داخلہ کی کارروائی کیلئے رجسٹریشن کا اعلان کیاگیاتھا جبکہ باقاعدہ رجسٹریشن کا عمل ۲۱؍مئی سے شروع ہونے والا ہے۔ طلبہ اور والدین کو کالجوں، سائبر سینٹروںاورسماجی تنظیموں کے دفاتر کےباہرگھنٹوں انتظارکےبعدمایوس لوٹنا پڑا
EPAPER
Updated: May 19, 2025, 10:43 PM IST | Mumbai
داخلہ کی کارروائی کیلئے رجسٹریشن کا اعلان کیاگیاتھا جبکہ باقاعدہ رجسٹریشن کا عمل ۲۱؍مئی سے شروع ہونے والا ہے۔ طلبہ اور والدین کو کالجوں، سائبر سینٹروںاورسماجی تنظیموں کے دفاتر کےباہرگھنٹوں انتظارکےبعدمایوس لوٹنا پڑا
ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے گیارہویں جماعت میں داخلہ کیلئے مبینہ طورپرواضح معلومات فراہم نہ کئے جانے سے طلبہ اور والدین کو شدید پریشانیوں کاسامنا کرنا پڑرہاہے۔پیر کوجونیئر کالجوں، سائبر سینٹروں اور سماجی تنظیموں کے دفاتر جہاںداخلہ کیلئے رجسٹریشن کروانےکی سہولیات مہیا کرائی گئی ہیں، وہاں طلبہ اور والدین کی بھیڑ صبح سے نظرآئی ،بعدازیں محکمہ تعلیم نے ۲۱؍ مئی سے باقاعدہ رجسٹریش شروع کرنے کا اعلان کیا جس کی وجہ سے انہیں مایوس ہوکر گھرلوٹناپڑا۔ واضح رہےکہ محکمہ تعلیم نے ۱۹؍مئی سے طلبہ کے رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کا اعلان کیاتھا جس کی وجہ سے پیر کی صبح ۹؍بجے سے طلبہ کی بھیڑ ہوگئی لیکن ۱۲؍ بجے اسکولوں اور کالجوں کے وہاٹس ایپ گروپ میں پیر سے ۲؍ روزہ مشقی رجسٹریشن اور باقاعدہ رجسٹریشن ۲۱؍مئی سے شروع کئے جانے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد طلبہ اور والدین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
مورلینڈروڈ ،نیانگر کی رتبہ تاج محمد چودھری نے بتایاکہ ’’ہمیں یہ بتایاگیاتھاکہ پیر ۱۹؍مئی سے ایف وائی جے سی داخلہ کیلئے طلبہ کے رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگا جس کے مطابق پیرکو ایک سائبر سینٹر میں رجسٹریشن کروانے گئی ، جہاں دیگر طلبہ بھی قطار میں کھڑے تھے۔ کافی دیر بعد پتہ چلاکہ فی الحال ۲؍دنوں کیلئے مشقی رجسٹریشن کی کارروائی شروع کی گئی ہےتاکہ طلبہ رجسٹریشن کی مشق کرسکیں۔ان دودنوںمیں جو طلبہ رجسٹریشن کرائیں گے ،ان کی تفصیلات منگل کو متعلقہ ویب سائٹ سے ڈیلیٹ کردی جائیں گی اور ۲۱؍مئی سے باقاعدہ رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جائے گا۔ اس وجہ سے میں نے اپنا رجسٹریشن نہیں کرایااور گھر لوٹ آئی ،اب بدھ کو رجسٹریشن کرائوں گی۔‘‘
ناگپاڑہ پرواقع سیم کمپیوٹر کے مالک اشفاق انصاری نےبتایاکہ ’’ گیارہویں میںداخلہ سےمتعلق واضح معلومات فراہم نہ کئے جانے سے طلبہ اورسرپرستوںکو سخت پریشانی ہورہی ہے۔ پہلے یہ کہاگیاتھا کہ پیر ۱۹؍مئی سے طلبہ کے رجسٹریشن کاعمل شروع ہوگالیکن پیر کو ۱۱؍بجے جب ہم نے رجسٹریشن کیلئے متعلقہ ویب سائٹ کا معائنہ کیاتوپتہ چلاکہ پیر اور منگل کو مشقی رجسٹریشن کاعمل جاری رہے گا،۲۱؍مئی سے باقاعدہ رجسٹریشن کیاجائے گا۔ طلبہ اور سرپرست صبح ۹؍بجے سےہمارے سائبر سینٹرپر رجسٹریشن کیلئے دوردراز علاقوں سے آکر سخت گرمی میں کھڑے تھے۔ محکمہ تعلیم کی بدنظمی سے طلبہ اور والدین کوشدید پریشانیوں کا سامنا کرناپڑا۔ ‘‘
دریں اثناء ڈائریکٹر آف ایجوکیشن ( سیکنڈری) مہیش پالکر نے گیارہویں جماعت میںداخلہ سےمتعلق پائی جانے والی پیچیدگیوں کو دور کرتے ہوئے کہاہےکہ ’’ فرسٹ ایئر جونیئر کالج میں داخلہ کے خواہاں طلبہ کو ریاست بھر کے کسی بھی کالج کو منتخب کرنے کا اختیار ہوگا جبکہ داخلہ کی درخواست آن لائن جمع کروائی جائےگی کیونکہ آن لائن سینٹرلائزڈ ایڈمیشن پروسیس(سی اے پی ) کو ریاست بھر میں توسیع دی گئی ہے۔ ایک ہی وقت میں اگر کوئی امیدوار تصدیق کے وقت درست مارک شیٹ سمیت معاون دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہتا ہے، اسے داخلے کے آخری دور تک اس عمل سے روک دیا جائے گا۔امسال ریاست بھر میں گیارہویں کے داخلے آن لائن سی اے پی کے ذریعے کئےجائیں گے، اس سے قبل ۵؍ ڈیویژن — ممبئی میٹروپولیٹن ریجن، پونے-پمپری چنچوڑ، ناگپور، ناسک، اور امرائوتی تک یہ عمل محدود تھالیکن داخلہ کے عمل میں یکسانیت اور شفافیت لانے کے مقصد سے، اب سبھی ۹؍ ڈیویژن میں آن لائن داخلے کئے جائیں گے۔‘‘ انہو ں نے یہ بھی بتایاکہ ’’پہلے مرحلے میں،داخلے کیلئے طلبہ کو\
https://mahafyjcadmission. in/landing
پر رجسٹریشن کیلئے ۱۹؍اور ۲۰؍مئی کو مشق کرنی ہےجبکہ باقاعدہ رجسٹریشن کا عمل ۲۱؍ مئی سے شروع ہوکر ۲۸؍مئی تک جاری رہے گا۔ درخواست کے اندراج کی تکمیل کے بعد عارضی میرٹ لسٹ ۳۰؍ مئی کو اور حتمی میرٹ لسٹ ۲؍ جون کوجاری ہوگی۔ میرٹ کی بنیاد پر سیٹ الاٹمنٹ کا راؤنڈ ۵؍ جون سے شروع کیاجائے گا۔ اس کے بعد امیدواروں کے پاس داخلے کی تصدیق کیلئے ۱۲؍ جون تک کا وقت ہوگا۔اگر کسی امیدوار کو پہلی ترجیحی کالج میں سیٹ الاٹ کی جاتی ہے تو اسے داخلے کی تصدیق کروانی ہوگی۔ اگر وہ داخلہ نہیں لیتا ہے تو وہ الاٹ کی گئی سیٹ سے محروم ہو جائے گا اور اسے اگلے راؤنڈ میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ ۱۴؍ جون کو اگلے راؤنڈ کا آغاز ہوگا۔ دستیاب نشستوںکے مطابق داخلوں کے متعدد راؤنڈز کا انعقاد کیاجائے گا۔ اس سب کے بعد ایک خصوصی ’سب کیلئے کھلا‘ خصوصی راؤنڈمنعقدکیاجائے گا۔
امسال گیارہویں میں داخلے کیلئےہیلپ لائن نمبر
۸۵۳۰۹۵۵۵۶۴؍ جاری کیاگیاہے۔ امیدواراس پر کال کرسکتے ہیں۔