ہزاروں کی شرکت، راہل اور کھرگے کا خطاب، مودی کو ملک کی بے عزتی یاد دلائی
EPAPER
Updated: February 24, 2026, 11:23 PM IST | Bhopal
ہزاروں کی شرکت، راہل اور کھرگے کا خطاب، مودی کو ملک کی بے عزتی یاد دلائی
ہند-امریکہ تجارتی معاہدہ اور اس کی وجہ سےکسانوں پر پڑنےوالی ضرب کے خلاف منگل کو بھوپال میں کانگریس کی جانب سے’’کسان مہا چوپال‘‘ کا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی نے حکومت کو جم کر نشانہ بنایا۔
چوپال سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ ’’حکومت نے کسانوں کا سودا کرلیا ہے۔‘‘ جبکہ کھرگے نے مودی حکومت کی پالیسیوں کو نشانہ بناتے ہوئے اے آئی سمٹ میں یوتھ کانگریس کے احتجاج کی حمایت کی۔واضح رہے کہ مذکورہ احتجاج کی وجہ سے یوتھ کانگریس کے صدر کوبھی منگل کو فساد پھیلانے کے الزام میں گرفتارکرلیاگیا ہے۔ کھرگے نے کہا کہ ’’میں یوتھ کانگریس کے ساتھیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جنھوں نے نریندر مودی کے سامنے جا کر بتا دیا کہ غریبوں کے پاس کھانا نہیں ہے، وہ بھوکے پیٹ ہیں۔ یہ ظاہر کر دیا کہ ملک کا نوجوان ملازمت نہ ہونے کے سبب سڑک پر ہے اور ہمارے کسان بے حد پریشان ہیں، تجارتی معاہدہ مت کیجیے۔ ‘‘ کھرگے نے کہا کہ ’’لیکن مودی حکومت نے اس احتجاج کو ملک کی بے عزتی قرار دیا۔ ملک کی بے عزتی تو تب ہوئی جب مودی جی نے ٹرمپ کے سامنے ہمارا وقار گروی رکھ دیا۔‘‘ کانگریس صدر نے یاد دلایاکہ ’’جب ’کامن ویلتھ گیمز‘ ہوئے تھے تب بی جے پی کے لوگوں نے گاڑیاں روکیں، سیاہ پرچم دکھائے۔ آج وہی لوگ کانگریس پر ملک کی بے عزتی کرنے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ ‘‘