Inquilab Logo

کلیان میں ٹینڈر سے قبل میدان کی تزئین کاری، شہری انتظامیہ بے خبر

Updated: February 08, 2023, 7:35 AM IST | Ajaz Abdul ghani | Mumbai

کے ڈی ایم سی نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی، عام شہر یوں کا کہنا ہے کہ میونسپل افسران اور ٹھیکیدار کی ملی بھگت ہی سے حفاظتی دیوار کا کام شروع ہوا

Phadke Maidan is being renovated.
پھڑکے میدان میں تزئین کاری کی جارہی ہے۔

 کلیان مغرب میں واقع پھڑکے میدان میں کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی) انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کھدائی کر کے حفاظتی دیوار بنانے کا کام جاری ہے۔اس معاملے میں کے ڈی ایم سی نے بازار پیٹھ پولیس اسٹیشن میں نامعلوم ٹھیکیدار کے خلاف شکایت درج کی ہے۔یہاں چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ میونسپل انتظامیہ نے میدان کی تزئین کاری کو منظوری دی اور اس کیلئے ٹینڈر بھی جاری کیا گیا تھا لیکن کوکن اساتذہ حلقہ کے انتخابات کی وجہ سے مثالی ضابطۂ اخلاق نافذ تھا جس کے  سبب مزید کارروائی نہیں ہوئی اور کوئی ورک آرڈر بھی جاری نہیں کیا گیا تھا۔ میونسپل انتظامیہ سے اجازت نامہ حاصل کئے بغیر پھڑکے میدان میں دیوار کی تعمیر کا کام زور وشور سے جاری ہے لیکن یہ کام کون کررہا ہے؟ ا س سے متعلق میونسپل انتظامیہ لاعلم ہے۔
     کے ڈی ایم سی کی حدود میں بیشتر ترقیاتی کام ٹینڈر جاری نہیں ہو نے کے سبب تعطل کا شکار ہیں۔ دوسری جانب کچھ ترقیاتی کام ٹینڈر اور ورک آرڈر جاری ہو نے سے پہلے ہی مکمل ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ کے ڈی ایم سی انتظامیہ نے کلیان مغرب کے پھڑکے میدان کی تزئین کاری اور مر مت کیلئے ۹۶؍ لاکھ ۷۴؍ ہزار روپے کا فنڈ منظور کر کے ٹینڈر طلب کیا تھا۔
  جنوری میں کوکن اساتذہ حلقہ کا الیکشن ہو نے کی وجہ سے شہر میں مثالی ضابطہ ٔ اخلاق نافذ تھا، اس لئے پھڑکے میدان کی تزئین کاری کا ورک آرڈر جاری نہیں ہو پایا تھا لیکن کسی نامعلوم ٹھیکیدار نے پھڑکے میدان کی کھدائی کر کے حفاظتی دیوار کا کام شروع کردیا ہے۔ جیسے ہی میونسپل  کارپوریشن کو اس کی اطلاع  ملی متعلقہ محکمہ کے افسران نے جائے وقوعہ کا دورہ کر کے اس معاملہ کی بازار پیٹھ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی لیکن یہاں سوال یہ ہے کہ جب حفاظتی دیوار کا کام چل رہا تھا تب میونسپل افسران نے ٹھیکیدار کو کیوں نہیں روکا؟ اب جبکہ حفاظتی دیوار کا کام شروع ہو گیا ہے تب پولیس اسٹیشن میں شکایت در ج کروائی گئی ہے۔ 
 اس بارے میں عام شہر یوں کا کہنا ہے کہ میونسپل افسران اور ٹھیکیدار کی ملی بھگت  ہی سے  ورک آرڈر  جاری  کئے بغیر  حفاظتی دیوار کا کام شروع ہوا ہے اور اب پولیس اسٹیشن میں شکایت کا ڈھونگ رچا کر اپنی خفت مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

kalyan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK