آسٹریلیا کے سابق بلے باز ڈیوڈ وارنر نے ۲۰۱۸ء کے جنوبی افریقہ دورے کے دوران گیند سے چھیڑ چھاڑ کے لیے سینڈ پیپر کے استعمال اور اس کی اطلاع پوری ٹیم کو ہونے سے متعلق عثمان خواجہ کے دعوے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات سو فیصد درست ہے۔
EPAPER
Updated: November 09, 2026, 7:04 PM IST | Sydney
آسٹریلیا کے سابق بلے باز ڈیوڈ وارنر نے ۲۰۱۸ء کے جنوبی افریقہ دورے کے دوران گیند سے چھیڑ چھاڑ کے لیے سینڈ پیپر کے استعمال اور اس کی اطلاع پوری ٹیم کو ہونے سے متعلق عثمان خواجہ کے دعوے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات سو فیصد درست ہے۔
آسٹریلیا کے سابق بلے باز ڈیوڈ وارنر نے ۲۰۱۸ء کے جنوبی افریقہ دورے کے دوران گیند سے چھیڑ چھاڑ کے لیے سینڈ پیپر کے استعمال اور اس کی اطلاع پوری ٹیم کو ہونے سے متعلق عثمان خواجہ کے دعوے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات سو فیصد درست ہے۔ آسٹریلیا کے روزنامہ سڈنی مارننگ ہیرالڈ کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ کے انکشافات نے کرکٹ کی دنیا میں ایک بار پھر ہلچل مچا دی ہے۔ گیند سے چھیڑ چھاڑ کا یہ واقعہ ۸؍ سال سے بھی پہلے پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں اس دورے پر آسٹریلیا کے نائب کپتان رہے ڈیوڈ وارنر، کپتان اسٹیو اسمتھ اور اوپنر کیمرون بینکرافٹ پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ خواجہ کے یہ دعوے ۲۰۲۱ء میں آسٹریلیا کے ۴؍ گیند بازوں پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور ناتھن لاین کے جاری کردہ اس مشترکہ بیان کے برعکس ہیں، جس میں انہوں نے گیند سے چھیڑ چھاڑ کے بارے میں پہلے سے کسی بھی طرح کی معلومات ہونے سے انکار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:کرناٹک میں ای ۲۰؍ پیٹرول میں ایتھنول کی مقدار صرف ۹ء۱۹؍ فیصد
پیر کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری ایک ویڈیو میں وارنر نے سچ سامنے لانے کے لیے خواجہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ان قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کردیا جن میں کہا جارہا تھا کہ خواجہ نے اپنی آنے والی خودنوشت صبر کی فروخت بڑھانے کے لیے یہ انکشافات کیے ہیں۔ وارنر نے کہاکہ عثمان خواجہ، میں پوری طرح تمہارے ساتھ ہوں۔ تم نے جو کچھ کیا ہے، اس کے لیے میں تمہارا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تم نے جو کہا ہے، وہ سو فیصد درست ہے۔ اب سب کو سچائی کا پتہ چل گیا ہے اور یہ بات سب کے سامنے آچکی ہے۔
خواجہ نے اس بات پر بھی حیرت ظاہر کی تھی کہ ٹیسٹ میچ کے بعد ہوئی تحقیقات کے دوران کرکٹ آسٹریلیا نے ان سے پوچھ گچھ نہیں کی، حالانکہ پورے میچ کے دوران وہ بینکرافٹ کے ساتھ ہی بیٹھے تھے۔ وارنر نے بھی یہی بات کہی اور بورڈ کی تحقیقات کے طریقہ کار پر سخت تنقید کی۔ اس تحقیقات کے نتیجے میں اسمتھ، بینکرافٹ اور خود وارنر کو معطل کردیا گیا تھا۔ وارنر پر تمام بین الاقوامی اور گھریلو کرکٹ سے ۱۲؍ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ آسٹریلیائی کرکٹ میں کسی بھی طرح کی قیادت یا کپتانی کا عہدہ سنبھالنے پر ان پر تاحیات پابندی بھی لگادی گئی تھی۔ (تاہم، ۲۰۲۴ء میں ایک آزاد جائزہ پینل نے یہ پابندی ہٹا دی تھی۔)
یہ بھی پڑھئے:شاہ رخ خان کی’’کنگ‘‘ کا کرسمس پر ہندوستانی اور ہالی ووڈ کی ۸؍ بڑی فلموں سےمقابلہ
وارنر نے کہاکہ یہ پوری پوچھ گچھ کا عمل بہت جلد بازی میں اور ناقص طریقے سے انجام دیا گیا تھا۔ خواجہ، کیمرون بینکرافٹ کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے، لیکن ان سے کوئی پوچھ گچھ نہیں کی گئی۔ اسے مکمل تحقیقات کیسے کہا جاسکتا ہے؟ مجھے تو یہ بات سمجھ ہی نہیں آتی۔ ہم یہاں کسی پر انگلی اٹھانے یا اپنے پرانے زخموں کو کریدنے نہیں آئے ہیں۔ بات جواب دہی اور شفافیت کی ہے۔ یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ سچائی کی مناسب طریقے سے جانچ ہو۔ شاید اب وقت آگیا ہے کہ لوگ کسی ایک شخص کو نشانہ بناکر اس سے جواب طلب کرنا بند کریں اور اس کے بجائے تحقیقات کرنے والوں سے پوچھیں کہ انہوں نے یہ جانچ کس طرح کی تھی۔
وارنر نے کہا کہ مجھے اپنی ۱۲؍ سالہ بیٹی آئیوی سمیت سب کو پوری سچائی بتانی پڑی۔ وہ جاننا چاہتی تھی کہ ہمیں کیوں پکڑا جارہا ہے، وہاں اتنے سارے کیمرے کیوں ہیں اور ہم ٹی وی پر کیوں رو رہے ہیں۔ یہ سب کچھ بتانا بہت مشکل تھا، لیکن میں نے ان سے صرف ایک بات کہی، بیٹیو، ہمیشہ سچ بولنا، کیونکہ جھوٹ کبھی نہ کبھی سامنے آہی جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کو دوبارہ یاد کرنا ان کے خاندان کے ساتھ ساتھ اسمتھ اور بینکرافٹ کے لیے بھی ایک بہت مشکل دور تھا، لیکن ان کا ماننا ہے کہ سچائی کا سامنے آنا ضروری تھا۔