشواریوں کا سامنا،لوکل ٹرینوں کے علاوہ ایکسپریس ٹرینیں بھی متاثرہوئیں۔
اتوار کی دوپہر تقریباً ڈھائی بجے کلیان ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ۲؍ کے اوپر سے گزرنے والا اوور ہیڈ وائر اچانک ٹوٹ کر گر گیا۔اس حادثے کے فوراً بعد کسارا جانے والی ڈاؤن لائن پر ٹرینوں کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی۔ ڈومبیولی سے کسارا کی سمت روانہ ہونے والی لوکل ٹرین سروس مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گئی جس کے باعث مصروف اوقات میں سفر کرنے والے مسافروں کو زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور کلیان اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک اور ۲؍ پر مسافروں کا ایک غیر معمولی ہجوم جمع ہو گیا۔
یہ بھی پڑھئے: جیا بچن سے موازنہ میرے لیے اعزاز ہے: تاپسی پنو
اس تکنیکی خرابی کا اثر نہ صرف مضافاتی لوکل ٹرینوں پر پڑا بلکہ طویل فاصلے کی کئی ایکسپریس ٹرینیں بھی اس کی زد میں آ گئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوےانتظامیہ حرکت میں آگیا اور تکنیکی ٹیموں نے جنگی بنیادوں پر بحالی کا کام شروع کر دیا۔ مرمتی کارروائی کے دوران حفاظتی تدابیر کے پیشِ نظر پلیٹ فارم نمبر ۳، ۴ ؍اور ۵؍ کی پاور سپلائی عارضی طور پر منقطع کر دی گئی جس سے ریلوے کا پورا ٹائم ٹیبل الٹ پلٹ ہو گیا۔
یہ بھی پڑھئے: سہارنپور مسجد کی شہادت پریوگی حکومت کو نوٹس
تقریبا ڈیڑھ گھنٹے کی مشقت کے بعد متاثر روٹ کی سروس بحال ہوسکی۔ دوسری جانب اس تعطل کے باعث لوکل اور ایکسپریس ٹرینیں تقریباً ۴۵؍ منٹ تاخیر کا شکار رہیں۔تاہم مسافروں کی دشواریوں کو کم کرنے کے لئے ہنگامی اقدام کے طور پر کچھ ٹرینوں کو متبادل پلیٹ فارم نمبر ۶ ؍اور ۷؍ کی جانب موڑکر چلایا گیا۔ ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ تکنیکی عملے کی انتھک محنت کے بعد خرابی دور کرکے ٹریک پر ٹریفک کو معمول لایا گیا۔خوش قسمتی سے ٹرین میں زیادہ بھیڑ نہیں تھی اور نہ ہی اوور ہیڈ وائر ٹوٹ کر گرنے سے کسی کو کوئی نقصان پہنچا۔اتوار کی وجہ سے ڈبے میں مسافر کم تھے اس لئے کسی قسم کی کوئی افرا تفری نہیں ہوئی۔