ایکناتھ شندے کےلیڈر نے میونسپل الیکشن کی براہ راست تاریخ بتاکر سب کو حیرت زدہ کردیا
EPAPER
Updated: November 07, 2025, 9:59 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai
ایکناتھ شندے کےلیڈر نے میونسپل الیکشن کی براہ راست تاریخ بتاکر سب کو حیرت زدہ کردیا
مقامی بلدیاتی انتخابات کی گھنٹی اگرچہ ابھی باضابطہ طور پر نہیں بجی ہے مگر سیاسی گلیاروں میں اس کی گونج سنائی دینے لگی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں ایک جانب سبھی سیاسی پارٹیاں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لے رہی ہیں وہیں دوسری جانب شندے سینا کے شہرپرمکھ نے گویا الیکشن کمیشن سے پہلے ہی میدان مار لیا ہے۔حال ہی میں کلیان میں منعقدہ ایک جلسے کےدوران شندے سینا کے مقامی رہنما نے کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی ) کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا۔ اس غیر متوقع اعلان نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ اب سب کے ذہنوں میں یہی سوال گردش کر رہا ہے کہ آخر شندے سینا کے لیڈروں کو انتخابات کی حتمی تاریخ کا علم کیسے ہوا جبکہ الیکشن کمیشن نے تاحال کسی بھی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔
شہر میں کے ڈی ایم سی کے آئندہ انتخابات کے پیش نظر سیاسی سرگرمیوں نے زور پکڑ لیا ہے۔ حال ہی میں شیو سینا (شندے گروپ) کی جانب سے خواتین وِنگ کا اجلاس منعقد کیا گیا۔جس میں خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس تقریب کے دوران شندے سینا کے شہرپرمکھ روی پاٹل کے ایک حیرت انگیز بیان نے پوری سیاسی فضا میں ہلچل مچا دی۔
روی پاٹل نے پوری خود اعتمادی کے ساتھ کہاکہ کے ڈی ایم سی کے انتخابات ۱۵؍جنوری کو منعقد ہوں گےاور اس کے لئے ۱۳؍ دسمبر سے قبل ہر صورت میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ کر دیا جائے گا۔یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پورا اپوزیشن ملک میں انتخابی عمل کی شفافیت پر سوال اٹھا رہا ہے۔ کسی بھی سیاسی رہنما کی جانب سے خواہ وہ مقامی سطح کا ہی کیوں نہ ہو الیکشن کمیشن کے حتمی اعلان سے قبل انتخابات کی تاریخیں اور ضابطۂ اخلاق کے نفاذ کی تاریخیں بتاناکئی شبہات کو جنم دیتا ہے۔پاٹل کے اس بیان نے سیاسی حلقوں میں گرما گرم بحث چھیڑ دی ہے۔کیا یہ معلومات اندرونی ذرائع سے حاصل کی گئی تھیں؟کیا یہ بیان محض سیاسی تشہیر حاصل کرنے کی کوشش ہے؟کیا یہ الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی ہے؟