سدارمیا نے کابینہ میٹنگ کے بعد اعلان کیا کہ الیکشن کے دوران کئے گئے تمام وعدوں کو حکومت اسی معاشی سال میں پورا کرنا شروع کرگے گی، بلیوپرنٹ تیار کر لیا گیا
Updated: June 03, 2023, 10:39 AM IST | Bangalore
سدارمیا نے کابینہ میٹنگ کے بعد اعلان کیا کہ الیکشن کے دوران کئے گئے تمام وعدوں کو حکومت اسی معاشی سال میں پورا کرنا شروع کرگے گی، بلیوپرنٹ تیار کر لیا گیا
کرناٹک کے نئے وزیر اعلیٰ سدا رمیا نے اعلان کیا ہے کہ الیکشن کے دوران کانگریس نے عوام سے جو ۵؍ وعدے کئے تھے انہیں اسی معاشی سال میں نافذ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ان وعدوں کو ۵؍ ضمانتیں کے نام سے یاد کیا جاتا ہے کیونکہ یہ عوام کو بنیادی سہولیات کی ضمانت دیتے ہیں۔راہل گاندھی نے سدا رمیا کی حلف برداری کی تقریب میں ہی یہ کہہ دیا تھا کہ سدا رمیا حکومت الیکشن میں کئے گئے وعدوں کو جلد ہی پورا کرے گی۔ انہوں نے پانچوں ضمانتوں کو اسٹیج پر گنوایا بھی تھا۔
وزیراعلیٰ سدا رمیا نے جمعہ کو بتایا کہ ’’ ہم نے آج کابینہ کی میٹنگ بلائی جس میں ۵؍ وعدوںپر تفصیلی گفتگو کی۔ ہم نے طے کیا ہے کہ ان ۵؍ وعدوں کو جاری معاشی سال ہی سے نافذ کیا جائے گا۔‘‘ دراصل الیکشن کے دوران کئے گئے یہ وعدے ڈی کے شیو کمار کے ذہن کی اختراع تھی۔ سدا رمیا نےخود اس بات کا اعتراف کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ’’ کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیو کمار جو اب وزیراعلیٰ ہیں، انہوں نے خود اس گارنٹی کارڈ پر (ا لیکشن کے دوران) دستخط کئے تھے اور ان پانچوں وعدوں کو پورا کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ ‘‘ یاد رہے کہ کرناٹک الیکشن کے دوران ڈی کے شیو کمار کانگریس کے سب سے اہم چہرہ بن گئے تھے اور انہوں نے انتخابی مہم کے دوران کئی اہم اقدامات کئے تھے جن کی وجہ سے غریب طبقے کے ووٹروں نے اس بار بی جے پی کا ساتھ چھوڑ کر کانگریس کو ووٹ دیا۔ اس تعلق سے کانگریس پہلے بھی میٹنگ کر چکی ہے اور وعدوں کو پورا کرنے کے معاملے میں غور وخوض کیا جا چکا ہے۔
ہر چند کہ ان ضمانتوں کی وجہ سے حکومت پر مالی بوجھ بڑھے گا لیکن اگر ان اسکیموںکو نافذ کر دیا گیا تو عوام کو کافی راحت مل جائے گی ۔ سدا رمیا نے کہا کہ بی پی ایل کارڈ رکھنے والوں کو ۱۰؍ کلو اناج مفت دیا جائے گا اور ہر ایک گھر کو ۲۰۰؍ یونٹ بجلی مفت دی جائے گی۔ نیز خاندان کی خاتون سربراہ کو ہر ماہ ۲؍ ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کروائی کہ اس اسکیم کو ۱۵؍ اگست سےنافذ کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس تعلق سے کرناٹک کابینہ نے جمعرات کو بھی میٹنگ کی تھی۔ اس وقت کہا گیا تھا کہ ہمارا ان وعدوں کو پورا کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے لیکن انہیں عملی جامہ پہنانے کیلئے جمعہ کو پھر میٹنگ ہوگی۔ اس کے بعد سبھی کی نگاہیں جمعہ کوئی ہوئی میٹنگ پر تھی۔
کرناٹک حکومت کی ۵؍ ضمانتیں کیا ہیں؟
۱۔ ان بھاگیہ یوجنا: اس اسکیم کے تحت حکومت بی پی ایل ( خط افلاس سے نیچے) کارڈ رکھنے والے افراد کو ہر ماہ ۱۰؍ کلو مفت چاول فراہم کرگے گی۔
۲۔ گریہہ جیوتی یوجنا: اس اسکیم میں شہر کے ہر گھر کو ۲۰۰؍ یونٹ بجلی مفت دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔
۳۔ گریہہ لکشمی یوجنا: اس اسکیم کے تحت کانگریس نے خاندان کی خاتون سربراہ کے اکائونٹ میں ہر ماہ ۲؍ ہزار روپے جمع کروانے کے انتظام کا وعدہ کیا ہے۔
۴۔ یووا ندھی یوجنا: نوجوانوں کیلئے تیار کی گئی اس اسکیم میں ۱۸؍ سے ۲۵؍ سال تک کی عمر والے ہر گریجویٹ بے روزگار کو ماہانہ ۳؍ ہزار روپے وظیفہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جبکہ جن بے روزگاروں کےپاس ڈپلوما ہے انہیں ۱۵۰۰؍ روپے ماہانہ ادا کئے جائیں گے۔
۵۔ سوویدھا شکتی یوجنا: یہ اسکیم بھی خواتین کیلئے ہے جس میں صنف نازک کو سرکاری بسوں میں مفت سفر کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس اسکیم کی وجہ سے برسرکار خواتین کو کافی سہولت ہو سکتی ہے۔
ان میں سے کچھ اسکیمیں ٹھیک ویسی ہی ہیں جیسی دہلی میں عام آدمی پارٹی حکومت نے عوام کو دے رکھی ہے۔ البتہ کرناٹک میں تعلیم کیلئے کوئی اسکیم شروع نہیں کی گئی ہے جیسا کہ دہلی میں کیجریوال حکومت نے شروع کی ہے۔ نہ طبی سہولت کے تعلق سے کوئی ضمانت دی گئی ہے۔ البتہ یہ سچ ہے کہ عوام نے انہی وعدوں پر کانگریس کو ووٹ دیا ہے۔ جمعہ کو ہوئی میٹنگ میں اس چیز کا خاکہ تیار کیا گیا کہ ان اسکیموں کو نافذ کرنے کیلئے حکومت فنڈ کا انتظام کیسے اور کہاں سے کرے گی۔ کابینہ اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ حکومت کے پاس اتنی اسکیمیں اور راستے ہیں جن سے ان وعدوں کو پورا کیا جا سکتا ہے۔