Inquilab Logo Happiest Places to Work

کمار منگلم برلا نے آر ایس ایس کو ’’قوم سازی‘‘ کی ’’مضبوط قوت‘‘ قرار دیا

Updated: June 06, 2026, 7:02 PM IST | Nagpur

آدتیہ برلا گروپ کے چیئرمین کمار منگلم برلا نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم نے آزادی سے قبل کے دور سے لے کر قدرتی آفات اور قومی بحرانوں تک ہر مرحلے پر ملک اور سماج کا ساتھ دیا ہے۔ آر ایس ایس کے کارکن تربیتی کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کی تعمیر اور ملک کی ترقی میں تنظیم کا کردار نہایت اہم ہے۔

Kumar Mangalam Birla (centre) during the ceremony. Photo: X
کمار منگلم برلا (درمیان میں) تقریب کے دوران۔ تصویر: ایکس

ہندوستان کے معروف صنعت کار اور آدتیہ برلا گروپ کے چیئرمین کمار منگلم برلا نے جمعرات کو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ملک اور سماج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے کردار اور قوم سازی میں اس کی شراکت کے بارے میں ان کا یقین وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہوا ہے۔ کمار منگلم برلا نے ان خیالات کا اظہار آر ایس ایس کے ’’کاریکرتا وکاس ورگ ۲‘‘ تربیتی کیمپ کی اختتامی تقریب میں کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور قومی تعمیر کے عمل میں آر ایس ایس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی شخص تنظیم کے کام، ڈھانچے اور سرگرمیوں کا غیر جانبدارانہ مشاہدہ کرے گا، وہ اس کے نظم و ضبط، وسعت اور خدمات سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے گا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ نے رواں سال ۱۱۷۴؍ ہندوستانیوں کو ملک بدر کیا: وزارت خارجہ

انہوں نے آر ایس ایس کے وسیع نیٹ ورک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی ملک بھر میں تقریباً ۸۳؍ ہزار شاخیں سرگرم عمل ہیں، جبکہ اس سے وابستہ رضاکاروں کی تعداد ۶۰؍ لاکھ کے قریب ہے۔ برلا کے مطابق آر ایس ایس اور اس سے منسلک ادارے ایک لاکھ ۷۷؍ ہزار سے زائد سماجی و فلاحی اقدامات چلا رہے ہیں، جو مختلف شعبوں میں عوامی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ کمار منگلم برلا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’۸۳؍ ہزار شاخیں، ۶۰؍ لاکھ رضاکار، ایک لاکھ ۷۷؍ ہزار خدمت کے منصوبے اور بے شمار تنظیمیں ایک ہی سمت میں کام کر رہی ہیں۔ یہ واقعی ایک غیر معمولی مثال ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’آزادی سے قبل کے دور سے لے کر زلزلوں، سونامی اور ملک کو درپیش بے شمار دیگر چیلنجز تک، آر ایس ایس ہمیشہ ملک اور معاشرے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: راجیش ایکسپورٹس کا بُراحال، ۹۹؍ فیصد آمدنی فرضی ہونے کا شبہ، پروموٹر پر پابندی

صنعت کار نے اس بات پر زور دیا کہ آر ایس ایس صرف ایک تنظیم نہیں بلکہ ایک ایسی سماجی قوت ہے جس نے مختلف ادوار میں قومی یکجہتی، سماجی خدمت اور عوامی فلاح کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق قدرتی آفات، ہنگامی حالات اور مشکل اوقات میں تنظیم کے رضاکاروں نے امدادی اور بحالی کے کاموں میں فعال حصہ لیا، جس کے باعث عوام میں اس کی ایک منفرد شناخت قائم ہوئی۔ برلا کے بیان کو سیاسی اور سماجی حلقوں میں اہمیت دی جا رہی ہے، کیونکہ ملک کے بڑے صنعتی گروپوں میں شمار ہونے والے آدتیہ برلا گروپ کے سربراہ کی جانب سے آر ایس ایس کی کھل کر تعریف ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب تنظیم اپنی صد سالہ تقریبات اور توسیعی سرگرمیوں کے مختلف مراحل سے گزر رہی ہے۔ مبصرین کے مطابق ان کا یہ بیان آر ایس ایس کی سماجی اور قومی سطح پر موجودگی اور اثر و رسوخ کے حوالے سے ایک اہم اظہارِ خیال سمجھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں،۹؍آزاد تجارتی معاہدوں کی امید

تقریب کے دوران آر ایس ایس کے کارکنوں اور عہدیداروں نے بھی تنظیم کی مختلف سرگرمیوں، تربیتی پروگراموں اور سماجی خدمت کے منصوبوں کا جائزہ پیش کیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم مستقبل میں بھی قومی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور عوامی خدمت کے میدان میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK