• Tue, 28 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوکرین: چرنوبل کے کتے پراسرار طور پر نیلے پڑنے لگے، وائرل ویڈیوز اور تصاویر پر دنیا حیران

Updated: October 28, 2025, 6:03 PM IST | Kyiv

’ڈاگز آف چرنوبل‘ نامی گروپ نے سوشل میڈیا پر چند ویڈیوز پوسٹ کئے ہیں جن میں دکھائے گئے کئی کتوں کی کھال پر گہرا نیلا رنگ دیکھا جاسکتا ہے۔

Viral Photo of Affected Dogs. Photo: X
متاثرہ کتوں کی وائرل تصویر۔ تصویر: ایکس

موجودہ یوکرین میں واقع چرنوبل کے جوہری تباہی کے مقام کے قریب رہنے والے کتے پراسرار طور پر نیلے پڑ گئے ہیں۔ اس پراسرار تبدیلی نے سائنسدانوں اور ماہرین کو حیران کر دیا ہے۔ چرنوبل کے ممنوعہ علاقے میں تقریباً ۷۰۰ آوارہ کتوں کی نگرانی کرنے والے گروپ، ’ڈاگز آف چرنوبل‘ نامی گروپ نے سوشل میڈیا پر چند ویڈیوز پوسٹ کئے ہیں جن میں دکھائے گئے کئی کتوں کی کھال پر گہرا نیلا رنگ دیکھا جاسکتا ہے۔ ان میں سے ایک کتا مکمل طور پر نیلا نظر آ رہا تھا۔

گروپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ”گزشتہ ہفتے وہ (متاثرہ کتے) نیلے نہیں تھے۔ ہمیں اب تک اس تبدیلی کی وجہ معلوم نہیں ہوپائی ہے۔“ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ جانچ کیلئے ان جانوروں کو پکڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دیکھ بھال کرنے والے ماہرین کو شبہ ہے کہ کتوں کا کسی نامعلوم کیمیائی مادے سے رابطہ ہوا ہوگا، لیکن ابھی تک کوئی واضح وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

واضح رہے کہ ’ڈاگز آف چرنوبل‘ غیر منافع بخش ادارے ’کلین فیوچرز فنڈ‘ سے وابستہ ہے اور ۲۰۱۷ء سے علاقے کے کتوں کو خوراک اور طبی دیکھ بھال فراہم کر رہا ہے۔ کتوں کی کھال کے رنگ میں اس اچانک تبدیلی نے انٹرنیٹ پر بحث کو جنم دیا ہے۔ جہاں کچھ صارفین نے اس تبدیلی پر تشویش کا اظہار کیا، وہیں دیگر صارفین نے اشارہ کیا کہ شاید یہ نیلا رنگ ”بیرونی آلودگی“ کا نتیجہ ہے جسے دھویا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سینیگال : اسٹریٹس اور سڑکوں کے نام رکھنے میں خواتین کو نظر اندازکرنے پر تنظیموں کا احتجاج

جوہری تابکاری کے باوجود زندگی

واضح رہے کہ ۱۹۸۶ء میں جوہری سانحہ کے بعد چرنوبل کے علاقے کو انسانوں سے خالی کرا لیا گیا تھا۔ اس کے بعد، ۳۰ کلومیٹر کے قطر والے چرنوبل ممنوعہ زون (سی ای زیڈ)، کتوں اور دیگر جنگلی حیات کا گھر رہا ہے۔ انسانوں کیلئے محفوظ حد سے چھ گنا زیادہ تابکاری کی سطح کے باوجود، جانوروں نے حیرت انگیز طور پر یہاں کے ماحول کے مطابق خود کو ڈھال لیا ہے۔ ۲۰۲۴ء کی ایک تحقیق میں انکشاف ہوا تھا کہ چرنوبل کے کتوں میں منفرد جینیاتی تبدیلیاں (mutations) پیدا ہو چکی ہیں جو انہیں تابکاری، بھاری دھاتوں اور آلودگی کے خلاف زیادہ مزاحم بناتی ہیں۔ تاہم، ان کی کھال کا نیلا رنگ اب بھی ایک معمہ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK