امریکی وفاقی جج نے ٹرمپ کو لاس اینجلس میں نیشنل گارڈ تعینات کرنے سے روک دیا، حکم نامے میں کیلیفورنیا نیشنل گارڈ کی کمان گورنر گیون نیوزم کو واپس دینے کی ہدایت دی ۔
EPAPER
Updated: June 13, 2025, 7:06 PM IST | Washington
امریکی وفاقی جج نے ٹرمپ کو لاس اینجلس میں نیشنل گارڈ تعینات کرنے سے روک دیا، حکم نامے میں کیلیفورنیا نیشنل گارڈ کی کمان گورنر گیون نیوزم کو واپس دینے کی ہدایت دی ۔
ایک وفاقی جج نے جمعرات کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو کیلیفورنیا میں امیگریشن کے خلاف احتجاج کے درمیان کیلیفورنیا نیشنل گارڈ کو وفاقی تحویل میں لینے اور لاس اینجلس میں فوجی دستے تعینات کرنے سے روک دیا۔ امریکی ڈسٹرکٹ جج چارلس بریئر نے عدالتی حکم (انجنکشن) جاری کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں لکھا، ’’ان کے اقدامات غیرقانونی تھے نہ صرف انہوں نے اپنی قانونی اختیارات سے تجاوز کیا بلکہ امریکی آئین کی دسویں ترمیم کی بھی خلاف ورزی کی۔‘‘جج نے مزید کہا: ’’مدعا علیہم (ٹرمپ انتظامیہ) کو عارضی طور پر لاس اینجلس میں کیلیفورنیا نیشنل گارڈ کے اراکین کو تعینات کرنے سے روک دیا جاتا ہے۔ مدعا علیہم کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ کیلیفورنیا نیشنل گارڈ کی کمان گورنر گیون نیوزم کو واپس دیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: لاس اینجلس میں عراق وشام سے بھی زیادہ فوجی تعینات
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں لاس اینجلس میں کشیدگی بڑھنے پر کیلیفورنیا نیشنل گارڈ کے ۲۰۰۰؍اراکین کو وفاقی تحویل میں لینے کا حکم دیا تھا۔ صدر نے لاس اینجلس میں غیر دستاویزی تارکین وطن کی نشاندہی اور حراست کیلئے امیگریشن اینڈ کسٹم انفورسمنٹ کے چھاپوں میں مدد کے لیے مزید ۲۰۰۰؍نیشنل گارڈ اراکین اور ۷۰۰؍امریکی میرین کی تعیناتی کی بھی منظوری دی تھی۔ یہ عدالتی حکم۱۳؍ جون تک مؤثر رہے گا تاکہ دونوں فریق عدالت میں اپنے دلائل اور اپیل جمع کرا سکیں۔ جج نے دونوں فریقوں کی جانب سے موقف پیش کرنے کیلئے۲۰؍ جون کی سماعت طے کی ہے۔