• Tue, 27 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اُترپردیش میں سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے اتحاد سے بی جے پی حواس باختہ ہے‘‘

Updated: October 27, 2026, 12:34 PM IST | Abdullah Arshad | Luckhnow

ریاست میں نقلی پوسٹرس پر اکھلیش کی تنقید،۲۰۰؍سیٹوں کے مطالبے کو کانگریس نے بھی بی جے پی کی سازش قرار د یا، کہا: ہم نے ایساکوئی پوسٹر جاری نہیں کیا۔

An image of the poster that bears no one`s name. Photo: INN
اُس پوسٹر کا عکس جس میں کسی کا نام نہیں ہے۔ تصویر: آئی این این

راجدھانی سمیت رائے بریلی، بارہ بنکی، امیٹھی اور آس پاس کے اضلاع کے چوراہوں اور بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں کانگریس کا پوسٹر لگا ہوا دیکھا گیا جس پر لکھا ہوا ہے کہ ’۲۰۰؍ سیٹ پر حق ہے ہمارا، یوپی کو ہے راہل گاندھی پر بھروسہ‘ یہ پوسٹر ایسے وقت میں لگائے گئے ہیں جب کانگریس کی جانب سے اسمبلی الیکشن کیلئے سماجوادی پارٹی سے دو سو سیٹوں کا مطالبہ کئے جانے کی بات کہی جارہی ہے۔ حالانکہ ان پوسٹروں کے بارے میں کانگریس کی جانب سے صفائی دی گئی ہے کہ پارٹی کی جانب سے ایسا کوئی بھی پوسٹر جاری نہیں کیا گیا ہے۔ اس درمیان اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے اتحاد سے بی جے پی خوف زدہ ہے جس کی وجہ سے وہ فرضی لوگوں کی مدد سے نقلی پوسٹر لگوا رہی ہے، انھوں نے کہا کہ جب کانگریس پوسٹر لگوانے سے انکار کررہی ہے تو جس نے پوسٹر اور ہورڈنگ لگوائی ہے اسکے خلاف کارروائی ہونی چاہئے کیونکہ اس سے سرکاری خزانہ کا نقصان ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبہ یونین کی بحالی پر تعطل برقرار

اترپردیش کانگریس آفس کے آس پاس اور دوسرے اضلاع میں آج صبح کانگریس پارٹی کی ایک ہورڈنگ لگی ہوئی پائی گئی ہے، اس پوسٹر میں سونیا گاندھی، پرینکا گاندھی کے علاوہ راہل گاندھی کی بڑی سی تصویر کے علاوہ ریاستی انچارج راجندر پال گوتم ریاستی صدر اور ممبر اسمبلی آرادھنا مشرا مونا اور کارگزار ریاستی صدرعمران مسعود کی تصویر لگی ہوئی ہے ۔  اس پوسڑ میں یہ بھی نہیں لکھا ہوا ہے کہ یہ  پوسٹر کس کی جانب سے لگایا گیا ہے ۔

پوسٹر ایسے وقت میں لگایا گیا ہے جب کانگریس اور سماجوادی پارٹی کی جانب سے سیٹ شیئرنگ کی بات چیت ابھی شروع بھی نہیں ہوئی ہے۔ کانگریس کے ریاستی انچارج راجندر پال گوتم کی جانب سے سماجوادی پارٹی کو تقریباً دو سو سیٹوں کی فہرست دیئے جانے کی بات کہی جارہی ہے لیکن کانگریس کی ریاستی ترجمان اور میڈیا شعبہ کی نائب صدر پرینکا گپتا نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا ہے، نہ ہی کوئی پوسٹر یا بینر جاری کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK