Inquilab Logo Happiest Places to Work

کورونا وباء کے ۶؍ سال بعد کے ڈی ایم سی کا پہلا اجلاس!

Updated: March 10, 2026, 3:06 PM IST | Agency | Mumbai

کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) میں طویل عرصے سے جاری انتظامی تعطل اور کورونا وباء کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹیں بالآخر ختم ہونے کو ہیں۔ میونسپل انتظامیہ کی جانب سے شہر کے بنیادی ڈھانچے، عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے۶؍ سال کے طویل وقفے کے بعد باقاعدہ ’مہاسبھا‘ (جنرل باڈی میٹنگ) منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

KDMC.Photo:INN
کے ڈی ایم سی ۔تصویر: آئی این این
کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) میں طویل عرصے سے جاری انتظامی تعطل اور کورونا وباء کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹیں بالآخر ختم ہونے کو ہیں۔ میونسپل انتظامیہ کی جانب سے شہر کے بنیادی ڈھانچے، عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے۶؍ سال کے طویل وقفے کے بعد باقاعدہ ’مہاسبھا‘ (جنرل باڈی میٹنگ) منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ۱۶؍ مارچ کو ہونے والی یہ میٹنگ نہ صرف شہر کی سیاست بلکہ انتظامی امور کے لئے بھی کافی اہم مانی جارہی ہے۔
میونسپل انتظامیہ نے عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے اب ہر ماہ کی ۲۰؍ تاریخ کو جنرل باڈی میٹنگ منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مالیاتی امور اور ترقیاتی کاموں کے بجٹ کی منظوری کے لئے ہر منگل یا بدھ کو اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ طلب کی جائے گی۔ میئر کی زیر صدارت ہونے والے ان اجلاسوں کا بنیادی مقصد شہر کے سنگین مسائل کو کارپوریٹرز کے ذریعے انتظامیہ تک پہنچانا اور ان کا مستقل حل نکالنا ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں یہ میٹنگ  ونائک دامودر ساورکر ہال میں منعقد ہوتی تھی جو اکثر بحث و مباحثے کی وجہ سے ۶؍ سے ۸؍ گھنٹے طویل ہو جایا کرتی تھی۔تاہم ۲۰۲۰ ءمیں کورونا بحران کے باعث جب نظام زندگی مفلوج ہوا تو اس وقت کی میئر ونیتا رانے اور اس وقت کے میونسپل کمشنر ڈاکٹر وجے سوریہ ونشی نے جدیدٹیکنالوجی کا سہارا لیتے ہوئے زوم ایپ کے ذریعے آن لائن میٹنگ کا سلسلہ شروع کیا تھا۔
 
 
نومبر ۲۰۲۰ ءمیں کارپوریٹر کی ۵؍ سالہ مدت ختم ہونے کے بعد سے شہر میں انتظامی راج نافذ تھا جس کی وجہ سے عوامی نمائندوں کی براہ راست شرکت بند تھی۔اکتوبر ۲۰۲۰ ءمیں رخصت ہونے والی باڈی نے اپنی آخری میٹنگ میں کئی اہم فیصلے کئے تھے جن میں میونسپل ہیڈ کوارٹر کی کچورے منتقل کرنا، عظیم الشان انتظامی بھون کی تعمیر اور ڈومبیولی میں میٹرنٹی ہوم کی تعمیر نو شامل تھی۔
 
 
اب سب کی نظریں ۱۶؍ مارچ پر ہونے والی میٹنگ پر مرکوز ہیں جس کی صدارت نو منتخب میئر ایڈوکیٹ ہرشالی تھویل کریں گی۔ قانون کے پیشے سے وابستہ ہونے اور ۵؍ سال کا تجربہ رکھنے کی وجہ سے شہریوں اور سیاسی حلقوں میں یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ وہ اپنی بصیرت سے ایوان کی کارروائی کو موثر انداز میں چلائیں گی اور شہر کی تعمیر و ترقی کو نئی سمت دیں گی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK