بودھنا کی حالیہ فتح نے ماہرین کو حیران کر دیا ہے کیونکہ موزیچک کی فیڈے ریٹنگ (۲۴۸۵) ان کی ریٹنگ سے تقریباً ۲۸۰ پوائنٹس زیادہ تھی۔
EPAPER
Updated: October 21, 2025, 5:03 PM IST | Athens
بودھنا کی حالیہ فتح نے ماہرین کو حیران کر دیا ہے کیونکہ موزیچک کی فیڈے ریٹنگ (۲۴۸۵) ان کی ریٹنگ سے تقریباً ۲۸۰ پوائنٹس زیادہ تھی۔
۱۰ سالہ ہند نژاد برطانوی کھلاڑی بودھنا شیوانندن نے ایک سابق عالمی چیمپیئن کو شکست دے کر شطرنج کے میدان میں تاریخ رقم کر دی ہے۔ نوعمر کھلاڑی نے یونان کے روڈس میں ہونے والے یورپی کلب کپ میں یوکرین کی گرینڈ ماسٹر اور ۲۰۱۵ء کی ورلڈ چیمپئن ماریہ موزیچک کو ہرا دیا۔ اس فتح کے ساتھ، بودھنا، ایک عالمی شطرنج چیمپیئن کو شکست دینے والی دنیا کی سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئی ہے۔
۲۰۱۵ء میں لندن میں پیدا ہونے والی بودھنا کے والدین تمل ناڈو کے تروچراپلی سے تعلق رکھتے ہیں۔ کووڈ-۱۹ کے لاک ڈاؤن کے دوران، صرف پانچ سال کی عمر میں بودھنا نے شطرنج کھیلنا شروع کیا۔ اس کا یہ شوق جلد ہی ایک جنون میں بدل گیا جس نے بودھنا کی زندگی کو بدل کر رکھ دیا۔ ۲۰۲۴ء میں، ۹ سالہ بودھنا نے ویمن فیڈے ماسٹر (ڈبلیو ایف ایم) کا خطاب حاصل کیا اور ایک سال بعد، محض دس سال کی عمر میں، اس نے اپنا پہلا ویمن گرینڈ ماسٹر (ڈبلیو جی ایم) نارم حاصل کیا۔ اس طرح بودھنا نے چینی کھلاڑی ہو یفان کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ۲۰۲۵ء کے شروع میں، وہ گرینڈ ماسٹر پیٹر ویلز کو شکست دینے والی سب سے کم عمر کھلاڑی بھی بن گئی جس پر اسے ویمن انٹرنیشنل ماسٹر (ڈبلیو آئی ایم) کا خطاب ملا۔
یہ بھی پڑھئے: مدویدیف کا الماتے اوپن ٹینس خطاب پر قبضہ
بودھنا کی حالیہ فتح نے ماہرین کو حیران کر دیا ہے کیونکہ موزیچک کی فیڈے ریٹنگ (۲۴۸۵) ان کی ریٹنگ سے تقریباً ۲۸۰ پوائنٹس زیادہ تھی۔ بودھنا نے ’دی سنڈے ٹائمز‘ کو بتایا کہ ”یہ ایک زبردست تجربہ تھا۔ میں اس فتح پر خوش ہوں۔ مجھے امید ہے کہ میں مستقبل کے مقابلوں میں اس سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کروں گی۔“
برطانوی گرینڈ ماسٹر ڈیوڈ ہاویل نے بودھنا کی ”ناقابل یقین“ کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ وہ باصلاحیت نوجوان برطانوی کھلاڑیوں کی ایک ”نئی نسل“ کی نمائندگی کرتی ہے جن میں شریاس روئل، سوپراتیت بنرجی اور ایتھن پینگ شامل ہیں۔