Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی سے ۷۱۲؍عاز مینِ حج کا آخری قافلہ جدہ روانہ

Updated: May 30, 2025, 11:40 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

۲؍پروازوں سے قافلہ روانہ ہوا ۔ ممبئی اور دیگر اضلاع سے بغیر محرم کے۹۲؍خواتین روانہ ہوئیں جبکہ ایسی خواتین کی مجموعی تعداد ۳۲۶۷؍ہے

The Hajj pilgrims departed from Mumbai on two separate flights. (File photo)
ممبئی سے الگ الگ ۲؍پروازوں سےعازمین حج کا قافلہ روانہ ہوا۔(فائل فوٹو)

 ممبئی سے عاز مینِ حج کا آخری جہاز ۳۰؍مئی جمعہ کو جدہ روانہ ہوا۔ جمعہ کو ممبئی سے ۲؍الگ الگ پروازوں سے عازمین کےآخری قافلے کی روانگی عمل میں آئی، اس میں ۷۱۲؍ عازمین شامل تھے ۔ جمعہ کو پہلا جہاز صبح ۵؍بجکر ۵۵؍منٹ پر تو دوسرا  ۱۱؍ بجکر ۵؍ منٹ پرروانہ ہوا۔۳۰؍مئی کو ممبئی ہی نہیں ناگپور امبارکیشن پوائنٹ سے بھی عازمین کا آخری جہاز روانہ ہوا۔ اس طرح ممبئی سے تقریباً ۲۰؍ہزار اور ناگپور سے ۲۱۵۰؍ عازمین حج بیت اللہ کے لئے سرزمین مقدسہ روانہ ہوئے۔ 
 ممبئی سے تقریباً ایک ماہ تک عازمین کی روانگی کا سلسلہ جاری رہا۔ سہار انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جانے والوں میں صرف ممبئی ہی نہیں  مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے بھی عازمین شامل تھے۔آخری جہاز کی روانگی کے ساتھ ہی ممبئی سہار انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا وہ خوش نما منظر بھی ختم ہوگیا جو عازمین کی روانگی کے سبب ایک ماہ سے نظر آتا تھا۔ اب حج بیت اللہ کی سعادت سے سرفراز ہونے کے بعد جب حجاج کےقافلے وطن لوٹیں گے تو وہ روحانی منظر پھر دکھائی دے گا۔ 
 عازمین کی خدمت کے لئے حج کمیٹی کا عملہ بھی سعودی عرب روانہ ہوچکا ہے اور سی ای او شہنواز سی بھی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ اس دفعہ بھی عازمین کی جانب سے رہائش اور دیگر شکایات موصول ہوتی رہیں اور اب بھی ہورہی ہیں۔  حالانکہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے پہلے کہا گیا تھا کہ جو بھی شکایات مل رہی ہیں، قونصل جنرل جدہ برائے ہند کو اس سے مطلع کیاجارہا ہے تاکہ ان کا ازالہ ہوسکے اور عازمین کو سہولت ملے ۔
نُسُک کارڈ ضرور ساتھ رکھنے یاددہانی
 عازمین کو باربار متوجہ کیا جارہا ہے کہ وہ سعودی عرب پہنچتے ہی نُسُک کارڈ ساتھ رکھیں اور اسے گلے میں لٹکائے رہیں ۔اس کی وجہ کچھ عازمین نے فون پریہ بتائی کہ اس کارڈ کے بغیر پولیس اہلکار پکڑلیتے ہیں اورسختی کرتے ہیں۔ اس لئے عازمین اس کا خیال رکھیں اور رہائش گاہ سے باہر نکلتے وقت اسے لازما ساتھ رکھیں۔یہ بھی یاد رہے کہ ملکی سطح پر آج بروز سنیچر آخری جہاز احمدآباد سے اڑان بھرے گا۔ اس طرح ملک بھر سے حج کمیٹی کے ذریعے حج پر جانے والے ایک لاکھ ۲۲؍ ہزار ۵۱۸؍عازمین حج کی روانگی کا عمل مکمل ہوجائیگا۔ 
بغیر محرم کے ۳۲۶۷؍خواتین کی حج پرروانگی 
  اس دفعہ ممبئی اور مہاراشٹر سے بغیر محرم کے ۹۲؍ خواتین حج پرگئی ہیں جبکہ بغیر محرم کے حج پر جانے والی خواتین کی مجموعی تعداد ۳۲۶۷؍ہے۔ اس میں صرف کیرالا سے تعلق رکھنے والی ۲۶۳۸؍ خواتین شامل ہیں، بقیہ کا تعلق ملک بھر سے ہے۔
خدمت کرنے والی تنظیمیں مصروف رہیں
عازمین حج کی ایئرپورٹ پر خدمت کرنے کے لئے اس دفعہ بھی مختلف کمیٹیوں کے اراکین موجود رہے۔ ان سے بات چیت کرنے پر انہوں نے حج کمیٹی کی جانب سے پاس مہیا نہ کرانے کی شکایت کا اعادہ کیا۔  ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ان سب کا مقصد عازمین کی رہنمائی اور ان‌ کی خدمت کرکے ثواب حاصل کرنا اور عازمین سے دعائیں لینا تھا۔ چنانچہ وہ اپنے کام میں لگے رہے اور آخری جہاز کی روانگی کے ساتھ ان کی خدمات بھی مکمل ہوگئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK