نرمدا تا تاپی پانی منتقلی منصوبہ کیلئے ۵؍ ہزار ۵۴۸؍کروڑ روپے مختص، مالی دھوکہ دہی میں ملوث اداروں کے اثاثے ضبط کرنے کیلئے مسودہ ٔ قانون کی تیاری کا فیصلہ، پیشہ ورانہ طبی کورسیز کے طلبہ کیلئے ہاسٹل الاؤنس میں اضافہ پر بھی اتفاق کیاگیا۔
EPAPER
Updated: November 27, 2026, 2:50 PM IST | Agency | Mumbai
نرمدا تا تاپی پانی منتقلی منصوبہ کیلئے ۵؍ ہزار ۵۴۸؍کروڑ روپے مختص، مالی دھوکہ دہی میں ملوث اداروں کے اثاثے ضبط کرنے کیلئے مسودہ ٔ قانون کی تیاری کا فیصلہ، پیشہ ورانہ طبی کورسیز کے طلبہ کیلئے ہاسٹل الاؤنس میں اضافہ پر بھی اتفاق کیاگیا۔
مہاراشٹر کابینہ نے بدھ کو ۱۴؍ اہم فیصلوں کی منظوری دی جن میں ’’براہ راست امداد‘‘ کے دائرہ سے باہر رہ جانے والے ۴۲؍ لاکھ ۳۰؍ ہزار سے زائد کسانوں کو مفت اناج کی فراہمی، نرمدا تا تاپی پانی منتقلی منصوبے کیلئے ۵؍ ہزار ۵۴۸؍ کروڑ روپے کی منظوری، مالی دھوکہ دہی میں ملوث اداروں کے اثاثے ضبط کرنے اور امداد یافتہ نجی اسکولوں کو منظم کرنے کے لیے قانون کا مسودہ تیار کرنا شامل ہے۔
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاست کے خشک سالی سے متاثرہ ۳۳؍ اضلاع میں قومی غذائی تحفظ قانون کے دائرہ سے باہر رہ جانے والے خط افلاس سے نیچے (بی پی ایل) زندگی گزارنے والے کسانوں کو اگلے ۳؍ ماہ تک ہر ماہ فی فرد پانچ کلو مفت اناج دیا جائے گا۔ اس میں تین کلو چاول اور دو کلو گیہوں شامل ہوں گے۔
اس کے ساتھ ہی کابینہ نے نندوربار ضلع میں آب پاشی کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے نرمدا تا تاپی پانی منتقلی منصوبے کو بھی منظوری دی۔ اس منصوبہ کے تحت ۶؍ ڈائیورژن ویئر تعمیر کئے جائیں گے جن سے تقریباً ۲۶؍ ہزار ۵۲۶؍ ہیکٹر اراضی کو آب پاشی کی سہولت ملے گی اور ۱۱ء۵۰؍ میگاواٹ بجلی بھی پیدا ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے:عام ہندوستانی کی حالت’آمدنی اٹھنی، خرچہ پانچ روپیہ‘ والی ہوگئی ہے
ریاستی کابینہ نے مہاراشٹر پروٹیکشن آف انٹرسٹ آف ڈپازیٹرس (ایم پی آئی ڈی) کے تحت مقدمات کی سماعت کیلئے الگ ٹریبونل قائم کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ اس ٹریبونل کو مقدمات نمٹانے کیلئے ۹۰ دن کی مدت دی جائے گی۔ مالی دھوکہ دہی میں ملوث اداروں کی جائیدادیں ضبط کرنے کے عمل میں تیزی لانے اور ایم پی آئی ڈی قانون میں ترمیم کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ طبی علوم کے پیشہ ورانہ ڈگری کورسیز کرنے والے مالی طور پر کمزور طبقات (ای بی سی، ایس ای بی سی اور ای ڈبلیو ایس) کے طلبہ کیلئے ڈاکٹر پنجاب راؤ دیشمکھ ہاسٹل مینٹیننس الاؤنس اسکیم کے تحت ہاسٹل الاؤنس میں اضافہ کو منظوری دی گئی ہے۔ اساتذہ کو آر بی آئی میں رجسٹرڈ اداروں کے ذریعے مالی سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ایک اور فیصلے کے تحت نیشنل کمیشن فار الائیڈ اینڈ ہیلتھ کیئر پروفیشنز ایکٹ ۲۰۲۱ء میں ترمیم کے مسودہ کو منظوری دی گئی جس کے ذریعے ایکیوپنکچر کو علاج کے طریقہ کار کے طور پر اس قانون کے دائرہ سے خارج کیا جائے گا۔امداد یافتہ نجی آیوروید اور یونانی کالجوں کے لائبریرین کو ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کے مطابق نظرثانی شدہ تنخواہیں دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔