Inquilab Logo

لکھیم پور: آشیش مشراکو ۱۴؍ دنوں کی عدالتی تحویل، کسانوں کیخلاف بھی ایف آئی آر

Updated: October 11, 2021, 10:13 AM IST | Agency | Lakhimpur Kheri

دوسری ایف آئی آر پر کئی سوال ، مظاہرین پر بی جےپی کارکنوں پر حملے کا الزام توعائد کیاگیا ہے مگر یہ نہیں لکھا گیا کہ انہوں  نے کسانوں پر گاڑی چڑھائی تھی

UP police taking Ashish Mishra to court from Crime Branch office.Picture:PTI
یوپی پولیس آشیش مشرا کو کرائم برانچ کے آفس سے عدالت میں لے جاتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

کسانوں پر گاڑی چڑھا کر انہیں قتل کرنے کے کلیدی ملزم  آشیش مشرا کو ۱۰؍ گھنٹوں کی پوچھ تاچھ  کے بعد سنیچر کو دیر رات گرفتار کرنے  والی یوپی پولیس کی خصوصی ٹیم ان کا ریمانڈ حاصل نہیں کرسکی۔کورٹ نے انہیں  ۱۴؍ دنوں کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔ استغاثہ  کے سینئر افسر ایس پی یادو نے  خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ  رات ۱۲؍ بجے کے آس پاس ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے کرائم برانچ میںآشیش مشرا کی طبی جانچ کی جس کے بعد انہیں مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیاگیا۔ افسر کے مطابق کورٹ نےانہیں  ۱۴؍ دنوں کیلئے عدالتی تحویل میں رکھنے کا حکم دیاہے۔ 
پولیس ریمانڈ پر پیر کو شنوائی
  انہوں نےبتایا کہ پولیس نے آشیش عرف مونو کا ریمانڈ حاصل کرنے کی درخواست دی ہے جس پر پیر کو ۱۱؍ بجے شنوائی ہوگی۔ آشیش مشرا خصوصی تفتشی ٹیم  کے سامنےویڈیو اور حلف ناموں  کی شکل میں  اپنے حق میں ثبوت لے کر پہنچے تھے مگروہ  اس سوال کا  اطمینان بخش جواب نہیں  دے سکے کہ جس وقت کسان گاڑیوں  سے کچلے گئے اس وقت وہ کہاں تھے۔ 
کسانوں کے خلاف ایف آئی آر پر سوال
  اس بیچ لکھیم پور کھیری پولیس نے ۳؍ ستمبر کے سانحہ  میں بی جےپی کے کارکنوں کی موت کے تعلق سےجو ایف آئی آر درج کی ہے اس میں  اس بات کاذکر ہی نہیں ہے کہ مارے گئے افردا نے کسانوں پر گاڑی چڑھائی تھی۔ ایف آئی آر  کے مطابق زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں میں موجود ’’شر پسند عناصر‘‘ نے  بی جےپی کارکنوں پر حملہ کیا جو ایس یو وی کار پر سوار  تھے۔ ایف آئی آر میں اس کا بھی ذکر نہیں ہے کہ کار میں اس وقت مرکزی وزیر کےبیٹے آشیش مشرا موجو د تھے یا نہیں ۔  یہ ایف  آئی آر بھی حالانکہ ۴؍ اکتوبر کو ہی  درج کر لی گئی تھی مگر اس کے مشمولات اتوار کو منظر عام پر آئے ہیں۔
’جب تک  اجےمشرا وزیر ہیں، انصاف ممکن نہیں‘
  بیٹے کی گرفتاری کے باوجود مرکزی وزارت سے اجے مشرا کے مستعفی نہ ہونے پر تنقیدیں  ہو رہی  ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ نے ان کے  استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے استعفیٰ  تک  انصاف  ہو پانا ممکن نہیں  ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK