• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مانسون میں کم بارش سے خریف کی فصلیں متاثر

Updated: November 27, 2026, 2:32 PM IST | Agency | New Delhi

دھان، مکئی اور دالوں کی پیداوار میں کمی کا خدشہ، مہنگائی بڑھنے کا امکان ، وزیر زراعت کے مطابق فکر کرنےکی ضرورت نہیں۔

Pulse production has also been affected due to low rainfall. Photo: PTI
کم بارش کے سبب دالوں کی پیداوار بھی متاثر ہوئی ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

ملک میں رواں سال خریف کی فصلوں کی پیداوار گزشتہ سال کے مقابلے میں کم رہنے کا امکان ہے لیکن اطمینان کی بات یہ ہے کہ پیداوار گزشتہ ۵؍ سال کی اوسط سے زیادہ رہ سکتی ہے۔ حکومت کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق مانسون میں معمول سے کم بارش ہونے کی وجہ سے دھان، مکئی، سویابین، مونگ اور کپاس جیسی اہم فصلوں کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔

خریف سیزن۲۷-۲۰۲۶ء میں دھان کی پیداوار  تقریباً۲ء۸۲؍ فیصد کم ہو کر۱۲ء۱۹؍ کروڑ ٹن رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ خریف سیزن ۲۶-۲۰۲۵ء میں دھان کی پیداوار۱۲ء۴۷۵؍ کروڑ ٹن تھی۔ دھان خریف سیزن کی سب سے اہم فصل ہے۔

 وزیرزراعت کا بیان

مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے جمعرات کو خریف کی پیداوار کے ابتدائی تخمینے جاری کرتے ہوئے کہا،’’ یہ اعداد و شمار فی الحال ابتدائی نوعیت کے ہیں اور آنے والے مہینوں میں ان میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی حصوں میں خراب موسم اور مانسون کی کم بارش کے باوجود کسانوں نے اچھی پیداوار حاصل کی ہے۔‘‘چوہان نے کہا، ’’فصلوں کی متوقع پیداوار گزشتہ ۵؍ سال کی اوسط سے بہتر ہے۔ اس لئے فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘‘

وزیرزراعت نے بتایا کہ’’ حکومت کے گوداموں میں چاول اور گیہوں کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ ایسے میں غذائی اجناس کی دستیابی  سے متعلق پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ گنے کی پیداوار بھی متاثر ہوئی ہے لیکن اس میں کمی زیادہ نہیں ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: آرکٹک اور انٹارکٹکا دونوں قطبین پر گرم پانی سمندری برف کو نیچے سے پگھلا رہا ہے

مکئی اور دالوں کی پیداوار میں بھی کمی

حکومت کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق خریف سیزن۲۷-۲۰۲۶ءمیں مکئی کی پیداوار تقریباً ۲ء۶۰۶؍ کروڑ ٹن رہ سکتی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں۵ء۱۴؍ فیصد کم ہے۔ وہیں دالوں کی مجموعی پیداوار تقریباً۳ء۷۱؍لاکھ ٹن رہنے کا اندازہ ہے جو گزشتہ سال سے۱۸ء۶؍ فیصد کم ہے۔تیل کے بیجوںوالی فصلوں کی پیداوار میں بھی بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس خریف سیزن میں اس کی پیداوار۲ء۳۹۴؍ کروڑ ٹن رہ سکتی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں۱۰ء۲۰؍ فیصد کم ہے۔تیل کے بیج والی کی فصلوں میں سب سے زیادہ اثر سویابین پر نظر آ رہا ہے۔ اس سال سویابین کی پیداوار تقریباً۱ء۰۲۴؍ کروڑ ٹن رہنے کا اندازہ ہے جبکہ گزشتہ سال یہ۲۵۹ء۱؍کروڑ ٹن تھی۔

شکر کی پیداوار میں کمی کا خدشہ

کم بارش اور گنے کی پیداوار میں کمی کا اثر  شکرکی پیداوار پر بھی پڑ سکتا ہے۔ انڈین شوگر اینڈ بائیو انرجی مینوفیکچررز اسوسی ایشن (اسما) نے  کہا کہ اکتوبر سے شروع ہونے والے شوگر سیزن ۲۷-۲۰۲۶ء میںشکرکی پیداوار کم ہو کر ۲ء۶۵۲؍ کروڑ ٹن رہ سکتی ہے۔اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ گزشتہ۱۰؍ سال کی کم ترین پیداوار ہوگی۔اسما کے مطابق چینی کی مجموعی پیداوار میں کمی مزید بڑھ سکتی ہے۔ گزشتہ سال کی۳ء۱۲۱؍کروڑ ٹن پیداوار کے مقابلے میں اس مرتبہ تقریباً۱۵؍ فیصد کمی کا اندازہ ہے۔

 کھانے پینے کی اشیاء مہنگی ہوں گی

خریف فصلوں کی پیداوار میں ممکنہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب ربیع فصلوں کی بوائی بھی سست رفتار سے جاری ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں اب تک تقریباً۱ء۷۸۲؍کروڑ ہیکٹر رقبے پر ربیع فصلوں کی بوائی ہوئی ہے۔ یہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں۱۱ء۳۱؍ فیصد کم ہے۔خریف کی پیداوار میں کمی اور ربیع فصلوں کی سست بوائی آنے والے مہینوں میں مہنگائی  بڑھا سکتی ہے۔ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان پہلے ہی نظر آنے لگا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK