آج سے صفائی عملہ علامتی احتجاج کرےگا۔بی ایم سی نے ٹینڈر منسوخ نہیں کیاتو ۱۷؍جون کو میونسپل ہیڈآفس پر آگے کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیاجائے گا
EPAPER
Updated: June 12, 2025, 11:06 AM IST | Mumbai
آج سے صفائی عملہ علامتی احتجاج کرےگا۔بی ایم سی نے ٹینڈر منسوخ نہیں کیاتو ۱۷؍جون کو میونسپل ہیڈآفس پر آگے کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیاجائے گا
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی ) نے ۱۴؍مئی ۲۰۲۵ءکو ایک ٹینڈر جاری کیاتھا جس کی وجہ سے سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کی معرفت موٹرلوڈر، ٹرانسپورٹ اور صفائی عملے کی ملازمت ختم ہونے کا اندیشہ ہے۔ ان کے کاموںکو نجی اداروں کے ذریعے ٹھیکہ پر کروانےکامنصوبہ ہے جس کے خلاف بی ایم سی کامگار سنگٹھنا سنگھرش سمیتی نے بڑے پیمانےپر احتجاج کرنےکیلئے بدھ کو دادر کے شیواجی مندر ہال میں ایک میٹنگ منعقد کی جس میں جمعرات ۱۲؍جون (آج) سے علامتی احتجاج شروع کرنے کافیصلہ کیاگیا۔
مذکورہ ادارہ کے رماکانت بننے نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ بی ایم سی کے مذکورہ عمل کے خلاف ہم نے جمعرات سے علامتی احتجاج شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے جس کےمطابق مذکورہ محکموں کے ملازمین جن کی ڈیوٹی علی الصباح ۸؍بجے سے دوپہر ۲؍بجے ہوتی ہے ،وہ اب ساڑھے ۱۰؍بجے جو، ان کا سرکاری لنچ ٹائم ہے، متعلقہ وارڈ آفس کی کینٹین میں کھاناکھانے جائیں گے ، پہلے یہ ملازمین متواتر کام کرتے تھے، ڈیوٹی ختم ہونے کےبعد دوپہر کا کھانا کھاتے تھے تاکہ صبح کے اوقات میں صفائی وغیرہ کاکام متاثر نہ ہولیکن اب ایسا نہیں ہوگا،۱۶؍ جون تک یہ علامتی احتجاج جاری رہےگا۔ ۱۷؍جون کو ہم بی ایم سی ہیڈآفس پر جمع ہوں گے ۔اگر اس دوران بھی بی ایم سی نے مذکورہ ٹینڈر واپس نہیں لیاتو آئندہ کالائحہ عمل طے کیا جائے گا۔‘‘
واضح رہےکہ بی ایم سی سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ میں کام کرنے والے موٹر لوڈر ورکرس اور ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے ملازمین کا مستقل کام چھیننے کی کوشش کررہی ہے اور یہ کام نجی ٹھیکیداروں کے ذریعے کروانے کا اراد ہ ہے۔ اگر مذکورہ ٹینڈر منسوخ نہ کیا گیا تو تمام ورکرس اور ملازمین کی نوکریاں ختم کر دی جائیں گی۔
سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ میں ایریا بیس کے نام سے پورے موٹر لوڈر اور ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کا کام ٹھیکیدار کو دینے کیلئے۱۵؍مئی کو ای ٹینڈر جاری کیاتھا۔بی ایم سی نے صفائی کیلئے میکینکل جھاڑو کا استعمال بھی شروع کر دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں اس بات کا قوی امکان ہے کہ موجودہ سسٹم بند ہو جائے گا اور سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ میں کام کرنے والوں کی ملازمتیں ختم ہو جائیں گی۔ اس لئے اب کارکنوں کے پاس ایک ہی متبادل بچا ہے اور وہ ہے آر پارکی جنگ اور آنے والے بحران کے خلاف کارکنوں میں بیداری لانا ہوگا تب ہی ٹینڈر کو منسوخ کروانےمیں کامیابی ملے گی۔