Inquilab Logo

کانپورآئی آئی ٹی نےفیض کی نظم ’ہم دیکھیں گے...‘پر تحقیقات بند کردی

Updated: March 18, 2020, 1:24 PM IST | Agency | Kanpur

انکوائری کمیٹی نے بتایا کہ جس اسٹوڈنٹ نے نظم پڑھی تھی اس نے اعتراف کیا ہےکہ نظم پڑھنے کا وقت مناسب نہیں تھا

IIT Kanpur - Pic : INN
آئی آئی ٹی کانپور ۔ تصویر : آئی این ان

شہریت ترمیمی قانون(سی اے اے) کے خلاف گزشتہ سال  دسمبر میں طلبہ کے مظاہرے کے دوران فیض احمد فیض کی مشہور نظم ’ہم دیکھیں گے....‘ پڑھنے کے معاملے پر آئی آئی ٹی کانپور میں تحقیقات بند کر دی گئی ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر مانیندر اگروال نے کہا ہے کہ انکوائری کمیٹی نےاس معاملے میں ملوث تمام افراد کی ’کاؤنسلنگ‘ کرنے کی سفارش کی ہے۔۶؍ رکنی کمیٹی کی سربراہی کر رہے اگروال نے کہا کہ’’ہمیں فیض کی نظم کی تشریح کرنے کی ضرورت نہیں ہے، جس اسٹوڈنٹ نے نظم  پڑھی تھی  اس نے اعتراف کر لیا ہے کہ اسے اس وقت یہ نظم نہیں پڑھنی چا ہئے تھی۔ نیز، اس نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر اس کی وجہ سے کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اس کا اسے افسوس ہے، اس لئے اب یہ معاملہ ختم ہو گیا ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے رپورٹ گزشتہ ہفتے پیش کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ اس نظم کو پڑھنے کا وقت اور مقام مناسب نہیں تھا۔خیال رہے کہ۱۷؍ دسمبر۲۰۱۹ء کو دہلی کے جامعہ ملیہ اسلامیہ سے تعلق رکھنے والے اپنے طلباء ساتھیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ادارے کے۳۰۰؍ کے قریب طلباء کے ذریعے کیمپس میں پُرامن احتجاج کیا گیا تھا۔ اس احتجاج کے دوران ایک طالب علم نے فیض کی نظم ’ہم دیکھیں گے....‘سنائی جس کے خلاف ایک عارضی فیکلٹی ممبر اور۱۶؍دیگر افراد نے شکایت درج کرائی تھی۔ادارے کے ڈائریکٹر کو دی گئی تحریری شکایت میں کہا گیا تھا کہ نظم کے کچھ الفاظ ہندوؤں کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔ آئی آئی ٹی کانپور نے اس شکایت کی تحقیقات کے لئے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اس نظم کو پڑھے جانے کے بعد اس کی مخالفت اور حمایت میں سوشل میڈیا پر ایک جنگ چھڑ گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK