کمپنی کےمطابق مینوفیکچرنگ لاگت میں مسلسل اضافے اور آپریشنل اخراجات بڑھنے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔
کیا کار۔ تصویر:آئی این این
مسافر گاڑیاں (پیسنجر وہیکلز) بنانے والی ملک کی معروف کمپنی کیا انڈیا نے آئندہ یکم جولائی سے اپنی کاروں کی قیمتوں میں ۲؍ فیصد تک اضافے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ اس سلسلےمیں کمپنی نے جمعرات کو تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی گاڑیوں کی تمام رینج (تمام ماڈلز) کی قیمتوں میں دو فیصد تک کا اضافہ کرنے جا رہی ہے۔ قیمتوں میں یہ اضافہ یکم جولائی۲۰۲۶ء سے نافذ العمل ہوگا۔
کمپنی کے مطابق، مینوفیکچرنگ لاگت (کاسٹ پرائس) میں مسلسل اضافے اور آپریشنل اخراجات بڑھنے کے باعث قیمتوں میں اضافے کا یہ ناگزیر فیصلہ کرنا پڑا ہے۔کیا انڈیا کا کہنا ہے کہ پیداواری لاگت میں ہونے والے اضافے کا ایک بڑا حصہ کمپنی خود برداشت کر رہی ہے تاکہ صارفین پر زیادہ مالی بوجھ نہ پڑے۔ گاڑیوں کے مختلف ماڈلز اور ان کے ورژنز (ویرینٹس) کے حساب سے قیمتوں میں الگ الگ اضافہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کیا انڈیا سے قبل ٹاٹا موٹرز پیسنجر وہیکلز نے بھی یکم جولائی سے اپنی تمام گاڑیوں کی قیمتوں میں۱ء۵؍ فیصد تک اضافے کا اعلان کیا تھا۔آٹو موبائل انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مغربی ایشیا ( مشرق وسطی) میں جاری حالیہ بحران اور کشیدگی کی وجہ سے سپلائی چین متاثر ہوئی ہے جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی تیاری کی لاگت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آٹو کمپنیاں اب اس بڑھتے ہوئے مالی بوجھ کو کم کرنے کے لئے قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہیں۔