دعویٰ کیا کہ کانگریس کے ۷۵ ؍اراکین اسمبلی سمیت مہا وکاس اگھاڑی کے ۱۶۰؍ اراکین منتخب ہونے کی آئی بی کی رپورٹ تھی۔
EPAPER
Updated: October 26, 2026, 3:50 PM IST | Ali Imran | Akola
دعویٰ کیا کہ کانگریس کے ۷۵ ؍اراکین اسمبلی سمیت مہا وکاس اگھاڑی کے ۱۶۰؍ اراکین منتخب ہونے کی آئی بی کی رپورٹ تھی۔
ریاست میں ۲۰۲۴ ءکے اسمبلی انتخابات میں مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت بننے والی تھی۔ یہ دعویٰ کانگریس کے سینئرلیڈر اور رکن اسمبلی نانا پٹولے نے کیا ہے۔ ان کے مطابق سرکاری ایجنسیوں نے ایک اہم رپورٹ دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ کانگریس کے ۷۵ ؍ اراکین اسمبلی سمیت مہاوکاس اگھاڑی کے مجموعی طور پر ۱۶۰ ؍ امیدوار کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے یہ سنسنی خیز دعویٰ بھی کیا کہ اس سلسلے میں ایک اہم رپورٹ ’انٹیلی جنس بیورو‘ (آئی بی) نے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو دی تھی۔ نانا پٹولے ضلع اکولہ کی بالاپور تحصیل کے واڑے گاؤں میں کانگریس لیڈر پرمود ڈونگرے کی جانب سے منعقدہ دھمّ چکر پریوَرتن دن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
ناناپٹولے نے الزام لگایا کہ ووٹنگ کے دن شام پانچ بجے کے بعد ووٹنگ کے اعداد و شمار میں فرضی اضافہ کرکے مہاراشٹر میں مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت بننے سے روکنے کی سازش کی گئی۔ انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ آنے والے وقت میں مہنگائی میں زبردست اضافہ ہوگا اور پیٹرول کی قیمتیں ۴۰۰؍روپے فی لیٹر کی حد سے بھی تجاوز کر سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: بیاول : آر ایس ایس کے جلوس کے راستے پر تنازع میں پتھراؤ
کانگریس چھوڑنے والے ملک کے ۵؍ سابق وزرائے اعلیٰ کی پارٹی میں واپسی کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے۔ ان میں مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوہان کا نام بھی زیرِ بحث ہے۔ اس معاملے پر بڑا بیان دیتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ اشوک چوہان کے تعلق سے ریاست کے کانگریسی کارکنوں کے دلوں میں شدید ناراضگی ہے۔ ان کے مطابق ملک میں سیاسی ماحول تبدیل ہونا شروع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے کئی لوگ اب کانگریس کے اصل دھارے میں واپس آنے کے خواہش مند ہیں۔ تاہم اشوک چوہان اور دیگر لیڈروںکی کانگریس میں واپسی کے بارے میں حتمی فیصلہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت ہی کرے گی۔
دوسری جانب، ضلع رائے گڑھ کے کرجت میں مجوزہ آبی ذخیرے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبے کیلئے جاری جنگلات کی کٹائی پر بھی نانا پٹولے نے حکومت کو سخت انتباہ دیا ہے۔ اس منصوبے کی صلاحیت ۳؍ لاکھ میگاواٹ بتائی جا رہی ہے جبکہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس کیلئے ۳۵؍ہزار سے زیادہ درخت کاٹے جائیں گے۔ نانا پٹولے نے دعویٰ کیا کہ اس منصوبے کی ٹھیکیدار کمپنی ’ٹورینٹ‘ کے سربراہ میہتا نامی شخص کے قریبی تعلقات مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مودی حکومت اور فرنویس حکومت کو مہاراشٹر کو بنجر علاقہ نہیں بنانے دیں گے۔ نانا پٹولے نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر کرجت میں درختوں کی کٹائی نہیں روکی گئی تو کانگریس وہاں بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔