گیتا گوپی ناتھ اگست میں آئی ایم ایف چھوڑ کر ہارورڈ یونیورسٹی میں پروفیسر کے طور پر واپس جائیں گی، آئی ایم ایف نے پیر کو جاری کئے گئے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی۔
EPAPER
Updated: July 22, 2025, 10:03 PM IST | Washington
گیتا گوپی ناتھ اگست میں آئی ایم ایف چھوڑ کر ہارورڈ یونیورسٹی میں پروفیسر کے طور پر واپس جائیں گی، آئی ایم ایف نے پیر کو جاری کئے گئے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی دوسری سب سے بڑی عہدیدار گیتا گوپی ناتھ اگست ۲۰۲۵ء کے اختتام پر اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گی۔ آئی ایم ایف نے پیر کو جاری کئے گئے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی۔ گوپی ناتھ ہارورڈ یونیورسٹی میں معاشیات کی پروفیسر کے طور پر واپس لوٹیں گی۔ آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جیورجیوا نے کہا کہ گوپی ناتھ کی جگہ لینے والے شخص کا اعلان بروقت کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گوپی ناتھ جو۲۰۱۹ءمیں آئی ایم ایف میں پہلی خاتون چیف اکانومسٹ کے طور پر شامل ہوئی تھیں،۲۰۲۲ء میں پہلی نائب مینیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر ترقی پا گئی تھیں۔ جیورجیوا نے کہاکہ گوپی ناتھ نے غیر یقینی اور تیزی سے بدلتی عالمی معیشت کے مشکل دور میں واضح سوچ کے ساتھ فنڈ کے تجزیاتی اور پالیسی کاموں کی رہنمائی کی، اور اعلیٰ ترین معیارات کے سخت تجزیے کے لیے کوشاں رہیں۔
آئی ایم ایف کے ذرائع کے مطابق گوپی ناتھ کا فیصلہ بہت سے لوگوں کے لیے حیرت انگیز تھا اور یہ ان کا ذاتی اقدام لگتا ہے۔ امریکی خزانہ، جو عام طور پر پہلی نائب مینیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے امیدواروں کی سفارش کرتا ہے (کیونکہ امریکہ آئی ایم ایف کا سب سے بڑا حصہ دار ہے)، کی طرف سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ گوپی ناتھ نے آئی ایم ایف میں اپنے دورانیے میں عالمی چیلنجز بشمو ل کروناوبا اور روس کی یوکرین پر حملے سے پیدا ہونے والے معاشی اثرات سے نمٹنے میں ادارے کی رہنمائی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ مالیاتی و مالیاتی پالیسی، قرضہ اور بین الاقوامی تجارت جیسے شعبوں میں اپنی مضبوط علمی بنیاد اور تجزیاتی کام کے لیے جانی جاتی تھیں۔ جیورجیوا نے گوپی ناتھ کو ’’ایک شاندار فکری لیڈر‘‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی غیر یقینی کے دور میں گہرے تجزیے سے کام لیا۔
یہ بھی پڑھئے: ہاں،ذرا ایک نظر اپنے پڑوسی پر بھی!
ہندوستان میں پیدا ہونے والی امریکی شہری گوپی ناتھ نے پہلے ہارورڈ سے رخصت لے کر آئی ایم ایف میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے اپنے بیان میں اس موقع کو ’’زندگی بھر کا ایک موقع‘‘ قرار دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اب وہ بین الاقوامی مالیات اور کلیدی معاشیات (مائکرو اکنامکس) میں تحقیق کو آگے بڑھانے اور نئے معیشت دانوں کی رہنمائی کی منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا’’میں اب اپنی علمی جڑوں کی طرف لوٹ رہی ہوں، جہاں میں عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی مالیات اور کلیدی معاشیات میں تحقیق کو نئی بلندیوں تک پہنچانے اور معیشت دانوں کی نئی نسل کو تربیت دینے کی توقع رکھتی ہوں۔ گوپی ناتھ جنوری۲۰۱۹ء میں چیف اکانومسٹ کے طور پر آئی ایم ایف میں شامل ہوئی تھیں۔ اس سے قبل، وہ ہارورڈ میں بین الاقوامی علوم اور معاشیات کی پروفیسر تھیں۔