Inquilab Logo

 لالو یادو سرگرم ، ۲۰۲۴ء میں بی جے پی کا صفایا کر دینے کا نعرہ دیا

Updated: February 26, 2023, 9:44 AM IST | purnia

پورنیہ میں منعقدہ مہاگٹھ بندھن کی ریلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کیا، عوام کو متنبہ کیا کہ ملک انتشار کے دہانے پر پہنچ چکاہے، جمہوریت پر خطرہ منڈلا رہاہے

At the Mahagathbandhan rally in Purnia, all the coalition leaders can be seen on stage. (PTI)
پورنیہ میں مہاگٹھ بندھن کی ریلی میں  تمام اتحادی لیڈروں کو اسٹیج پر دیکھا جاسکتاہے۔ ( پی ٹی آئی)

 پورنیہ میں  آر جے ڈی، جنتادل متحدہ اور کانگریس سمیت دیگر پارٹیوں  کے اتحاد’مہاگٹھ بندھن‘   کی مہاریلی سے  خطاب کرتے ہوئے لالو پرسادو نے سنیچر کو علالت کے باوجود سرگرم ہونے کا اشارہ دیا۔انہوں نے  دہلی سے ویڈیو کانفرنسگ  کے ذریعہ مہاریلی سے خطاب کیا اور  ۲۰۲۴ء کے پارلیمانی الیکشن میں  بہار  سے بی جےپی کا صفایا کردینے کا نعرہ دیا۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے بھی  اس موقع پر خطاب میں بی جےپی کو جم کر نشانہ بنایا اور ملک کو اس سے بچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ 
 ریلی سے لالو کا خطاب 
 مہاگٹھ بندھن کی مہاریلی  سےلالو پرساد یادو نے  ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کیا۔ سنگاپور میں گردے کی پوندکاری اور  طویل علالت کے بعد کسی انتخابی ریلی سے یہ ان کا پہلا خطاب تھا۔ وہ    دہلی میں اپنی بیٹی میسابھارتی کی رہائش گاہ پر مقیم ہیں۔  نقاہت کے باوجود ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لالو نے کہا کہ ’’مجھے خوشی ہے کہ پورنیہ کے رنگ بھومی میدان میں مہاریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔ مہاگٹھ بندھن کی یہ مہاریلی بی جے پی کو حکومت سے ضروربے دخل کرے گی۔‘‘
  انہوں نے کہا کہ’’ ملک ٹوٹنے کے دہانےپر آچکا ہے، آر ایس ایس اور بی جے پی دونوں ایک ہی سکے کے دوپہلو ہیں۔ ملک میں جمہوریت پر خطرہ منڈلا رہا ہے۔‘‘ لالو یادو نے کہا کہ ’’بی جے پی سیاسی پارٹی نہیں ،آرایس ایس کا مکھوٹا ہے ۔  انہوں نے الزام لگایا کہ ’’آرایس ایس جو چاہتی ہے نریندرمودی وہی کرتے ہیں۔مودی حکومت میں کسی کی عزت نہیں ہے۔‘‘ سینئر لیڈر نے اپوزیشن کی پارٹیوں کو تلقین کی کہ ’’ ہم سب ایک ہو کر ملک کو بچانے کیلئے متحد ہو جائیں۔ متحد ہو کر رہیں گے تو ملک بچے گا ورنہ ملک ٹوٹ جائے گا ۔آپ کو یاد ہونا چاہیے کہ بہار میں آر ایس ایس کے رتھ کو میں نے روکا تھا۔ بہار جب جب کروٹ بدلتا ہے تب تب ملک بدلتا ہے اور ملک کے حالات بدلتے ہیں۔‘‘
 تمام ۴۰؍ سیٹیں جیتنے کا عزم
  انہوں نے کہا کہ’’ ہم اور نتیش ایک ہوگئے ہیں۔ جمہوریت بچے گی تبھی سیاست ہوگی ۔ملک اور آئین کو بچانا ہے۔ جب ہم لوگ مل کر کام کریں گے تو یقینا۲۰۲۴ء میں ریکارڈ توڑ جیت ہوگی اور بی جے پی کا خاتمہ ہوجائےگا ۔‘‘ لالو یادو نےکہا کہ ’’آپ لوگ پورنیہ میں  عہد کریں کہ کسی    بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ پوری مضبوطی کے ساتھ لڑیں گے اور بہار کی ۴۰؍کی ۴۰؍ پارلیمانی سیٹوں پر جیت حاصل کریں گے۔‘‘
 بہار میں اچانک سیاسی سرگرمیاں تیز
  بہار میں  سنیچر کو اچانک سیاسی سرگرمیاں  تیز ہوگئیں۔ حکمراں اتحاد ’مہاگٹھ بندھن‘ کی پورنیہ میں مہاریلی ہوئی تو  حزب اختلاف بی جےپی  نے   مغربی چمپارن کے لوریا میں ریلی  کی۔اس دوران    پرشانت کشور  اور  راکیش ٹکیت  نے بھی پروگرامو ں   سے خطاب کیا۔ 
  پورنیہ میں مہا گٹھ بندھن کی ریلی میں  وزیراعلیٰ  نتیش کمار نے کہا کہ مرکز کی بی جےپی حکومت نے بہار کی ترقی کے لیے کوئی کام نہیں کیا ہے۔ بی جےپی ملک کے مفاد میں کام نہیں کررہی ہے۔ بہار میں جتنی مدد کا بھروسہ دیا گیا، وہ آٹھ سال میں پورا نہیں ہوا ۔ اس دوران محض ۵۹؍ ہزار کروڑ کی رقم ملی ہے۔آرجے ڈی لیڈر اور نائب وزیراعلیٰ تیجسوی پرساد یادونے مہاراشٹر اور دوسری ریاستوں میں منتخب حکومتوں کو گرانے اور بی جےپی کی حکومت تشکیل دینے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ’’ بہار کے لوگ بکاؤ نہیں ، ٹکاؤ ہیں۔ ‘‘
   پرشانت کشور بھی سرگرم
 ادھر ’جن سوراج یاترا‘  میں مصروف پرشانت کشور نے سیوان میں وزیراعظم نریندر مودی اور آرجے ڈی سربراہ لالوپرساد یادو کے ساتھ ہی بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کوبھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی جو حالت پہلے تھی ، وہ اب بھی ہے۔ بہار کے لوگوں نے پہلے کانگریس کو اقتدار سونپا، پھر غریب کےبیٹے لالو پرساد کو جتایا، پھر نتیش کمار کو کمان سونپی اور اس دوران نریندر مودی کی دہلی میں حکومت بنوانے کیلئے ووٹ کیا لیکن بہار پسماندگی کے دلدل سے باہر نہیں نکل سکا۔ 
کیمور میں  راکیش ٹکیت کا خطاب
 ان سب کے درمیان بہار کے جنوبی علاقے کیمو ر میں کسان لیڈر راکیش ٹکیت بھی لوگوں سے رابطہ کر رہے ہیں۔دھان کا کٹورہ کہے جانے والے اس علاقے میں سابق ریاستی وزیر زراعت اور آرجے ڈی ایم ایل اے لگاتار کسانوں سے رابطہ میں مصروف ہیں۔ وہ اس دوران وزیراعلیٰ نتیش کمار کو نشانہ بنانا نہیں بھولتے۔  اس لحاظ سے ۲۵؍فروری ۲۰۲۳ء بہار اور شاید ملک کی تاریخ میں اہم دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا کہ اسی دن ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات کا ہر طرف سے بگل بجا ہے۔  یہاں بی جےپی ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے کیوں کہ اس مرتبہ اسے چھوٹی اتحادی پارٹیوں  کے ساتھ اپنے دم خم پر   الیکشن لڑنا ہے۔ 

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK