Inquilab Logo Happiest Places to Work

آسام اور اروناچل میں لینڈ سلائیڈ،۱۴؍ افراد ہلاک

Updated: May 31, 2025, 11:41 PM IST | New Delhi

شمال مشرقی ریاست آسام میں شدید بارش سے ۱۰؍ ہزار افراد متاثر ، کامروپ ضلع میں گزشتہ۲۴؍گھنٹوں کے دوران مٹی کے تودے گرنے سے۵؍لوگوں کی موت ، ارونا چل کے کامینگ میںچٹان کھسکنے سے ۹؍ افراد جان کی بازی ہار گئے ،بہار میںندیوں میںطغیانی

NDRF team is taking flood victims stranded in Guwahati to a safe place. (PTI)
گوہاٹی میں سیلاب میں پھنسے متاثرین کو این ڈی آر ایف کی ٹیم محفوظ مقام پرلے جارہی ہے ۔(پی ٹی آئی )

ملک کی شمالی مشرقی ریاستیں، جنوبی ہندکی ریاستیںاوربہارکے کئی اضلاع شدید بارش کی زد پر ہیں۔ نیپال میں بارش کی وجہ سے بہار کے کشن گنج ضلع کی ندیوں میں  طغیانی آگئی ہے۔ کنکئی، پرانی کنکئی اور میچی ندیوں کی سطح آب میں اضافہ ہوا ہے  اور پانی  ندی  کےکنارے واقع نشیبی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے۔ جس کی وجہ سے مکئی اور سبزیوں کی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں ۔  اس دوران مانسون شمال مشرقی ریاستوں تک بھی پہنچ گیا ہے۔ اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، میزورم، سکم میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ آسام میں، کامروپ ضلع میں گزشتہ۲۴؍گھنٹوں کے دوران مٹی کے تودے گرنے  سے۵؍لوگوں کی موت ہو گئی۔ ریاست میں سیلاب سے۱۰؍ہزارافراد متاثر ہوئے ہیں۔ کامروپ میںقومی شاہراہ کی ایک سڑک بہہ گئی ۔
 اروناچل میں اچانک سیلابی مٹی کے تودے گرنے  سے۹؍لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ جمعہ کی دیر رات مشرقی کامینگ ضلع میں قومی شاہراہ نمبر ۱۳؍ کے بانا سیپا سیکشن پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی  جس میں ۲؍ خاندانوں کے ۷؍ افراد ہلاک ہو گئے۔  ان کی گاڑی کھائی میں گر گئی ۔ میزورم کے لانگٹ لائی قصبے میں  تودے گرنے سے ۵؍مکانات اور ایک ہوٹل منہدم ہو گیا۔ سکم میں موسلادھار بارش کے باعث تھینگ اور چنگتھانگ علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے کئی مکانات ملبے تلے دب گئے۔ ہماچل پردیش میں شدید طوفان اور بارش کا الرٹ ہے ۔ 
مئی میں بارش کا نیا ریکارڈ
 مئی میں ما نسون کی آمد نے بارش کا نیا ریکارڈ بنا یا ہے۔ ۳۰؍مئی تک ملک میں ۱۱۶ء۶؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو مئی میں ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ بارش ہے۔ اس سے پہلے کا ریکارڈ ۱۹۹۰ء کا تھا جب ۱۱۰ء۷؍ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ عام طور پر مئی میں اوسطاً۶۱ء۴؍ ملی میٹر بارش ہوتی ہے۔ اس دوران موسمیاتی مرکز جے پور نے ۳۱؍مئی کو ۷؍ اضلاع میں گھن گرج  اور بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ یکم جون کو بھی۱۷؍ اضلاع میں بارش کا الرٹ ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ۲؍جون کو ایک ویسٹرن ڈسٹربنس سرگرم ہوگا جس کی وجہ سے راجستھان کے بیشتر اضلاع میں دو دن تک گھن گرج اور بارش کی سرگرمیاں دوبارہ بڑھ جائیں گی ۔ محکمہ موسمیات  نے مدھیہ پردیش میں بھوپال سمیت ۲۱؍ اضلاع میں الرٹ جاری کیا  ہے۔ 
 نیپال میں بارش کی وجہ سے بہار کے کشن گنج میں ندیوں میںطغیانی ہے ۔ کنکئی، بوڑھی کنکئی اور میچی ندیوں  میں پانی کی سطح بڑھنے سے کسانوں کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ رکسول، مدھوبنی، ارریہ، سپول، کٹیہار اور نوادہ میں سنیچر کو موسلادھار بارش ہوئی جبکہ سہرسہ اور جہان آباد میں بادل چھائے رہے اورسرد ہوائیں چلیں۔ موتیہاری میں صبح سے تیز ہوا چل رہی ہے، ہلکی بوندا باندی بھی ہوئی ہے۔
 ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے سنیچر اور اتوار کو پنجاب میں موسم کے حوالے سے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ ہماچل پردیش سے متصل۷؍ اضلاع میں بارش اور تیز ہوا چلنے کی توقع ہے۔ ریاست میں گزشتہ روز بارش اور تیز ہواؤں کے بعد زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اوسطاً۳ء۲؍ڈگری سلسیس گر گیا  جو معمول سے کم ہے ۔ادھر ہریانہ میں سنیچر کی دوپہر کے بعد موسم بدل گیا۔۸؍ اضلاع میں  شدید بارش شروع ہوگئی۔ ان میں کیتھل، چرکھی دادری، حصار، جند، سرسا، ریواڑی، فتح آباد اور مہندر گڑھ شامل ہیں۔  اس دوران جھجر، سونی پت، روہتک اور فرید آباد میں بادل چھائے رہے۔
ہماچل میں بارش کی   وارننگ 
 ہماچل پردیش میں اگلے ۲؍  دنوں تک شدید بارش کی وارننگ  ہے۔ اس کے پیش نظر سیاحوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو بھی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے ۔ ۳۱؍ مئی سے یکم جون تک شدید بارش کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ کانگڑا، چمبہ، منڈی اور کلّو اضلاع کو ۳۱؍ مئی کو خبردار کیا گیا ہے، جبکہ سولن، سرمور اور شملہ اضلاع میں اتوارکیلئے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ چھتیس گڑھ میںسنیچر کو رائے گڑھ، جانجگیر-چمپا، بلودابازار، رائے پور، مہاسمند، دھمتری، گریابند، کونڈاگاؤں، بستر اور دنتے واڑہ میں شدید بارش کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK