Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹی بی کی دوائوں کی سپلائی میں کمی،مریض پریشان

Updated: August 20, 2023, 9:43 AM IST | saadat khan | Mumbai

ٹی بی سینٹروں پر جون سےدوا نہ ہونے سے متعدد مریض علاج ترک کرنے پرمجبور، ڈپٹی ایگزیکٹیو ہیلتھ آفیسر نےمسئلہ جلد حل کرنے کا یقین دلایا

TB patients are facing problems due to lack of medicines. (File Photo)
ٹی بی کے مریضوں کو دوائیں نہ ملنے کے سبب دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔(فائل فوٹو)

:ایک طرف مرکزی حکومت ۲۰۲۵ء  تک ملک سے ٹی بی ختم کرنے کا دعویٰ کررہی ہے  تو دوسری جانب ممبئی کے سبھی وارڈ کی ٹی بی کلینک، ڈسپنسریوں ،اسپتالوں اور ڈاٹ سینٹروںپر جو ن سے ٹی بی کےعلاج کی متعدد دوائوں کے نہ ہونے سے مریض پریشان ہیں۔ ٹی بی کی ان دوائوں کے مہنگی ہونے سے غریب مریض دوا خرید نہیں پا رہےہیں۔میونسپل یونین نے اس ضمن میں بی ایم سی کے ایڈیشنل میونسپل کمشنر(ہیلتھ ) اور ہیلتھ ایگزیکٹیو آفیسر سے دوائیں دستیاب کرانےکی اپیل کی ہے۔ممبئی ٹی بی ڈپارٹمنٹ کی ڈپٹی ایگزیکٹیو ہیلتھ آفیسر کےمطابق دوائوں کے ٹینڈر میں ہونےوالی تاخیر سے یہ پریشانی ہورہی ہے۔
 واضح رہےکہ ٹی بی کےمرض کاعلاج کرنے کیلئے پابندی سے دوا کھانےکی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کی تلقین ٹی بی کا علاج کرنےوالے ڈاکٹر مریضوں سے کرتےہیں۔ ایک دن بھی دوا کاناغہ نہ کرنےکی تاکید کی جاتی ہےلیکن جن ٹی بی کے دواخانوں سے مریضوںکو اس طرح کی ہدایت دی جاتی ہےان دواخانوں میں ہی ٹی بی کی دوائیں دستیاب نہیں ہیں جس کی وجہ سے ٹی بی کے مریضوں کا پابندی سے علاج نہیں ہو پارہاہے۔اس تعلق سے دی میونسپل یونین نے ایڈیشنل میونسپل کمشنر سدھاکر شندے اور ہیلتھ ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر دکشا شہا کو مکتوب دے کر ٹی بی کی دوائوںکو جلد ازجلد ٹی بی سینٹروںمیں دستیاب کرانے کی اپیل کی ہے۔
۳؍دواؤں کی زیادہ قلت!
 یونین کے سیکریٹری رماکانت بنے نےانقلاب کوبتایاکہ ’’ ٹی بی سے متاثرہ مریضوںکو بی ایم سی کے ممبئی ڈسٹرکٹ ٹی بی کنٹرول سینٹر سے علاج کیلئے Linezolid,Clofazimine.,Cycloserine,BDQ, Levofloxcine/Moxifloxacin نامی دوائیں دی جاتی ہیں۔ ان میں سے پہلی ۳؍دوائیں ٹی بی کےدواخانوںمیںمطلوبہ تعداد میں جون سے دستیاب نہیں ہیں۔ ان دوائوں کی کمی سے مریضوںکو ضرورت کےمطابق دوا نہیں مل رہی ہے۔ اس کی وجہ سے مریضوںکے علاج میں دقت آرہی ہے۔ ان دوائوںکےنہ ملنےسے ٹی بی کےمریض باہر سے دواخریدنے پرمجبور ہیں۔ ان دوائوںکےمہنگا  ہونے سے غریب مریض پریشان ہیں۔مہینے بھر کی دوائیں تقریباً ۴؍ہزار روپے کی ہیں۔جو مریض مہنگی دوا نہیں خرید سکتے ان کا مجبوراً ان کاعلاج رک جا رہا ہے ۔‘‘ 
کورس پورا نہ ہونے پر دوبارہ علاج کرانا ہوگا
  ایک مضافاتی علاقے کے ٹی بی سینٹر انچارج نے بتایاکہ ’’ جون کےمہینے سے مذکورہ ۳؍دوائوں کا ذخیرہ ختم ہے ۔متعددمرتبہ کی یاددہانی کےباوجود ابھی تک دوائیں نہیں آئی ہیں۔ اس کی وجہ سے ہمارے علاقےکےکئی مریضوںکا علاج رک گیاہے۔ علاج رکنے سے ان کا مرض بڑھ رہاہے ۔کچھ مہینوں بعدان کی تکلیف بڑھ جائے گی تب وہ دوبارہ علاج شرو ع کریںگے۔لیکن اس کی پوری ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔ ٹی بی کی دوائوں کا خاطرخواہ ذخیرہ ہوناچاہئے تاکہ مریضوںکو پابندی سے دوائیں دی جاسکیں۔ لیکن ایسانہیں ہور ہا ہے ۔ حد تو یہ ہےکہ ہمیںبعض مرتبہ شارٹ ایکسپائر ی کی دوائیں دی جاتی ہیں جنہیں مریض کو دینا خطرےسے خالی نہیں ہے ۔ان سب مسائل کوترجیحی بنیاد پر حل کرنے کی ضرور ت ہے۔‘‘
آفیسر کی یقین دہانی
      ممبئی ٹی بی ڈپارٹمنٹ کی ڈپٹی ایگزیکٹیو ہیلتھ آفیسرڈاکٹر ورشا پوری سے اس بارےمیں استفسار کرنے پرانہوںنےکہاکہ ’’ ایسانہیں ہےکہ مذکورہ ۳؍ دوائوں کا ذخیرہ بالکل ختم ہوگیاہے۔یہ ضرور ہےکہ ان دوائوںکی کمی ہے ۔ اس کےباوجود مریضوںکو ان دوائوں کانعم البدل یعنی دیگر دوائیں دے رہےہیں۔ دراصل ان دوائوںکاٹینڈر دہلی سے پاس ہوتاہے ۔ ٹینڈ ر پاس ہونے میں تاخیر ہونے سے دوائوںکی سپلائی میں کمی آئی ہے لیکن اب یہ مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ دہلی سےدوائیں روانہ ہوچکی ہیں۔۱۴؍ اگست کو دوائیں  آنےوالی تھیں لیکن یوم آزادی کی چھٹی کی وجہ سے دوانہیں آسکی ۔ اُمید ہےکہ ایک ۲؍دن میں سبھی دوائیں آجائیں گی اور مریضوں کو پیش آنے والی دشواریاں بھی ختم ہو جائیںگی۔

hospital Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK