آج فارم پُرکرنےکا آخری دن، نیٹ ورک اور ۲۴؍ گھنٹے بجلی نہ ہونے سے امیدوار شہری علاقوں میں جاکر درخواست فارم پُر کرنے پر مجبور، تعلیمی تنظیموں کا فارم پُر کرنے کی مدت میں ۱۰؍ سے ۱۵؍دنوں کی توسیع کا مطالبہ۔
EPAPER
Updated: August 13, 2026, 11:14 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
آج فارم پُرکرنےکا آخری دن، نیٹ ورک اور ۲۴؍ گھنٹے بجلی نہ ہونے سے امیدوار شہری علاقوں میں جاکر درخواست فارم پُر کرنے پر مجبور، تعلیمی تنظیموں کا فارم پُر کرنے کی مدت میں ۱۰؍ سے ۱۵؍دنوں کی توسیع کا مطالبہ۔
ریاست بھر میں ۳۰؍ہزار سے زیادہ اساتذہ کی میگا بھرتی کا عمل تکنیکی دشواریوںکی وجہ سے سست روی کا شکار ہے۔پوتر پورٹل ویب سائٹ کے کام نہ کرنے سے بالخصوص دیہی علاقوں کے امیدوار بہت پریشان ہیں ۔ ایک تو ویب سائٹ نہیں چل رہی ہے دوسرے نیٹ ورک اور ۲۴؍ گھنٹے بجلی نہ ہونے سے امیدوار شہری علاقوں میں جاکر درخواست دینے پر مجبور ہیں۔ان دشواریوں کی وجہ سے اب بھی ہزاروں امیدوار درخواست نہیں دے سکے ہیں جبکہ آج( جمعرات) کو فارم پر کرنے کی آخری تاریخ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امبرناتھ اور الہاس نگر میں جینس واشنگ کے ۱۹؍ کارخانوں کو نوٹس
اساتذہ کی میگا بھرتی کی متعلقہ ویب سائٹ کی سست رفتاری سے امیدوار اپنا ترجیحی آرڈر پُر نہیں کر پا رہے ہیں کیونکہ انہیں اوٹی پی نہیں مل پا رہا ہے۔ تقریباً ایک لاکھ ۷۰؍ ہزار اہل اُمیدوار بھرتی کے منتظر ہیں لیکن تکنیکی مسائل کی وجہ سے ضلع پریشد، میونسپل کارپوریشن، پرائیویٹ ایڈیڈ اورامداد یافتہ آشرم اسکولوں کیلئے لاگ ان کرنے کے بعد ترجیحی آرڈر جنریٹ نہیں ہو پا رہا ہے۔ سمبھاجی مور ے نامی ایک اُمید وار نے بتایا کہ’’ متعلقہ ویب سائٹ کی سست رفتاری سے درخواست کاعمل پورا کرنے میں بڑی دقت ہو رہی ہے ۔ ۳؍ سے ۴؍ گھنٹے کے انتظار کے بعد موبائل نمبر پر او ٹی پی آ رہا ہے ۔جس کی وجہ سے فارم پُر کرنے میں بڑی دشواری ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اولا اوبر ڈرائیوروں کیلئے بھی مراٹھی جاننا لازمی
شہری علاقوں سے قطع نظر دیہی علاقوں میں بجلی سپلائی کے متاثر ہونے اور نیٹ ورک نہ ملنے سے بھی بڑی پریشانی ہو رہی ہے ۔ جن علاقوں میں ۲۴؍ گھنٹے بجلی کی فراہمی نہیں ہے، وہاں کے اُمیدوار شہری علاقوں میں درخواست فارم بھرنے جا رہے ہیں،جس کی وجہ سے ان کا وقت ضائع ہونے کے ساتھ انہیںسفر پر ہونے وا لے اخراجات کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق ایک ہی وقت میں لاکھوں اُمیدواروں کے استعمال کرنے کی وجہ سے ویب سائٹ دھیمی رفتار سے چل رہی ہے ۔ تعلیمی تنظیموں نے فارم پُر کرنے کی مدت میں ۱۰؍ سے ۱۵؍دنوں کی توسیع کامطالبہ کیا ہے جبکہ مہاراشٹراسٹیٹ ایگزامینیشن کونسل نے ۱۳؍اگست تک فارم پُر کرنے کی ہدایت جاری کی ہے لیکن ابھی بھی ہزاروں امیدوار درخواست نہیں دے سکے ہیں اس لئے محکمہ تعلیم کوا س پر غورکرنا چاہئے۔