Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: چٹان کھسکنے سے ۶ ؍گھروں کو نقصان، بروقت مکان خالی کر نے سے مکین محفوظ

Updated: July 28, 2025, 5:15 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

گزشتہ ۳؍دنوں  سے جاری موسلادھار بارش سے کچورے ٹیکری کی چٹان کھسکنے سے ۶؍ گھروں کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔

The rear part of the houses located on Tekri collapsed. Photo: Inqilab
ٹیکری پر واقع مکانات کا عقبی حصہ گر گیا۔تصویر:انقلاب

گزشتہ ۳؍دنوں  سے جاری موسلادھار بارش سے کچورے ٹیکری کی چٹان کھسکنے سے ۶؍ گھروں کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ اس حادثہ کی زد میں آنے سے مکیں بال بال بچ گئے کیونکہ انہوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بر وقت مکان خالی کردیا تھا۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ، مقامی پولیس اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیم  جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
 اتوار کی صبح کچورے علاقے میں واقع ٹیکری کی چٹان کھسک گئی۔اس حادثہ میں چٹان پر تعمیر ۶؍ مکانوں کا عقبی حصہ منہدم ہوگیا۔ اچھی بات یہ رہی کہ مکینوں نے چٹان کھسکنے کی آہٹ کو محسوس کرتے ہوئے قبل از وقت گھر خالی کردیا تھا۔اس وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔منہدم مکانوں کے تمام مکینوں کو وہاں سے ایک محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
 جائے وقوعہ سے قریب رہنے والے ریاض شیخ نے بتایا کہ اتوار کی صبح ہورہی تیز  بارش سے کچورے ٹیکری کی مٹی کھسک گئی جس کی وجہ سے ۶؍ مکانوں کا عقبی حصہ گرگیا۔اچھی بات یہ رہی کہ اس وقت گھروں کے اندر کوئی موجود نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال میونسپل انتظامیہ ٹیکری پر رہائش پذیر مکینوں کو اپریل۔مئی میں گھر خالی کرنے کا  نوٹس جاری کرتا ہے۔ لیکن کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہوتی ہے۔
 ساگر سونگھانیکر نے کہا کہ خطرہ ابھی ٹلا  نہیں ہے۔اس پوری بستی میں غریب اور محنت مزدوری کرنے والے لوگ رہتے ہیں۔چونکہ لوگوں کے پاس دوسرا کوئی متبادل نہیں ہے اس لئے  بارش کے موسم میں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر لوگ چٹان پر تعمیر مکانات میں رہنے پر مجبور ہیں۔
 کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن(کے ڈی ایم سی) کی اسسٹنٹ میونسپل کمشنر ہیما ممبرکر نے کہا کہ تمام منہدم شدہ مکانات کو گرایا جارہا ہے۔متاثر ہونے والے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔متاثرہ مکانات کو نہایت ہی احتیاط سے گرایا جارہا ہےتاکہ اطراف کے مکانات کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK