جرمنی میں جاری ہائیلو اوپن ۲۰۲۶ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں لکشیا سین نے آل انڈین مقابلے میں کرن جارج کو شکست دے کر مردوں کے سنگلز کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
EPAPER
Updated: October 30, 2026, 7:03 PM IST | New Delhi
جرمنی میں جاری ہائیلو اوپن ۲۰۲۶ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں لکشیا سین نے آل انڈین مقابلے میں کرن جارج کو شکست دے کر مردوں کے سنگلز کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
جرمنی میں جاری ہائیلو اوپن ۲۰۲۶ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں لکشیا سین نے آل انڈین مقابلے میں کرن جارج کو شکست دے کر مردوں کے سنگلز کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ پی وی سندھو، انمول کھرَب اور انّتی ہڈا نے بھی خواتین کے سنگلز کے آخری آٹھ میں جگہ بنالی۔ عالمی رینکنگ میں ۱۴؍ویں نمبر اور ساتویں سیڈ لکشیا سین کو عالمی نمبر ۵۵؍ کرن جارج نے تین گیم تک سخت مقابلہ دیا، لیکن ۵۴؍ منٹ تک چلے مقابلے میں لکشیا نے۱۵۔۲۱، ۲۱۔۱۸، ۱۲۔۲۱؍ سے کامیابی حاصل کی۔ پیرس ۲۰۲۴ء اولمپکس کے سیمی فائنلسٹ لکشیا نے پہلا گیم جیتنے کے بعد دوسرے گیم میں ۱۰۔۱۵؍ کی برتری حاصل کرلی تھی، لیکن کرن نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اسکور ۱۵۔۱۵؍ سے برابر کردیا اور گیم جیت کر مقابلہ فیصلہ کن گیم تک پہنچا دیا۔ لکشیا نے تیسرے گیم میں دوبارہ اپنی رفتار حاصل کی اور کرن کے خلاف نو مقابلوں میں آٹھویں کامیابی درج کی۔ اب سپر ۵۰۰؍ ٹورنامنٹ کے مردوں کے سنگلز میں لکشیا ہندوستان کے واحد کھلاڑی باقی رہ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:زیوریو۲؍ نومبر کو عالمی نمبر ایک بن جائیں گے
دوسری سیڈ پی وی سندھو نے خواتین کے سنگلز کے پری کوارٹر فائنل میں فرانس کی روزی اوکتاویا پنکاساری کو صرف ۲۶؍ منٹ میں۹۔۲۱، ۶۔۲۱؍ سے شکست دی۔ سندھو کا اگلا مقابلہ کوارٹر فائنل میں ڈنمارک کی امالی شولز سے ہوگا۔ اس دوران انمول کھرَب نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے ڈنمارک کی تیسری سیڈ اور عالمی نمبر ۱۲؍ لائن کرسٹوفرسن کو۲۱۔۱۱، ۱۸۔۲۱، ۲۳۔۲۵؍ سے شکست دی۔ عالمی نمبر ۵۳؍ ہندوستانی کھلاڑی نے پہلا گیم ہارنے کے بعد شاندار واپسی کی اور ۶۳؍ منٹ تک چلے سخت مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔ کوارٹر فائنل میں ان کا سامنا ہم وطن انّتی ہڈا سے ہوگا، جنہوں نے ڈنمارک کی فریڈرکے اوسٹرگارڈ کو۱۱۔۲۱، ۱۹۔۲۱؍ سے شکست دی۔ دوسری جانب مالویکا بنسود کو کینیڈا کی وین یو ژانگ نے ۱۱۔۲۱، ۱۷۔۲۱؍ سے شکست دی، جبکہ ایشارانی باروا کو آٹھویں سیڈ ڈنمارک کی لائن ہویارک کجیرسفیلڈٹ کے ہاتھوں ۱۴۔۲۱، ۱۹۔۲۱؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔