ہندوستان کے اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیا سین نے شاندار کھیل اور غیر معمولی حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کے کوکی واتانابے کو شکست دے کر کما موٹو ماسٹرس جاپان بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا خطاب جیت لیا۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 5:07 PM IST | Tokyo
ہندوستان کے اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیا سین نے شاندار کھیل اور غیر معمولی حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کے کوکی واتانابے کو شکست دے کر کما موٹو ماسٹرس جاپان بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا خطاب جیت لیا۔
ہندوستان کے اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیا سین نے شاندار کھیل اور غیر معمولی حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کے کوکی واتانابے کو شکست دے کر کما موٹو ماسٹرس جاپان بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا خطاب جیت لیا۔ اتوار کو کھیلے گئے مردوں کے سنگلز فائنل میں آٹھویں سیڈ لکشیا سین نے پہلا گیم ہارنے کے باوجود زبردست واپسی کی اور میزبان ملک کے کھلاڑی کو ۱۳۔۲۱، ۲۱۔۱۸ اور ۲۱۔۱۴؍سے شکست دی۔ ایک گھنٹہ اور چار منٹ تک جاری رہنے والے اس سنسنی خیز مقابلے میں کامیابی کے ساتھ لکشیا نے نہ صرف خطاب اپنے نام کیا بلکہ ایک نئی تاریخ بھی رقم کردی۔ وہ کما موٹو ماسٹرس ٹورنامنٹ کے ۲۰۲۳ میں آغاز کے بعد اس کا خطاب جیتنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
🏆 GOLDEN GLORY! 🇮🇳✨ What a moment of pride! Lakshya Sen conquers the Kumamoto Masters Japan 2026, bringing home the championship with a sensational performance! 🔥 https://t.co/R6QmeACTvd
— BAI Media (@BAI_Media) November 15, 2026
فائنل مقابلے میں جاپان کے کوکی واتانابے نے اپنے گھریلو میدان اور شائقین کی حمایت کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور لکشیا سین کو سنبھلنے کا زیادہ موقع نہیں دیا۔ واتانابے نے تیز اسماش اور بہترین نیٹ پلے کی مدد سے پہلا گیم ۲۱۔۱۳؍ سے جیت کر برتری حاصل کر لی۔پہلا گیم ہارنے کے بعد لکشیا سین نے اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کی اور دوسرے گیم میں زیادہ اعتماد اور جارحیت کے ساتھ کھیلنا شروع کیا۔ انہوں نے ابتدائی مرحلے میں ہی ۰۔۵؍ کی برتری حاصل کرلی۔ ہندوستانی کھلاڑی نے اپنے حریف کو نیٹ کے قریب کھیلنے کا موقع کم دیا اور مسلسل بہترین شاٹس لگائے۔ دوسرے گیم میں لکشیا نے ایک موقع پر ۱۰۔۱۹؍کی مضبوط برتری حاصل کرلی تھی، لیکن واتانابے نے مسلسل سات پوائنٹس حاصل کرکے مقابلے کو دلچسپ بنادیا۔ اس مرحلے پر لکشیا نے دباؤ میں بھی اپنا حوصلہ برقرار رکھا اور اہم پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے دوسرا گیم ۲۱۔۱۸ سے جیت کر مقابلہ برابر کردیا۔
تیسرے اور فیصلہ کن گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ابتدائی پوائنٹس میں دونوں نے ایک دوسرے کو سخت چیلنج دیا، لیکن ۵۔۵ کے اسکور کے بعد لکشیا سین نے اپنی رفتار بڑھاتے ہوئے برتری حاصل کرنا شروع کردی۔ انہوں نے بہترین دفاعی کھیل کے ساتھ موقع ملتے ہی جارحانہ اسمیش لگائے اور جاپانی کھلاڑی کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔لکشیا نے وقفے تک ۱۱۔۷ ؍کی برتری حاصل کرلی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی برتری کو مزید مستحکم کیا اور ایک موقع پر ۱۷۔۷ ؍کے اسکور تک پہنچ گئے۔ واتانابے نے آخری لمحات میں واپسی کی کوشش کرتے ہوئے اسکور ۱۳۔۱۹ ؍تک پہنچایا، لیکن لکشیا نے مسلسل دو اہم پوائنٹس حاصل کرکے فیصلہ کن گیم ۲۱۔۱۴ ؍سے جیت لیا اور کما موٹو ماسٹرس کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔
یہ بھی پڑھئے:ہندوستانی فلموں نے بولنا سیکھا تو اُردو زبان ہی کا سہارا لیا
لکشیا سین کی یہ کامیابی اس لیے بھی خاص ہے کہ انہوں نے رواں ماہ جرمنی میں ہائلو اوپن کا خطاب جیتنے کے بعد مسلسل دوسرا بی ڈبلیو ایف سپر ۵۰۰ ؍ٹورنامنٹ اپنے نام کیا ہے۔ یہ ان کے کریئر میں پہلی مرتبہ ہے جب انہوں نے ایک ہی سیزن میں دو بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور خطاب مسلسل جیتے ہیں۔ کما موٹو ماسٹرس کی کامیابی ان کا مجموعی طور پر چھٹا بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور خطاب ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ لکشیا سین گزشتہ سال اسی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک پہنچے تھے، لیکن اس مرتبہ انہوں نے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بناتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی اور خطاب جیت کر تاریخ رقم کردی۔
کما موٹو ماسٹرس میں کامیابی کے ساتھ لکشیا سین کو ۹۲۰۰ ؍رینکنگ پوائنٹس حاصل ہوئے ہیں۔ اس سے بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور فائنلس ۲۰۲۶ ءمیں جگہ بنانے کی ان کی امیدیں کافی مضبوط ہوگئی ہیں۔ ٹورنامنٹ سے پہلے وہ ریس ٹو فائنلس کی فہرست میں ۶۴ ؍ہزار ۹۸۰؍ پوائنٹس کے ساتھ ۱۲ ؍ویں مقام پر تھے جبکہ خطاب جیتنے کے بعد ان کے پوائنٹس بڑھ کر ۷۴ ؍ہزار ۱۸۰ ؍ہونے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں وہ عارضی طور پر چھٹے مقام پر پہنچ جائیں گے۔ورلڈ ٹور فائنلس میں جگہ بنانے کے لیے ٹاپ ۸؍کھلاڑیوں میں شامل ہونا ضروری ہے تاہم کوالیفکیشن کی دوڑ ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے، کیونکہ ۱۷ ؍سے ۲۲ ؍نومبر تک ہونے والا ہانگ کانگ اوپن اس سیزن کا آخری کوالیفائنگ ٹورنامنٹ ہے۔ لکشیا سین اب اس مقابلے میں بھی اپنی بہترین کارکردگی برقرار رکھتے ہوئے ہانگژو میں ہونے والے سیزن کے اختتامی ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کرنا چاہیں گے۔
یہ بھی پڑھئے:’ شیئربازار میں اندراج ٹاٹا سنس کے بنیادی فلسفے کو ہی بدل دےگا‘
خطاب جیتنے کے بعد لکشیا سین نے کہا کہ جاپان میں یہ خطاب جیت کر انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔ گزشتہ سال وہ اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک پہنچے تھے، لیکن اس مرتبہ انہوں نے اس سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل دو خطاب جیتنا ان کے لیے خاص کامیابی ہے اور وہ اپنی موجودہ فارم کو آئندہ مقابلوں میں بھی برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔لکشیا نے مزید کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں کئی مقابلوں کے دوران انہیں پہلا گیم ہارنے کے بعد واپسی کرنی پڑی، لیکن انہوں نے خود پر اعتماد برقرار رکھا اور آخری پوائنٹ تک جدوجہد جاری رکھی۔ ان کے مطابق مشکل حالات میں بھی خود پر یقین رکھنا اور کھیل جاری رکھنا ان کی کامیابی کی اہم وجہ رہا۔لکشیا سین کی اس جیت کو ہندوستانی بیڈمنٹن کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔ سال ۲۰۲۶ ؍میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے بین الاقوامی بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور میں مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ لکشیا سین کی مسلسل دوسری سپر۵۰۰ ؍کامیابی نے ہندوستانی بیڈمنٹن کی عالمی سطح پر مضبوط ہوتی ہوئی موجودگی کو مزید نمایاں کردیا ہے۔کما موٹو ماسٹرس کا خطاب جیت کر لکشیا سین نے ثابت کردیا ہے کہ وہ بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں دباؤ برداشت کرنے اور مشکل حالات سے نکل کر کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ اب شائقین کی نظریں ہانگ کانگ اوپن اور بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور فائنلس میں ان کی اگلی کارکردگی پر مرکوز ہیں۔