حکمراں جماعت کے لیڈر قبرستانوں پر قبضہ کرنے میں سب سے آگے،کانپورسے ملحق کئی علاقوں کے قبرستان کی بیش قیمتی زمینوں پر قبضہ کی شکایت ملنے کے بعدقاضی شہر حافظ عبدالقدوس ہادی نے ا ن کے تحفظ کا بیڑا اٹھایا ، افسران سے ملاقات کی
EPAPER
Updated: February 04, 2021, 11:49 AM IST | AbdulHaleem | kanpur
حکمراں جماعت کے لیڈر قبرستانوں پر قبضہ کرنے میں سب سے آگے،کانپورسے ملحق کئی علاقوں کے قبرستان کی بیش قیمتی زمینوں پر قبضہ کی شکایت ملنے کے بعدقاضی شہر حافظ عبدالقدوس ہادی نے ا ن کے تحفظ کا بیڑا اٹھایا ، افسران سے ملاقات کی
اتر پر دیش کے ضلع کانپورسے ملحق علاقوں میں واقع قبرستانوں کی بیش قیمتی زمینوں پر اراضی مافیا قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ قبرستانوںکی زمینوں پر قبضہ کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اراضی مافیا بی جے پی کا چولا پہننے کیساتھ برسراقتدار پارٹی کے کسی رکن اسمبلی یا بڑے لیڈر کے رابطے میں بھی ہیں۔ اس طرح انہیں غیر قانونی کاموں میں حوصلہ مل رہا ہےاور یوگی حکومت کی شبیہ بھی داغدار ہورہی ہے۔ گزشتہ چند مہینوں میں شہر کے اطراف میں واقع قبرستانوں کی درجنوں ایکڑ زمینوں پر اراضی مافیائوں نے ناجائز قبضے کئے ہیں جن میں ا کثر کا تعلق بی جے پی کے بڑے لیڈروںسے ہونے کاا نکشاف ہوا ہے۔ گھاٹم پور میں موسیٰ نگر مغل روڈ پر قبرستان کی اراضی پر بی جے پی لیڈر نے اپنے حامیوں کی مدد سے تعمیراتی کام شروع کرادیا۔ قبرستان کے تحفظ کیلئے سرگرم نوجوان گلفام نے زمین کے دستاویز کے ساتھ اعلیٰ افسران سے ملاقات کر کے انصاف کی فریاد کی لیکن لاکھ کوشش کے باوجود انصاف نہ ملنے اور بی جے پی لیڈر کے ذریعہ تعمیراتی کام شروع کرانے سے اس قدرمایوس ہوا کہ اس نے اپنی بیوی اور معصوم بچوں کیساتھ پولیس کے سامنے پیٹرول ڈال کر خود کوآگ کے حوالے کر دیا جس میں نوجوان، اس کی بیوی اور بچے بری طرح جھلس گئے جنہیں سنگین حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ، دوران علاج گلفام کی دوبٹیوں کی موت ہوگئی۔ نوجوان کی خود سوزی کے بعد اعلیٰ افسربیدار ہوئے ۔معاملے کی منصفانہ جانچ اور قبضہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا یقین دلایا ۔ اسی طرح ارما پور اسٹیٹ میں قبرستان کی ۳۲؍ ایکڑ اراضی پر اراضی مافیائوں کی نیت خراب ہونے کی شکایت پر قاضی شہر حافظ عبدالقدوس ہادی نے اعلیٰ افسران سے رابطہ کیا جس پر اعلیٰ افسران نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قبرستان کی زمین کا ہر حال میں تحفظ کا یقین دلایا۔
قاضی شہر حافظ عبدالقدوس ہادی نے بتایا کہ شہر کے آس پاس کئی قبرستانوں کی زمین پر اراضی مافیائوں کی نیت خراب ہونے اور ناجائز قبضے کی کوشش کی شکایات مسلسل موصول ہورہی ہیں۔ چند مہینے قبل رمئی پور میں قبرستان کی ۱۲ ؍ ایکڑ زمین پر ایک بی جے پی لیڈر کی طرف سے قبضے کی شکایت ملی ۔ اس لیڈر کے اثر و رسوخ کا یہ عالم ہے کہ مقامی پولیس نے آس پاس کے گائوں میں اعلان کرا دیا کہ قبرستان کی طرف کوئی نظر نہیں آئے گا ۔ اس کے بعد بی جے پی لیڈر نے قبرستان کی زمین پر تعمیراتی کام شروع کرادیا۔ اس کی شکایت قاضی شہر تک تو انہوں نے اس گائوں کے باشندوں سے رابطہ کرکے ضروری کاغذات کیساتھ بلایا اور کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کے بعد قبرستان کی اس زمین کا اسٹے لے کر تحفظ کیلئے اقدامات شروع کئے ۔
قاضی شہر نے عامۃ المسلمین بالخصوص قبرستان، مساجد اور آثار قدیمہ وغیرہ اراضی کی دیکھ بھال کرنے والوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اپنے دستاویزات مکمل رکھیں۔ اگر کہیں کوئی غیر قانونی طریقے سے قبضے کی کوشش کرتا ہے تو ان سے کسی بھی وقت رابطہ کرکے اس کی اطلاع دیں۔ اگر کسی کے دستاویزات مکمل نہیں ہیں تو کسی لاپروائی کا شکار ہونے کے بجائے پہلی فرصت میں اپنے دستاویزات مکمل کرائیں۔
قاضی شہر نے مزید کہا کہ اگر کسی کے دستاویز نامکمل ہوں یاا س میں کوئی خامی ہواور اسے درست کرانے میں پریشانی ہورہی ہو تو وہ بھی ان سے رابطہ کریں۔ وکلاء اور ماہرین کی ٹیم اس مسئلے کا مثبت حل نکالنے کی کوشش کرے گی ۔ قاضی شہر نے ضلع انتظامیہ کے افسران کی تعریف کی کہ وہ قانون کی بالادستی اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے میں شکایتوں پر منصفانہ قدم اٹھا رہے ہیں جس سے عوام کا قانون پر اعتماد مضبوط ہوا ہے جبکہ بی جے پی کا چولا پہنے اراضی مافیائوں کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنایا جارہا ہے۔ قاضی شہر نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ایسے لیڈروں کیخلاف کارروائی کریں جو سماج مخالف کاموں، قبرستانوں اور غریبوں کی زمینوں پر غیر قانونی طریقے سے قبضہ کر کےحکومت کی شبیہ متاثر کررہے ہیں۔