• Tue, 24 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کانپور: ۱۰؍ ہزار کلو ایکسپائری کھجور ضبط، تاریخ بدلنے کا الزام

Updated: February 23, 2026, 7:01 PM IST | Kanpur

اتر پردیش کے کانپور میں فوڈ ڈپارٹمنٹ نے تقریباً ۱۰؍ ہزار کلو کھجور ضبط کی ہیں جن کی میعاد ۲۰۲۲ء میں ختم ہو چکی تھی۔ حکام کے مطابق پیکٹوں پر ۲۰۲۶ء کی نئی ایکسپائری اسٹیکرز چسپاں کر کے انہیں مارکیٹ میں فروخت کرنے کی تیاری کی جا رہی تھی۔

Police team inspecting dates. Photo: X
پولیس کی ٹیم کھجوروںکا معائنہ کرتے ہوئے۔ تصویر: ایکس

کانپور کے علاقے نوبستہ میں ایک گودام پر کارروائی کی گئی ہے جو رجنیش ٹریڈرس سے منسوب بتایا جا رہا ہے۔ یہاں سے فوڈ ڈپارٹمنٹ نے تقریباً ۱۰؍ ہزار کلو کھجوریں ضبط کی، جن کی مالیت ۵۰؍ لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ ابتدائی جانچ میں انکشاف ہوا کہ ان کھجوروں کی اصل میعاد ۲۰۲۲ء میں ختم ہو چکی تھی، تاہم پیکٹوں پر ۲۰۲۶ء کی نئی ایکسپائری تاریخ کے اسٹیکرز لگائے جا رہے تھے۔

لیبارٹری جانچ اور گرفتاری
رپورٹس کے مطابق فوڈ سیفٹی حکام نے ۹؍ نمونے لیبارٹری ٹیسٹنگ کے لیے بھیج دیے ہیں تاکہ معیار اور صحت کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔ ایک ملزم کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر لیبارٹری رپورٹ میں خلاف ورزی ثابت ہوئی تو متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔

عوامی صحت کا معاملہ
ماہرین کے مطابق میعاد ختم خوراک کو نئی تاریخ لگا کر فروخت کرنا نہ صرف دھوکہ دہی ہے بلکہ عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ بھی بن سکتا ہے۔ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کے تحت ایسی سرگرمیوں پر بھاری جرمانے اور قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
فوڈ ڈپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ گودام کے ریکارڈ اور سپلائی چین کی بھی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ آیا ایسی مصنوعات پہلے ہی مارکیٹ میں فروخت کی جا چکی ہیں یا نہیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خریداری کے دوران مصنوعات کی میعاد ضرور چیک کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع دیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK