Inquilab Logo Happiest Places to Work

کوکن : شدید بارش کے سبب سیلابی صورتحال،معمولات زندگی درہم برہم،ٹریفک نظام متاثر

Updated: June 20, 2025, 1:43 AM IST | Ratnagiri

اہم ندیاں خطرے اور انتباہی نشان کے اوپر بہہ رہی ہیں۔نا گو ٹھنہ اور کھیڈ میں سیلابی پانی داخل۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے کشتیاں تعینات کیں ۔اہم پلوں پر پولیس کی نگرانی۔مہا بلیشور تا پوڈ ے روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ

Part of the sunken road in Mahabaleshwar
 مہابلیشورکی دھنسی ہوئی سڑک کا حصہ

خطہ کوکن کے  رائے گڑھ اور رتنا گیری اضلاع میں گزشتہ۲۴؍گھنٹوں سے  موسلا دھار بارش جاری ہے، جس  سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ کئی گاؤں میں سیلابی صورتحال ہے۔ محکمہ موسمیات نے  رائے گڑھ اور رتنا گیری اضلاع کیلئے  آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ یہاں شدید بارشیں ہو رہی ہیں۔انتظامیہ نے   خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں بارش کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ اسلئے  انتظامیہ نے بھی ضلعوں کے  کچھ تعلقوں میں اسکولوں و کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
ندیوں کی سطح میں تیزی سے اضافہ
 روہا کی کنڈلیکا ندی اور کھالاپور میں  پاتال گنگا ندی بھی خطرے کی سطح کو عبور کرچکے ہیں، جبکہ ناگوٹھنہ میں امبا ندی خطرے کے  نشان پر پہنچ گئی ہے۔مہا ڈ میں بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور یہاں کی مشہور ساوتری ندی کی سطح آب انتباہی نشان کو چھو چکی ہے۔رتناگیر ی ضلع کے کھیڈ میں واقع معروف جگبڈی ندی خطرے کے نشان کے اوپر بہہ رہی ہے۔ناگوٹھنہ  اور کھیڈ میں سیلابی پانی داخل ہونے سے ہا ہا کار مچ گیا ہے۔سڑکوں پر گھٹنوںتک  پانی جمع ہونے سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔ اس پس منظر میں ضلع انتظامیہ بھی الرٹ موڈ پر ہے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں کو بھی تیار رکھا گیا ہے، ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئےنا گوٹھنه میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے کشتیاں تعینات کر دی ہیں ۔ ساحلی علاقوں میں ماہی گیروں اور مقامی شہریوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
@اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان
 رائے گڑھ ضلع میں  محکمہ موسمیات کی  جانب سے  تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کرنے  کے بعد ضلع انتظامیہ نے احتیاطی طور پر رائے گڑھ ضلع کے علی باغ، روہا، تلہ، مہاڈ، پولاد پور اور مروڑ تعلقہ کے تمام میڈیم کے اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ البتہ اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ کو اسکولوں میں  حاضر رہنے کا حکم دیا ہے۔اس ضمن میں بلاک ایجوکیشن افسر نے بتایا کہ  ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ۲۰۰۵ء کے مطابق اگر اسکولوں اور کالجوں میں شدید بارشوں یا ہنگامی حالات میں چھٹی دی جاتی ہے تو یہ صرف طلباء کے تحفظ کے لیے دی جاتی ہیں۔ ایسے میں ہنگامی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لئے اساتذہ کا اس عرصے کے دوران اسکول میں موجود رہنا ضروری ہے۔ ضلع کلکٹر کشن جاولے نے  بھی اس سلسلے میں سرکاری طور پر واضح جانکاری دی ہے۔
@موسلا دھار بارش سے ٹریفک متاثر
 رائے گڑھ ضلع میں جاری موسلادھار بارش سے سڑکوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے پالی پولیس تھانے کے حدود میں واقع پالی کھپولی روڈ پر امبا  ندی کا پانی  آ جانے سے یہ روڈ ٹریفک کےلئے بند کر دیا گیا ہے۔ اس سڑک پر انہیرے پھاٹا کے مقام پر پل کے قریب ندی کا پانی دونوں طرف سے داخل ہوگیا ہے اور یہاں کے مرکزی پل پر سے پانی بہنا شروع ہوگیا ہے۔ اس لئے حفاظتی نقطہ نظر سے دونوں جانب کی ٹریفک  روک  دی گئی ہے ۔ کسی بھی حادثے سے بچنے کے لئے جائے وقوع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ دوسری طرف سدھاگڑھ تعلقہ کے کھراوالے پھاٹا پر بھیراو گاؤں کی طرف جانے والی اندرونی سڑک پر  بنے پل  پر بھی پانی بھر جانے کی وجہ سے  یہ پل ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔روہا کی کنڈلیکا  ندی پل پر بھی سماجی کارکن بلال مور بیکر اور پولیس اہلکار تعینات ہیں یہ لوگ  عوام کو با رش اور ندی میں پانی کی تازہ صورت حال سے آگاہ کر رہے ہیں۔
@کھیڈ، کی جگبوڈی ندی میں سیلاب اور علاقے میں پانی
 کھیڈ تعلقہ کے گھاٹ والے علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے جگبوڈی ندی نے وارننگ کی سطح کو عبور کر لیا ہے۔ ندی کا سیلابی پانی مارکیٹ کے علاقے میں داخل ہونے سے شہری خاصے پریشان ہیں۔ کھیڈ میونسپل کونسل نے فوری الرٹ نوٹس جاری کیا ہے۔ حالانکہ کھیڈ شہر میں فی الحال بارش قدرے کم ہو رہی ہے لیکن شہر کے پہاڑیوں پر ہو رہی شدید بارش کی وجہ سے ندی کے پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
 کئی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
 دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے۲۰؍ جون سے۲۲؍جون کے  درمیان پونے، ستارا، کولہاپور اور ناسک اضلاع میں گھاٹوں پر بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ان علاقوں میں درمیانی سے بھاری بارش ہونے کی توقع ہے۔ ناسک ضلع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، دھولیہ ،جلگاؤ ں ،نندور بار  میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔  مراٹھواڑہ اور مدھیہ مہاراشٹر کے اضلاع احمد نگر، سولاپور، سانگلی، ستارا، پونے، کولہاپور کے ساتھ ساتھ چھترپتی سمبھاجی نگر، بیڑ، لاتور، ناندیڑ، ہنگولی اور پربھنی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے۔ خاص طور پر بتایا  گیا ہے کہ لاتور میں۲۰؍ جون کو گرج چمک کے ساتھ بھاری بارش کا امکان ہے۔۔ محکمہ موسمیات نے ودربھ کے اکولا، امراوتی، ناگپور، وردھا، يوت محل، گوندیا، بھنڈارا، گڈچرولی اور واشیم اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش کی بھی وارننگ دی ہے۔ اس پس منظر میں محکمہ موسمیات نے کسانوں اور شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
@مہا بلیشور میں لینڈ سلائڈنگ۔اہم راستہ بند۔
 ستارا ضلع میں  مہابلیشور، پنچ گنی،  بامنولی اور کاس علاقوں میں گزشتہ دو دنوں سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ اس تیز بارش نے پورے شہر میں تباہی مچا دی ہے۔ مہابلیشور تعلقہ کے مولیشور اور کروشی گاؤں میں چند مکانات کی دیواریں گر گئی ہیں۔اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ دریں اثنا، مہابلیشور تاپوڈ ے اس اہم سڑک پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے راستے کا ایک بڑا حصہ دھنس گیا ہے۔  مہابلیشور مغربی مہاراشٹر کا پرکشش سیاحتی مقام ہے جو موسلادھار بارش کی زد میں آ گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مہابلیشور سے  تاپوڈ ے کو جوڑنے والی مرکزی سڑک پر جمعرات کی صبح   لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور سڑک کا ایک بڑا حصہ بہہ گیا ہے جس سے دونوں طرف سے ٹریفک مکمل طور پر مسدود ہے۔ جس سے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

rain Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK