ادارےکے زیر اہتمام۴؍اسپتال، ڈائیگنوسٹک اور ڈائلیسس سینٹر جاری ہیںجن میں ۵۵۰؍ افراد اپنی خدمات پیش کررہےہیں
EPAPER
Updated: March 13, 2022, 8:34 AM IST | saadat khan | Mumbai
ادارےکے زیر اہتمام۴؍اسپتال، ڈائیگنوسٹک اور ڈائلیسس سینٹر جاری ہیںجن میں ۵۵۰؍ افراد اپنی خدمات پیش کررہےہیں
: مسلم ایمبولنس سوسائٹی کے ڈائیگنوسٹک سینٹرکی ۳۴؍سالہ طبی خدمات کی تکمیل پر سنیچر کو حاجی محمد حاجی صابوصدیق مسافر خانہ ،کرافورڈمارکیٹ پرادارہ ھٰذا کی نئی ویب سائٹ کا اجراء کیا گیا۔ اس موقع پر ادارہ کے قیام میں اہم رول اداکرنے والے سابق رکن اسمبلی بشیر موسیٰ پٹیل کےعلاوہ ٹرسٹیان اور ذمہ داران موجودتھے۔ سوسائٹی کےصدر ڈاکٹر عبدالرئوف سلیمان سومار کے ہاتھوں مذکورہ ویب سائٹ کا اجراء کیاگیا۔
ویب سائٹ پر مسلم ایمبولنس سوسائٹی سےوابستہ اسپتال ، ڈائیگنوسٹک اور ڈائلیسس سینٹر کےعلاوہ دیگر طبی شاخوں کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں ۔ ساتھ ہی یہاںکے طبی اور غیر طبی عملے کی تعداد اور ان کی خدمات کے تعلق سے معلومات درج کی گئی ہیں۔ جبکہ اس میں ٹرسیٹایان اور ذمہ داران کے بارےمیں بھی اطلاع دی گئی ہے۔ مسلم ایمبولنس سوسائٹی کی مالی اعانت کس طرح آسانی سے کی جاسکتی ہے،اس کی معلومات بھی رقم ہے۔مجموعی طورپر یہاں علاج کیلئے آنےوالے مریضوں کے علاوہ غریب مریضوںکی مدد کرنے والوں کیلئے یہ ویب سائٹ انتہائی اہم و کارآمد ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر سومارنے اپنے خیالات کااظہارکرتےہوئے کہاکہ ’’ مسلم ایمبولنس سوسائٹی ہمارا نہیں پوری قوم کا ادارہ ہے۔ اس کے قیام میں جن خیرخواہوں نے تعاون کیاہے ان کی نیک خواہشات اور دعائوںکا اثر ہےکہ یہ ادارہ ترقی و کامیابی کی جانب گامزن ہے۔ اتوار ۱۳؍مارچ ۱۹۸۸ء کوباضابطہ طورپر مسلم ایمبولنس ڈائیگنوسٹک سینٹرکاقیام معمولی طبی سہولیات کے ساتھ کیا گیا تھا۔سوسائٹی کا افتتاح کانگریس کے سینئر لیڈر سشیل کمارشندے کے ہاتھوں کیا گیاتھا۔ اُس وقت سوسائٹی کےپاس صرف ۸؍ اسٹاف تھے ۔ ان کی مجموعی ماہانہ تنخواہ ۹؍ہزار روپے تھی۔ آج اس ادارہ کے زیر اہتمام۴ ؍ اسپتال، ڈائیگنوسٹک اور ڈائیلاسس سینٹر جاری ہیں۔جن میں ۵۵۰؍ اسٹاف ہے اوران کی تنخواہ ۹۰؍لاکھ روپے ماہانہ ہے۔ہمیں فخر ہےکہ گزشتہ ۳۴؍سال میں اس ادارہ نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ بالخصوص غریب مریضوںکا علاج یہاںآسانی سے ہوجاتاہے۔ عام امراض کے علاوہ گلے کے کینسر کا علاج بھی انتہائی کامیابی اور رعایتی دام پر ہو رہا ہے۔‘‘