Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیرالا کے نئے وزیراعلیٰ وی ڈی ستیشن کی تعلیم یافتہ اور متوازن کابینہ

Updated: May 20, 2026, 1:01 PM IST | Agency | Thiruvananthapuram

کروناکرن کی حکومت کے بعد۴۴؍ سال میں پہلی بار جب یو ڈی ایف کی پوری کابینہ کی ایک ساتھ حلف برداری ہوئی،کابینہ میں نئے ایم ایل ایز کے ساتھ پرانے اور تجربہ کار چہرے بھی شامل ۔

Satheesan.Photo:PTI
وی ڈی ستیشن۔ تصویر:پی ٹی آئی
کیرالا میں نئی حکومت بن گئی ہے۔ نئی یو ڈی ایف حکومت جس کی قیادت وی ڈی ستیشن کررہے ہیں،نے اپنی کابینہ کو اس طرح متوازن بنانے کی کوشش کی ہے کہ اس کی ہر طرف چرچا ہورہی ہے۔ اس کابینہ میں نئے اور پرانے چہروں کے ساتھ ہی ہر اتحادی اور ہر طبقے کو مناسب نمائندگی دی گئی ہے۔ گزشتہ ۴۴؍ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب پوری کابینہ کی ایک ساتھ حلف برداری ہوئی ہے۔ آئیے اس کابینہ میں شامل کچھ چہروں کا کا سرسری جائزہ لینے کی کوشش کریں۔
پی سی  وشنو ناتھ
ان کی عمر۴۸؍ سال ہے۔ وہ طویل عرصے سے کانگریس پارٹی سے وابستہ رہے ہیں۔ وہ ’کیرالا اسٹوڈنٹس یونین‘ کے صدر کے ساتھ ہی یوتھ کانگریس کے صدر، اے آئی سی سی سکریٹری اور ’کیرالا پردیش کانگریس کمیٹی‘کے ورکنگ صدر جیسے اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ انہوں نے۲۰۰۶ء میں چنگنور سے پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کی۔
روزی ایم جان
ان کی عمر۴۳؍ سال ہے۔ انگامالی اسمبلی حلقے سے۲۰۲۱ء میں پہلی مرتبہ منتخب ہوئے اور ۵؍ برسوں میں ان کی آواز ایوان میں مسلسل سنی گئی ۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ ایم فل کی ڈگری ہے اور جے این یو کے  طالب علم  رہےہیں۔ وہ’این ایس یو آئی‘ کے صدر رہ چکے ہیں۔
بندو کرشنا
ان کی عمر۵۳؍ سال ہے۔ یہ ان کی پہلی کامیابی ہے لیکن انتخابات میں کئی بار حصہ لے چکی ہیں۔ ان کا تعلق کیرالا کی ایک بڑی ’ایزاوا‘ برادری سے ہے۔ وہ مہیلا کانگریس، اے آئی سی سی اور کے پی سی سی میں مختلف عہدوں پر رہ چکے ہیں۔
کے ایم شجاع
ان کی عمر۵۵؍ سال ہے۔انڈین یونین مسلم لیگ کے تیز طرار لیڈر ہیں اور وینگارا اسمبلی حلقے سے ایم ایل اے منتخب ہوئے ہیں۔۲۰۰۶ء میں پہلی مرتبہ الیکشن لڑے، تین بار جیتے اور دو بار ہارے۔ ۲۰۱۶ء میں ان پر مذہب کی بنیاد پر ووٹ مانگنے کا الزام لگا تھا جس کے بعد کیرالا ہائی کورٹ نے انہیں برخاست کردیا تھا لیکن بعد میں سپریم کورٹ نے اس فیصلے پر روک لگا دی تھی۔
وی ای عبدالغفور
ان کی عمر۴۹؍ سال ہے۔مسلم لیگ کے ممتاز لیڈر وی کے ابراہیم کنجو کے بیٹے ہیں جن کا ابھی۶؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو انتقال ہوا ہے۔ عبدالغفور نے پچھلی بائیں محاذ کی حکومت کے وزیر صنعت اور سی پی آئی (ایم) کےسرکردہ لیڈر پی راجیو کو کالاماسری حلقہ سے شکست دی تھی، جو کافی حیران کن تھا لیکن ۲۰۲۱ء میں انہی سے ہار گئے تھے۔
پی کے بشیر
ان کی عمر۶۶؍ سال ہے جومسلم لیگ کے مشہور لیڈر پی سیٹھی حاجی  کے بیٹے ہی۔ پی کے بشیر ملاپورم ضلع کے ایرناڈ حلقے سے مسلسل چوتھی بار ایم ایل اے منتخب ہوئے ہیں اور مسلم لیگ میں کافی مقبول ہیں۔ یہ ان کا پہلی کابینی عہدہ ہے۔
این شمس الدین
ان کی عمر۵۶؍ سال ہے۔ وہ پلکڑ ضلع کے منار کڈ حلقہ سے چوتھی بار ایم ایل اے  منتخب ہوئے ہیں۔ انہیںمسلم لیگ میں زمینی سطح کا لیڈر سمجھا جاتا ہے۔ یو ڈی ایف کی تمام اتحادی پارٹیوں سے ان کے اچھے مراسم ہیں۔
کے اے تلسی
ان کی عمر۵۲؍ سال ہے۔ وہ پلکڑ کے رکن پارلیمان وی کے شری کندن کی اہلیہ ہیں۔ اس سے قبل این ایس ایس کالج، نین مارا میں تاریخ کی پروفیسر رہ چکی ہیں۔ انہوں نےکیرالا پردیش کانگریس کمیٹی میں مختلف ذمہ داریاں نبھائی ہیں اور اس کابینہ میں’ایس سی‘ کمیونٹی کی واحد خواتین وزیر ہیں۔
 
 
ٹی صدیقی
ان کی عمر۵۱؍ سال ہے۔ یہ ان کی دوسری جیت ہے۔ وہ ایک وکیل ہیں اور اس کابینہ میں کانگریس پارٹی کے واحد مسلم وزیر ہیں۔ وہ ریاستی یوتھ کانگریس کے صدر، کے پی سی سی جنرل سکریٹری اور کے پی سی سی کے نائب صدر جیسے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
 
 
او جی جینیش
ان کی عمر صرف۳۷؍ سا لے۔ وہ اس کابینہ میں سب سے کم عمر وزیر ہیں۔ پچھلے سال ہی یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر منتخب ہوئے تھے۔ کافی تیز طرار ہیں۔ کابینہ میں ان کی شمولیت نے سب کو حیران کردیا کیونکہ ان کا خاندانی سیاسی پس منظر نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK