Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلم ’’کروپّو‘‘ کے میکرز نے موسیقار ایلیاراجا سے ایک مکالمے کے معاملے میں معافی مانگ لی

Updated: May 20, 2026, 12:05 PM IST | Mumbai

فلم میں استعمال کیے گئے ایک ڈائیلاگ پر ایلیاراجا کی ناراضی کے بعد پروڈکشن ہاؤس ڈریم واریئر پکچرز نے وضاحت بھی پیش کی ہے۔

Suriya.Photo:INN
سوریا۔ تصویر:آئی این این

اداکار سوریا کی فلم کروپّو کے میکرز نے موسیقار ایلیاراجا سے ایک ڈائیلاگ کے معاملے پر معافی مانگ لی ہے۔ فلم میں استعمال کیے گئے ایک ڈائیلاگ پر ایلیاراجا کی ناراضی کے بعد پروڈکشن ہاؤس ڈریم واریئر پکچرز نے وضاحت بھی پیش کی ہے۔فلمسازوں نے واضح کیا کہ ایلیاراجا کی خدمات یا ان کے حقوق کی کسی بھی شکل میں بے عزتی کرنا ان کا مقصد نہیں تھا۔ انہوں نے ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے کہا’’ہمیں افسوس ہے کہ فلم کے ایک ڈائیلاگ سے ایلیاراجا کے جذبات مجروح ہوئے۔ ہم ان کے جذبات کا مکمل احترام کرتے ہیں۔‘‘
فلم کے ہدایتکار آر جے بالاجی کی کورٹ روم ایکشن ڈرامہ کروپّو میں شامل ایک خاص ڈائیلاگ پر تنازع کھڑا ہو گیا تھا۔ میکرز کے مطابق یہ ڈائیلاگ طنزیہ انداز میں تھا، لیکن اگر اس سے کسی کو تکلیف پہنچی ہے تو انہیں اس پر افسوس ہے۔انہوں نے مزید کہا’’ایلیاراجا کے احترام میں ہم فلم کے مستقبل کے تمام ورژنز اور بعد کے استعمال میں اس ڈائیلاگ کو ہٹا رہے ہیں یا تبدیل کر رہے ہیں۔‘‘
پروڈکشن ہاؤس نے ہندوستانی سنیما اور موسیقی میں ایلیاراجا کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی فنکاری سے کئی نسلوں کو متاثر کیا ہے اور دنیا بھر کے ناظرین کے دلوں میں خاص مقام بنایا ہے۔فلم کروپّو میں سوریا کے ساتھ ترشا کرشنن اور آر جے بالاجی مرکزی کرداروں میں ہیں۔ فلم کی موسیقی سائی ابھینکر نے ترتیب دی ہے۔ مالی مشکلات کی وجہ سے ریلیز ایک دن مؤخر ہونے کے باوجود فلم نے شاندار آغاز کیا ہے اور باکس آفس پر دھوم مچا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:پریمیئر لیگ: آرسنل نے۲۲؍ سالہ انتظار ختم کرتے ہوئے خطاب جیت لیا


فلم کے ہدایتکار آر جے بالاجی نے پیرکو ایک پوسٹ کے ذریعے ناظرین اور تھیٹر اسٹاف سے خصوصی اپیل بھی کی۔انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اگر فلم دیکھتے وقت کوئی ناظر بہت زیادہ جذباتی ہو جائے، خوشی کا اظہار کرے یا کسی خاص کیفیت میں محسوس ہو، تو اس کے ساتھ نرمی اور احترام سے پیش آیا جائے۔

یہ بھی پڑھئے:’’لڑنا کیسے ہے، یہ نہیں بھولا‘‘: سلمان خان


آر جے بالاجی نے کہا’’اگر آپ کے پاس بیٹھا شخص متاثر نظر آئے تو اس کا خیال رکھیں، اس کی مدد کریں اور فوراً تھیٹر اسٹاف کو اطلاع دیں۔‘‘انہوں نے تھیٹر مالکان سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنے اسٹاف کو ایسے حساس لمحات کے لیے تیار رکھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK