Inquilab Logo

نتیش کمار کیلئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں : لالو پرساد یادو

Updated: February 16, 2024, 6:39 PM IST | Patna

آج آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے رپورٹرس کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نتیش کمارکیلئے ہمارے دروازے اب بھی کھلے ہوئے ہیں۔ نتیش کمار نے لالو یادو پرساد پر بد عنوانی کا الزام لگا کر واپسی سے انکار کیا۔ جے ڈی یو کے ترجمان نیرج کمارنے کہا کہ لالو جی کہتے ہیں کہ دروازے اب بھی کھلے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہئےکہ دروازہ پر علی گڑھ کا مشہور تالا لگا ہے۔

Nitish Kumar and Lalu Prasad Yadav. Photo: INN
نتیش کمار اور لالو پرساد یادو۔ تصویر: آئی این این

راشٹر یہ جنتادل ( آر جے ڈی)کے صدر نے بہار کے وزیراعلی ٰ نتیش کمارکے تعلق سے، جو ان کے سخت حریف ہیں اور جوحال ہی میں قلیل مدت کے اتحاد کو ختم کر کے بی جے پی کی قیادت میں لوٹ آئے ہیں ، آج کہا کہ ان کیلئےہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ لالو پرسادیادونے، جو نتیش کمار کی رو گردانی کے سبب ان کی پارٹی کے اقتدار سے محروم ہونے کے بعد سے خاموشی اختیار کئے ہوئے، صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی ہے۔ جمعرات کو دونوں لیڈروں کو ودھان سبھا کے احاطے میں گرمجوشی سے مصافہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ جہاں لالو پرساد، جو ۲؍ سال پہلے اپنے گردے کی پیوند کاری کے بعد سے زیادہ تر گھر پر ہی رہتے ہیں، راجیہ سبھا کے اپنے امیدوارمنوج جھا اور سنجے یادو، جنہوں نے کاغزات نامزدگی داخل کئے تھے، کا حوصلہ بڑھانے ودھان سبھا گئے تھے۔ 
جب لالو پرساد سے پوچھا گیا کہ کیااس گرمجوشی کا یہ مطلب ہے کہ وہ اب بھی نتیش کمار سے میل جول کے خواہش مند ہیں جنہوں نے دوسری با ر ان کا ساتھ چھوڑا، جس کی وجہ سے ان کے بیٹے تیجسوی یادو کو دونوں بار نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے سے دستبر دار ہونا پڑا، تو آرجے ڈی کے سربراہ لالو نے کہا کہ پہلے انہیں واپس آنے دو پھر دیکھیں گے۔ جب لالو سے زور دے کر پوچھا گیا کہ کیا ان کے سابق اتحادی نتیش کمار، جنہیں وہ اس وقت سے جانتے ہیں جب ۱۹۷۰ء میں طالبعلمی کے زمانے وہ طلبہ کے لیڈر تھے، کیلئے ان کے دروازے اب بھی کھلے ہیں، تو انہوں نے جواب دیا کہ’’ کھلا ہی رہتا ہے۔ ‘‘دوسری جانب جے ڈی یو کےترجمان نیرج کمارنے کہا کہ ’’ لالو جی کہتے ہیں کہ دروازے اب بھی کھلے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہئےکہ دروازہ پر علی گڑھ کا مشہور تالا لگا ہے۔ ہمارے لیڈر نتیش کمار نے واضح طور پر کہا ہے کہ آر جے ڈی نے جب بھی ہمارے ساتھ اقتدار میں شراکت کی ہے وہ بد عنوانی میں ملوث ہوئے ہیں۔ اب دوبارہ واپس جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK