Inquilab Logo

کھرگے، سونیا اور راہل نے محاذ سنبھالا

Updated: March 22, 2024, 12:17 AM IST | Ahmadullah Siddiqui | New Delhi

کھاتے منجمد کرنے کیخلاف کانگریس میدان میں ،اپوزیشن کو ختم کرنے کی سازش قرار دیا، تینوں لیڈروں کی مشترکہ پریس کانفرنس ، سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کی خاموشی پر سوال اٹھایا، سپریم کورٹ سے رجوع کا اعلان۔

Congress leaders Rahul Gandhi, Mallikarjun Kharge and Sonia Gandhi during the press conference. Photo: PTI
کانگریس لیڈران راہل گاندھی، ملکارجن کھرگے اور سونیا گاندھی پریس کانفرنس کے دوران۔ تصویر:پی ٹی آئی

کانگریس نے عام انتخابات کے اعلان سے محض ایک ماہ قبل اپنے بینک کھاتوں کو مختلف بہانوں سے منجمد کئے جانے پرسخت غم وغصہ اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کو اپوزیشن اور ملک سے جمہوریت ختم کرنے کی سازش قرار دیا۔ پارٹی ہیڈکوارٹرس میں مشترکہ کانفرنس میں کانگریس پارٹی کی سابق صدر سونیا گاندھی، موجودہ صدر ملکا رجن کھرگے ،  سابق صدر راہل گاندھی اور قومی خزانچی اجے ماکن نے اس بات پرسخت برہمی کا اظہار کیا کہ عام انتخابات سے محض ایک ماہ قبل ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کے بینک کھاتوں کو منجمد کرکے اسے مالی طور پر پوری طرح سے مفلوج کردیا گیاہے۔سونیا گاندھی نےکہا کہ وہ جس مسئلہ کو اٹھا رہی ہیں ،وہ انتہائی سنگین ہے۔ یہ مسئلہ صرف کانگریس نہیں بلکہ جمہوریت کو متاثر کرتا ہے۔ وزیر اعظم مودی کانگریس کو مالی طور پر مفلوج کرنے کیلئے منظم کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے جمع کی گئی رقوم کو منجمد کیا جا رہا ہے اور ہمارے کھاتوں سے پیسے زبردستی چھینے جارہے ہیں ، تاہم ان مشکل ترین حالات میں بھی، ہم اپنی انتخابی مہم کو مؤثر طور پر جاری رکھنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔سونیا گاندھی نے کہا  کہ یہ ایسی غیر جمہوری صورتحال ہے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
 کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے  اس اقدام کو   ایک خطرناک کھیل قرار دیتے ہوئے لیول پلیئنگ فیلڈکا مطالبہ کیا۔انہوںنے کہا کہ انتخابی بونڈس اسکیم کے تحت موجودہ حکمراں جماعت نے اپنے کھاتوں میںکروڑوں روپے بھرلئے لیکن  دوسری طرف ایک سازش کے تحت  اپوزیشن جماعت کے بینک کھاتے  منجمد کر د ئیے گئے تاکہ فنڈز کی عدم موجودگی میں الیکشن میں برابری کا مقابلہ نہ ہو سکے۔ 
 کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پارٹی کے بینک کھاتوں کو منجمد کرنے پر عدالتوں اور الیکشن کمیشن جیسے آئینی اداروں کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا ہندوستان کا دعویٰ جھوٹ ہے کیوں کہ یہاں نفرت سے بھری ’اسور شکتی‘نے ہندوستانی جمہوریت کو قتل کرنے کیلئے ہمارے بینک کھاتے منجمد کردئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ۲۰؍ فیصد لوگ کانگریس پارٹی کو ووٹ دیتے ہیں لیکن فی الحال پارٹی اس پوزیشن میں نہیں کہ وہ کھاتوں کے منجمدہونے کی وجہ سے دو روپے بھی خرچ کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مجرمانہ حرکت ہے جو کانگریس کو انتخابات کے دوران مالی طور پر معذور کرنے کیلئے کی گئی ،لیکن نہ  عدالت اور نہ ہی الیکشن کمیشن کچھ کہہ رہا ہے۔اس دوران پارٹی نے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK