• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جموں کشمیر میں کمپنیاں ملازمت کیلئے مقامی افراد کو فوقیت دیں: وزیراعلیٰ عمرعبداللہ

Updated: November 19, 2026, 6:32 PM IST | Srinagar

جموں کشمیر کے وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے حال ہی میں ایک تقریب کے دوران بیان دیتے ہوئے کہا کہ یونین ٹیریٹری میں کمپنیوں کو مقامی افراد کو ملازمت دیں، باہر کے لوگوں کو بھرتی کرنے کی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ۲۰۱۹ء میں مرکزی حکومت نے دفعہ ۳۷۰؍ ہٹا کر جموں کشمیر کے خصوصی ریاست کےدرجے کو ختم کر دیا تھا۔ حالانکہ بعد میں سپریم کورٹ کےفیصلے نے ریاست کے درجے کو بحال کیا لیکن وہ مرکز کے زیر اہتمام علاقے کے طور پر ہے۔

Chief Minister of Jammu Kashmir Omar Abdullah. Photo: INN.
جموں کشمیر کے وزیراعلیٰ عمرعبداللہ۔ تصویر: آئی این این۔

اخبار دی انڈین ایکسپریس کی جمعرات کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ اس یونین ٹیریٹری میں اپنا کاروبار شروع کرنے والی کمپنیوں کو مقامی نوجوانوں کو روزگار دینا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت ’’باہر سے لوگوں کو بھرتی کرنے کی کوششوں کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔‘‘ ان کا یہ بیان جموں کشمیر کے ریاستی درجے اور خصوصی حیثیت کی بحالی کے مطالبات کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کی حکومت کو ان مطالبات کو پورا کرانے میں ناکامی پر اپوزیشن کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: مدھیہ پردیش سرکار کااہم فیصلہ،سرکاری ملازمت کے حصول کیلئے دو سے زائد بچوں پرلگی پابندی ختم کردی

 واضح رہے کہ ریاستی درجے اور خصوصی حیثیت کی بحالی ۲۰۲۴ء کے اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے منشور کے اہم ترین وعدوں میں شامل تھی۔دی انڈین ایکسپریس کے مطابق، منگل کو ایک تقریب کے دوران عمر عبداللہ نے کہا کہ اگر کمپنیوں کو علاقے میں مناسب طور پر تربیت یافتہ امیدوار نہیں ملتے تو انہیں مقامی نوجوانوں کو تربیت دینے کیلئے چھ ماہ سے ایک سال تک کا وقت دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا،’’ہم یہ بہانہ برداشت نہیں کریں گے کہ تربیت یافتہ مقامی نوجوان دستیاب نہیں ہیں۔‘‘ یاد رہے کہ اگست ۲۰۱۹ء میں مرکزی حکومت نے آئین کی دفعہ ۳۷۰؍ کو منسوخ کر دیا تھا، جو جموں کشمیر کو خصوصی درجہ دیتا تھا اور سابقہ ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں، جموں کشمیر اور لداخ میں تقسیم کر دیا تھا۔ اس کے بعد ۲۰۲۰ء میں نئے قوانین متعارف کرائے گئے جن کے تحت ایسے بیرونی افراد جو ۱۵؍ سال سے جموں کشمیر میں مقیم ہیں یا جنہوں نے وہاں سات سال تک تعلیم حاصل کی ہے، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ یہ سرٹیفکیٹ انہیں اس یونین ٹیریٹری میں سرکاری ملازمتوں کیلئے درخواست دینے اور جائیداد خریدنے کا حق دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: یوپی میں پنچایتی انتخابات پھرملتوی، پردھانوں کو بطور ایڈمنسٹریٹر دوبارہ چھ ماہ کیلئے توسیع

دفعہ ۳۷۰؍ کے تحت صرف جموں کشمیر کے مستقل باشندے ہی سرکاری ملازمتوں کیلئے درخواست دے سکتے تھے اور وہاں زمین کے مالک بن سکتے تھے۔ اس شق نے غیر ریاستی باشندوں کو علاقے میں مستقل طور پر رہائش اختیار کرنے سے بھی روک رکھا تھا۔ دسمبر ۲۰۲۳ء میں سپریم کورٹ نے دفعہ ۳۷۰؍ کو منسوخ کرنے کے ۲۰۱۹ء کے حکم کو برقرار رکھا اور مرکزی حکومت کو جموں کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کا حکم دیا۔ اکتوبر ۲۰۲۵ء میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا تھا کہ سیاسی فریقین سے مشاورت کے بعد ’’مناسب وقت‘‘ پر جموں کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کر دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK